بھارت اور اسپین ذرائع ابلاغ اور تفریحی شعبے میں تعاون کو مستحکم بنانے کے لیے نئے امکانات تلاش کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں دوطرفہ سمعی و بصری مشترکہ فلم سازی کے معاہدے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور عالمی سمعی و بصری و تفریحی سربراہی اجلاس (ویوز) کے ذریعے اشتراک کو وسعت دینے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ یہ پیش رفت بھارت کے 57ویں بین الاقوامی فلمی میلے (آئی ایف ایف آئی) میں اسپین کی مہمانِ اعزاز ملک کی حیثیت سے شرکت کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔
اس سلسلے میں وزارتِ اطلاعات و نشریات کے جوائنٹ سکریٹری (نشریات) جناب پرتھول کمار نے وزارت کے عہدیداران اور انڈیا سِنے ہب (آئی سی ایچ) کے نمائندوں کے ہمراہ گوا میں اسپین کے وفد سے ملاقات کی۔ اسپینی وفد کی قیادت وزارتِ ثقافت، اسپین کے ہسپانوی ادارہ برائے سینماٹوگرافی و سمعی و بصری فنون کی ڈائریکٹر جنرل محترمہ مارٹا سیرانو نے کی۔
بات چیت کا محور فلم اور سمعی و بصری تخلیقات کے شعبے میں دوطرفہ روابط کو مزید گہرا کرنے کے امکانات تھے۔ اس میں مشترکہ فلم سازی کے معاہدے کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر بھی غور کیا گیا، تاکہ دونوں ممالک کی تخلیقی صنعتوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ اشتراک و تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔
بھارت اور اسپین کے درمیان سمعی و بصری مشترکہ فلم سازی کا موجودہ معاہدہ 2012 میں طے پایا تھا۔ اس معاہدے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے سلسلے میں جاری بات چیت کا مقصد فلم اور سمعی و بصری تخلیقات کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کے ڈھانچے کو مزید مستحکم بنانا ہے۔ اسپین کی جانب سے پیش کردہ مجوزہ ڈھانچے میں افسانوی، اینی میشن اور دستاویزی فلموں کے علاوہ ٹیلی ویژن سیریز اور فلموں کے شعبوں میں بھی تعاون کا تصور شامل ہے۔
آئی ایف ایف آئی 2026 میں اسپین کی مہمانِ اعزاز ملک کی حیثیت سے شرکت، معاصر ہسپانوی سینما کو متعارف کرانے اور بھارت و اسپین کی فلمی صنعتوں کے درمیان پیشہ ورانہ روابط کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ یہ فلمی میلہ 20 سے 28 نومبر 2026 تک گوا میں منعقد ہو رہا ہے۔
ویوز فلم بازار کے 20ویں ایڈیشن کا انعقاد 20 سے 24 نومبر 2026 تک پنجی میں ہو رہا ہے، جو دونوں ممالک کی سمعی و بصری صنعتوں کے درمیان رابطے کا ایک اور پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ اسپین کے پروگرام میں 22 نومبر کو خصوصی ’’ہسپانوی دن‘‘ شامل ہے، جس میں صنعت سے متعلق ایک مذاکرہ اور دونوں ممالک کے پیشہ ور افراد کے درمیان تبادلے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
ان مذاکرات سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت اور اسپین سمعی و بصری شعبے میں تعاون کو مستحکم بنانے اور مشترکہ فلم سازی، تخلیقی اشتراک اور پیشہ ورانہ تبادلے کے مزید مواقع پیدا کرنے میں مشترکہ دلچسپی رکھتے ہیں۔
آئی ایف ایف آئی لوئیڈ یہاں ملاحظہ کریں: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
****
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno- 8083