پوسٹ کرنے کی تاریخ:
21 NOV 2026 7:05PM by PIB Delhi
نائب صدر جمہوریہ ہند جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج چنئی کے کوٹیواکم میں واقع نیلئی نادر میٹرک ہائر سیکنڈری اسکول کی 42ویں سالانہ تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کے کامراج کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی بے لوث قیادت، سادگی اور عوامی فلاح و بہبود کے تئیں ان کے عزم کو یاد کیا۔
انہوں نے کہا کہ جب تک عظیم رہنما کے کامراج کی وراثت سرزمینِ تمل پر زندہ ہے، دنیا کی کوئی طاقت تمل ناڈو سے حب الوطنی کے جذبے کو ختم نہیں کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے اور تعلیم کے شعبے میں کامراج کی خدمات بے مثال ہیں۔ ان کے دورِ اقتدار میں کئی بڑے ڈیم کی تعمیر کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کامراج کی رکھی ہوئی بنیادوں نے تمل ناڈو کو تعلیمی کامیابیوں اور انسانی وسائل کے حوالے سے قابلِ ستائش ریاست بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کامراج کو ایسا رہنما قرار دیا جو کبھی انتخابی فائدے یا ذاتی مفادات کو اہمیت نہیں دیتے تھے، بلکہ ہر حال میں عوامی فلاح و بہبود کو مقدم رکھتے تھے۔
اسکولوں میں دوپہر کے کھانے کی اسکیم کو وسعت دینے میں کامراج کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ ان کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ محروم طبقات کے بچوں کو تعلیم کے ساتھ غذائیت سے بھرپور خوراک بھی فراہم کی جائے۔
تعلیم کے فروغ میں نیلئی تھوتوکوڑی نادر مہامائی پریپالنا سنگم کی خدمات کو سراہتے ہوئے جناب سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ 1985 میں محض 85 طلبہ اور سات اساتذہ کے ساتھ قائم ہونے والا یہ اسکول آج ترقی کرکے ایک ایسے ادارے کی شکل اختیار کر چکا ہے، جہاں تقریباً 3500 طلبہ زیرِ تعلیم ہیں اور لگ بھگ 200 اساتذہ و دیگر ملازمین خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ترقی ہزاروں خاندانوں، بالخصوص معاشی اور سماجی طور پر پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے خاندانوں کے خوابوں کی تعبیر ہے۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ تعلیم کا مقصد محض تعلیمی کارکردگی تک محدود نہیں ہونا چاہیے، انہوں نے کہا کہ اسکولوں کو طلبہ کی ایسی تربیت کرنی چاہیے جس سے ان میں مضبوط اخلاقی اقدار، ہمدردی اور سماجی ذمہ داری کا احساس پیدا ہو۔
اسکول میں قائم اٹل ٹنکرنگ لیب کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ سائنسی مزاج، تحقیقی صلاحیت اور اختراعی فکر کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان تحقیق اور ترقی کے میدان میں نمایاں پیش رفت کر رہا ہے اور طلبہ کو چاہیے کہ وہ تحقیق، اختراع اور نئی دریافتوں کے شعبوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے کے لیے خود کو تیار کریں۔
وزیر اعظم شری نریندر مودی کی قیادت میں متعارف کرائی گئی قومی تعلیمی پالیسی 2020 کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں ہمہ جہت ترقی، مادری زبان میں تعلیم، تجرباتی طریقۂ تدریس، پیشہ ورانہ مہارتوں، تحقیق اور اختراع پر زور دیا گیا ہے۔ انہوں نے رٹ کر سیکھنے کے بجائے مضامین کے بنیادی تصورات کو سمجھنے اور تخلیقی سوچ کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
نائب صدر جمہوریہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سائنسی اور تکنیکی ترقی کی بنیاد ہندوستان کے ثقافتی ورثے اور انسانی اقدار پر ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تمل زبان، ثقافت اور ورثے کا تحفظ ملک کی مضبوطی سے گہرا تعلق رکھتا ہے۔ ان کے بقول، اگر تمل ثقافت، تمل عوام اور تمل زبان کا تحفظ کرنا ہے تو ہندوستان کا مضبوط رہنا ضروری ہے۔
سال 2047 تک ہندوستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کے ہدف کا حوالہ دیتے ہوئے جناب سی پی رادھا کرشنن نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ علم، اختراع اور لگن کے ذریعے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے طلبہ کو بڑے خواب دیکھنے، دیانت داری کو اپنا شعار بنانے اور شارٹ کٹ اختیار کیے بغیر محنت اور ثابت قدمی کے ساتھ اپنے مقاصد حاصل کرنے کی تلقین کی۔
اس موقع پر نائب صدر جمہوریہ نے نیلئی نادر انجینئرنگ کالج کے اسپورٹس آڈیٹوریم اور مردوں کے ہاسٹل کا افتتاح بھی کیا۔
نائب صدر جمہوریہ نے نیلائی نادر میٹرک ہائر سیکنڈری اسکول میں تروولوور اور کے کامراج کے مجسموں پر گلہائے عقیدت بھی پیش کیے۔
******
( ش ح ۔ م ش ع ۔ م ا )
UR. No-8060