بندرگاہوں، جہازرانی اور آبی گزرگاہوں کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
20 NOV 2026 9:23PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 20 نومبر 2026: بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے مرکزی وزیر سربانند سونووال نے آج نئی دہلی کے چانکیہ پوری میں واقع سلطنتِ عمان کے سفارت خانے میں منعقدہ قومی دن کی تقریب میں حکومتِ ہند کی نمائندگی کی۔ جناب سونووال نے اس تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ بھارت میں سلطنتِ عمان کے سفیر عزت مآب عیسیٰ صالح الشیبانی نے سینئر سفارت کاروں، سرکاری عہدیداروں اور دیگر معزز مہمانوں کی موجودگی میں ان کا خیرمقدم کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناب سربانند سونووال نے حکومتِ ہند اور ملک کے عوام کی جانب سے عزت مآب سلطان ہیثم بن طارق، عمان کی حکومت اور وہاں کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے عمان میں مسلسل امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
مرکزی وزیر نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ تقریباً پانچ ہزار برسوں سے جہازراں اور تاجر بحیرہ عرب کو عبور کرتے رہے ہیں۔ اس کے ذریعے قدیم بھارتی بندرگاہوں کے روابط مسقط، صحار اور صلالہ سے جڑے رہے ہیں۔ جناب سونووال نے کہا، "بحیرہ عرب نے ہمارے ممالک کو کبھی الگ نہیں کیا، بلکہ اس نے ہمیشہ ہمیں جوڑے رکھا ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ صدیوں سے جاری ان روابط اور تبادلوں نے دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ سفارتی تعلقات قائم ہونے سے بہت پہلے ہی باہمی اعتماد کی مضبوط بنیاد رکھ دی تھی۔
رواں سال جنوری میں پوربندر سے اپنا پہلا سفر مکمل کرنے کے بعد آئی این ایس وی کونڈنیہ کا استقبال کرنے کے لیے مسقط پہنچنے والے جناب سونووال نے اس جہاز کو بھارت اور عمان کے درمیان صدیوں پرانے بحری، تجارتی اور عوامی روابط کی زندہ علامت قرار دیا۔ یہ جہاز اجنتا کے غاروں میں مصوری کیے گئے پانچویں صدی کے ایک بحری جہاز سے متاثر ہو کر بنایا گیا ہے اور اس کی تعمیر میں روایتی سلائی کی تکنیک کا استعمال کیا گیا ہے۔
جناب سونووال نے دسمبر 2025 میں وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ عمان کے بعد بھارت-عمان اسٹریٹجک شراکت داری کو حاصل ہونے والی نئی رفتار کا ذکر کرتے ہوئے دو اہم حصولیابیوں کی طرف توجہ مبذول کرائی۔ ان میں جون 2026 میں جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے ( سی ای پی اے) کا نفاذ اور بحری تعاون سے متعلق مشترکہ وژن دستاویز کو اپنانا شامل ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ بھارت اور عمان فطری طور پر بحری شراکت دار ممالک ہیں۔ دونوں ممالک ایشیا، افریقہ اور یوروپ کو جوڑنے والے اہم بحری تجارتی راستوں پر اسٹریٹجک لحاظ سے اہم مقامات پر واقع ہیں۔ جناب سونووال نے کہا کہ عمان کی دقم، صحار اور صلالہ بندرگاہوں کو بھارت کے وسعت پذیر بندرگاہوں کے نیٹ ورک سے جوڑ کر تجارتی روابط کو مضبوط کیا جا سکتا ہے اور سپلائی چینوں کو زیادہ لچکدار بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بندرگاہوں پر مبنی ترقی، جہاز سازی اور مرمت، سبز ایندھن، ڈیجیٹل پورٹ سسٹم، بحری تربیت، لاجسٹکس اور نیلی معیشت کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے وسیع امکانات پر بھی زور دیا۔
جناب سونووال نے بحری سلامتی کی اہمیت پر بھی زور دیا اور علاقائی و بین الاقوامی امور میں عمان کے متوازن اور تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے بھارتی شہریوں، بالخصوص بحران میں پھنسے بھارتی جہازرانوں کو مسلسل انسانی امداد فراہم کرنے پر عمانی حکام کا بھارت کی جانب سے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
جناب سربانند سونووال نے دونوں ممالک کے درمیان انسانی روابط کا ذکر کرتے ہوئے عمان میں مقیم تقریباً سات لاکھ ہندوستانیوں کے تعاون کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے ثقافتی ورثے کے تحفظ سے متعلق سرگرمیوں کی تعریف کی، جن میں ’مانڈوی سے مسقط‘ نامی کتاب کی اشاعت اور عمان میں بھارتی خاندانوں سے متعلق ہزاروں تاریخی دستاویزات کی ڈیجیٹلائزیشن شامل ہے۔
جناب سونووال نے عمان کے وژن 2040 اور بھارت کے وکست بھارت 2047 کے درمیان مضبوط ہم آہنگی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عزت مآب سلطان ہیثم بن طارق اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں دونوں ممالک کی شراکت داری بحر ہند کے خطے میں باہمی اعتماد، استحکام اور تعاون کی ایک مثالی نظیر بن کر ابھری ہے۔
مرکزی وزیر نے اپنے خطاب کے اختتام پر بھارت کی پائیدار دوستی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی مشترکہ تاریخ ان کے تعلقات کو مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے، سمندر ایک مشترکہ افق پیش کرتا ہے اور باہمی اعتماد دونوں ممالک کو مل کر آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتا ہے۔


*****
(ش ح- ن ا)
U.N:8020