57th International Film Festival of India 2026
20 – 28 Nov 2026

مزاح مسائل زندگی سے روبرو ہونے کا ایک دانشمندانہ طریقہ ہے: آئی ایف ایف آئی 57  میں اسپین کی فلم ’لُکنگ فار مائیکل‘ کی عالمی نمائش


حقیقی خاتون کی زندگی کے سفر سے متاثر موسیقی سے مزین فلم، مشکلات کا سامنا کرنے میں استقامت، دوستی اور قہقہوں کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 21 NOV 2026 6:54PMby PIB Delhiریلیز آئی ڈی: 2339754Views: 9

جب زندگی کی مشکلات کا سامنا قہقہوں کے ساتھ کیا جائے تو کیا کچھ ممکن ہے؟ اسپین کی 2026 کی کامیڈی ڈرامہ فلم ’لُکنگ فار مائیکل‘ (پرسگیندو آ مائیکل)، جس کی ہدایت کاری جوانا ماسیاس نے کی ہے، جو دل کو چھو لینے والی کہانی کے ذریعے حوصلے، دوستی اور ثابت قدمی کے جذبات کو اجاگر کرتی ہے۔ آج گوا کے شہر پنجی میں منعقد ہونے والے 57ویں ہندوستانی بین الاقوامی فلمی میلے (آئی ایف ایف آئی) میں اس فلم کی عالمی نمائش ہوئی۔

فلم کی کہانی سونیا نامی ایک نوجوان خاتون کے گرد گھومتی ہے، جسے پارکنسون کی بیماری کی تشخیص ہوئی ہے۔ وہ ہمت اور زندگی کے تئیں نئے زاویۂ نگاہ کے ساتھ اپنے حالات کا سامنا کرنے کا فیصلہ کرتی ہے۔ اسی بیماری میں مبتلا ہوکر میوزک تھراپی گروپ کے ارکان کی مدد سے وہ معروف اداکار مائیکل جے فاکس سے ملاقات کے لیے سفر پر روانہ ہوتی ہے، جو خود بھی پارکنسون کی بیماری میں مبتلا زندگی گزارنے کے اپنے تجربات کھل کر بیان کر چکے ہیں۔ موسیقی اور مزاح کے حسین امتزاج سے سجی یہ روڈ فلم اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ زندگی کی دشواریوں کے باوجود انسان اپنے طور پر اور اپنی شرائط کے مطابق زندگی جینے کا حوصلہ برقرار رکھ سکتا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-21at4.43.38PM_20261121190103_7a29ed.jpeg

حقیقی زندگی سے تعلق رکھنے والی یس آندریز کے سفر اور خواب سے متاثر اس فلم میں ان کے ذاتی تجربات کو بڑی خوب صورتی اور حقیقت کے آئینے میں پیش کیا گیا ہے۔ یس آندریز کو 30 برس کی عمر کے درمیانی حصے میں پارکنسون کی بیماری کی تشخیص ہوئی تھی۔ روزمرہ زندگی کے حالات کا قریب سے مشاہدہ اس فلم کی کہانی کو جذباتی سچائی عطا کرتا ہے، جس کے ذریعے کرداروں کی مشکلات، خواہشات اور عزائم کو پردۂ سیمیں پر مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فلم کی ہدایت کار جوانا ماسیاس نے کہا کہ مزاح زندگی کی مشکلات سے نمٹنے کا ایک دانشمندانہ طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر انسان کو زندگی میں کسی نہ کسی مرحلے پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، خواہ وہ بیماری ہو، کسی عزیز کی جدائی کا گہرا صدمہ ہو یا کوئی دوسری غیر متوقع آزمائش۔ ان کے مطابق یہی آفاقی حقیقت فلم کی مقبولیت کا وسیع امکان پیدا کرتی ہے اور اس کا مرکزی پیغام سرحدوں اور نسلوں کی حدود سے آگے بڑھ کر ناظرین کے دلوں تک پہنچتا ہے۔ یہ پیغام 57ویں ہندوستانی بین الاقوامی فلمی میلے کے موضوع سے بھی ہم آہنگ ہے۔

اداکارہ لورینا لوپیز نے، جنہوں نے فلم میں ڈورس کا کردار ادا کیا ہے، اس کردار کی ثابت قدمی، زندہ دلی اور سونیا (نوریا ہیریرو) کے ساتھ دوستی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ وہیل چیئر استعمال کرنے والی ڈورس، سونیا کے سفر میں اس کی دوست اور رہنما دونوں کا کردار ادا کرتی ہے۔ اس طرح فلم زندگی کی مشکلات کا سامنا کرنے میں رفاقت، باہمی تعاون اور ایک دوسرے کا سہارا بننے کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-21at7.10.17PM_20261121191229_d1f895.jpeg

جوانا ماسیاس نے اداکاروں کی ہدایت کاری کے اپنے طریقۂ کار پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ ریہرسل اور فلم بندی کے دوران اداکاروں کو برجستہ مکالمے اور اپنی طرف سے منظر نگاری کرنے کی ترغیب دی گئی۔ ان کے مطابق مزاحیہ فلموں میں یہ انداز خاص طور پر اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ اس سے اداکاروں کو اپنے کرداروں کے درمیان فطری تعلقات اور باہمی تعامل کو بہتر انداز میں پیش کرنے میں مدد ملتی ہے۔

فلم میں موسیقی کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے ماسیاس نے بتایا کہ اس کے گیت سونیا اور اس کی بیماری کے ساتھ بدلتے ہوئے تعلق کی عکاسی کرتے ہیں۔ موسیقی کو کرداروں کے جذبات اور تجربات کے ساتھ اس طرح جوڑا گیا ہے کہ وہ کہانی کا ایک لازمی حصہ بن جاتی ہے۔ فلم کے ابتدائی گیت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس میں سونیا کے روزمرہ معمول کو پیش کیا گیا ہے، جس کے تحت اسے اپنی بیماری پر قابو پانے کے لیے روزانہ آٹھ گولیاں کھانی پڑتی ہیں۔ اس طرح موسیقی کے ذریعے زندگی کی ایک عام سی حقیقت کو کہانی کے جذباتی پہلو سے جوڑا گیا ہے۔

فلم کی تیاری کے لیے کی گئی تحقیق کے بارے میں ماسیاس نے بتایا کہ انہوں نے یس آندریز اور پارکنسنز کی بیماری میں مبتلا دیگر افراد کے ساتھ تفصیلی انٹرویو کیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسی کی زندگی کی کہانی کو پردۂ سیمیں پر پیش کرنے کے لیے اس کے تجربات کو حقیقی، دیانت دارانہ اور گہرائی سے سمجھنا بے حد ضروری ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-21at4.19.55PM_20261121190217_f7fe4c.jpeg

اسپین کی فلموں کو ہندوستانی اور بین الاقوامی ناظرین سے جوڑنے کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ماسیاس نے کہا کہ موسیقی اور مشکلات پر قابو پانے کی کہانیوں میں آفاقی کشش ہوتی ہے، جو دنیا بھر کے ناظرین کو متاثر کرتی ہے۔ انہوں نے وسیع تر ناظرین تک رسائی حاصل کرنے کے لیے اسپین اور دیگر ممالک کے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کے ساتھ اشتراک کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔

آئی ایف ایف آئی میں فلم کے عالمی پریمیئر کے ذریعے میلے میں ایک ایسی کہانی پیش کی گئی جو جغرافیائی اور ثقافتی سرحدوں سے پرے ہے۔ یہ فلم ناظرین کو یاد دلاتی ہے کہ زندگی کی غیر یقینی صورت حال کا سامنا کرنے میں مزاح، موسیقی اور انسانی رشتوں کی قوت ہمیشہ اہمیت کا حامل ہے۔

اس نشست کی نظامت شری کلدیپ مینا نے کی۔

آئی ایف ایف آئی لائیڈ یہاں پڑھیں: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1&reg=48

******

 

( ش ح ۔ م ش ع ۔ م ا )

UR. No-8061


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #IFFI2026 and #StoriesWithoutBorders. Tag us @pibindia on Instagram and @PIB_India on X, and we will help amplify your festival moments!

For accredited journalists, critics, bloggers, and vloggers seeking 1-on-1 interviews with filmmakers and festival juries, write to us at:
iffi.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


Official Release ID: 2339754
•
Media Centre: Goa
•
Festival Dates: Nov 20 – 28, 2026