زبان ابلاغ کے متعدد ذرائع میں سے محض ایک ذریعہ ہے، جب کہ انسانی جذبات لسانی حدود سے ماورا ہو سکتے ہیں۔ یہ بات فلم ساز محترمہ لینا یادو نے گوا میں 57ویں ہندوستانی بین الاقوامی فلمی میلے (آئی ایف ایف آئی) کے ضمنی پروگرام کے تحت منعقدہ پریس کانفرنس میں کہی۔ وہ لداخی غیر فیچر فلم ’بنِنگ‘ کی ہدایت کار ہیں۔ ہندوستانی پینوراما 2026 کی افتتاحی غیر فیچر فلم کے طور پر منتخب ’بنِنگ‘ لداخ کے ثقافتی منظرنامے اور روایات کے تناظر میں ایک روحانی سفر کی عکاسی کرتی ہے۔
مقامی غیر پیشہ ور اداکاروں کے ساتھ ہدایت کاری کے تجربے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے محترمہ یادو نے بتایا کہ وہ زیادہ تر ہندی میں گفتگو کرتی تھیں، جب کہ بہت سے اداکار لداخی زبان بولتے تھے اور انہیں ہندی سے محدود واقفیت تھی۔ زبان کی رکاوٹ کے باوجود اداکار اپنے کرداروں کے جذبات کو سمجھنے اور انہیں پیش کرنے میں کامیاب رہے۔ ان کے مطابق، اس تجربے نے سننے، حساسیت اور الفاظ سے ماورا ابلاغ کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا۔
محترمہ یادو کی تحریر کردہ اور ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’بنِنگ‘ لداخ کے ایک کم عمر لڑکے ایگیال کی کہانی ہے، جس کا فطرت سے غیر معمولی تعلق اور بظاہر کسی سابقہ زندگی سے وابستہ یادیں اسے قدیم لِکِر خانقاہ کی جانب لے جاتی ہیں۔ جب وہ ایک محترم رِنپوچے سے وابستہ اشیا کی شناخت کرتا ہے تو راہبوں کو یقین ہونے لگتا ہے کہ شاید وہ اس روحانی پیشوا کا نیا جنم ہے۔ فلم میں تناسخ، شناخت، تقدیر اور ماضی و حال کے باہمی رشتے جیسے موضوعات کو پیش کیا گیا ہے۔
فلم کو ایک روحانی تجربہ قرار دیتے ہوئے محترمہ یادو نے وضاحت کی کہ ’بنِنگ‘ کا تصور اس کے مرکزی کردار کے سفر سے کہیں آگے ہے۔ یہ انسانی زندگی میں تبدیلی کے مسلسل عمل کی عکاسی کرتا ہے، جس کی کوئی حتمی منزل نہیں ہوتی۔ انہوں نے فلم کی کہانی اور اس کے بصری اسلوب پر بدھ فلسفے اور لداخ کے منفرد قدرتی مناظر کے اثرات کا بھی ذکر کیا۔
اس منصوبے کے آغاز کو یاد کرتے ہوئے فلم کے پروڈیوسر اور سنیماٹوگرافر جناب عاصم باجاج نے بتایا کہ یہ فلم دشوار گزار حالات میں کیمرے کے آلات کو آزمانے کے ایک موقع سے وجود میں آئی۔ محض آلات کی توثیق کرنے کے بجائے، انہوں نے لداخ میں ایک مختصر فلم بنانے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے محترمہ یادو کو آغاز کے لیے تین بنیادیں فراہم کیں: عنوان ’بنِنگ‘، بدھ مت کی دنیا اور لداخ کا پس منظر۔ فلم سازوں نے اس مقام اور وہاں ملنے والے لوگوں کے تجربات سے رہنمائی حاصل کی، تو یہ عناصر بتدریج ایک کہانی کی صورت اختیار کرتے گئے۔
فلم سازی کے عمل کے بارے میں فلم سازوں نے بتایا کہ لداخ سے باہر کے 19 ارکان پر مشتمل ایک مختصر ٹیم نے مقامی معاونین کے ساتھ مل کر کہانی کو آگے بڑھایا، غیر پیشہ ور اداکاروں کا انتخاب کیا اور بلندی والے علاقے کے ماحول سے ہم آہنگ ہونے کے لیے درکار وقت سمیت 15 دن میں شوٹنگ مکمل کی۔ محترمہ یادو نے بتایا کہ اس عمل میں لچک کی ضرورت تھی، کیونکہ مقام اور وہاں کے لوگوں نے بھی فلم کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کیا۔
جناب باجاج نے وضاحت کی کہ فلم میں کوئی بصری اثرات استعمال نہیں کیے گئے، بلکہ قدرتی مناظر اور اصل مقامات پر کی گئی سنیماٹوگرافی پر انحصار کیا گیا۔ بتایا گیا کہ درجۂ حرارت تقریباً منفی 20 ڈگری سیلسیس تک گر جانے کے باوجود ٹیم کو شدید جسمانی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا، تاہم آلات نے قابلِ اعتماد کارکردگی دکھائی۔ دونوں فلم سازوں نے فطرت کی عظمت اور لداخ کے لوگوں کی گرم جوشی اور مہمان نوازی کے سامنے اپنی عاجزی کا اظہار کیا۔
فلم سازوں نے تناسخ سے وابستہ مقامی روایات اور بدھ مت کے عقائد پر بھی روشنی ڈالی، جن سے فلم کے پس منظر میں موجود عقائد اور ثقافتی تناظر کو سمجھنے میں مدد ملی۔
فلم کے پوسٹر سے متعلق ایک دلچسپ بات بتاتے ہوئے محترمہ یادو نے یاد کیا کہ اس میں سرخ کپڑے میں لپٹے، پیٹھ کی جانب سے دکھائی دینے والے ایک کم عمر لڑکے کی دلکش تصویر، فلم بندی کے دوران پیش آنے والے ایک غیر طے شدہ لمحے سے وجود میں آئی۔ کپڑے، سائے اور اطراف کی روشنی کے باہمی امتزاج سے ایسی تصویر ابھری، جو فلم سازوں کے خیال میں ’بنِنگ‘ کی روح کی عکاسی کرتی ہے۔
محترمہ یادو اور جناب باجاج، دونوں نے آئی ایف ایف آئی 2026 کے ہندوستانی پینوراما کی افتتاحی غیر فیچر فلم کے طور پر فلم کے انتخاب پر اظہارِ تشکر کیا۔ انسانی روابط، ثقافتی روایات اور لداخ کے قدرتی مناظر سے تشکیل پانے والا فلم کا سفر ناظرین کو ایسی کہانی کا تجربہ فراہم کرتا ہے، جو لسانی اور جغرافیائی حدود سے ماورا ہے۔
پریس کانفرنس کی نظامت جناب کرن مرلی نے کی۔
مکمل پریس کانفرنس یہاں ملاحظہ کریں:
آئی ایف ایف آئی لوئیڈ یہاں ملاحظہ کریں: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
***
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-8071