ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
22 NOV 2026 10:02PM by PIB Delhi
نئی دہلی کے نیشنل زولوجیکل پارک نے 22 نومبر 2026 کو صبح 7:30 بجے سے 10:30 بجے تک اپنی ’سنڈے برڈ واک @ این زیڈ پی‘ کے 22ویں ایڈیشن کا انعقاد کیا۔ اس پروگرام کے ذریعے حیاتیاتی تنوع کے دستاویزی اندراج، ماحولیاتی بیداری اور جنگلی حیات کے تحفظ میں شہریوں کی شمولیت کے تئیں اپنے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس فطرت شناسی کی سیر (نیچر واک )میں فطرت سے دلچسپی رکھنے والے افراد، طلبہ، جنگلی حیات کے فوٹوگرافروں اور پرندوں کے مشاہدے و حیاتیاتی تنوع میں دلچسپی رکھنے والے شہریوں سمیت 10 افراد نے شرکت کی۔ ماہرین اور پُرعزم رضاکاروں کی رہنمائی میں شرکاء نے چڑیا گھر میں پائے جانے والے مختلف اقسام کے پرندوں کا مشاہدہ کیا اور پرندوں کی شناخت، ان کے رویّوں، ماحولیات اور ماحولیاتی نظام میں ان کی اہمیت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

اس سیر کے دوران شرکاء نے مقررہ علاقے میں پرندوں کی 45 اقسام اور ان کی 400 سے زائد تعداد کا مشاہدہ کرکے ان کا اندراج کیا۔ ان مشاہدات سے زمینی سطح پر حیاتیاتی تنوع کے دستاویزی ریکارڈ کو تقویت ملی اور شرکاء کو شہری سائنس کے عملی تجربے سے مستفید ہونے کا موقع ملا۔ اس سیر کے دوران ہونے والی گفتگو میں پرندوں کی ماحولیاتی اہمیت کو اجاگر کیا گیا، جن میں قدرتی طور پر نقصان دہ کیڑوں پر قابو پانے، ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے اور ماحول کے معیار اور ماحولیاتی نظام کی صحت کے اشاریے کے طور پر ان کا کردار شامل ہے۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل زولوجیکل پارک (این زیڈ پی) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سنجیت کمار نے کہا کہ سنڈے برڈ واک جیسی شہری سائنس کی سرگرمیاں لوگوں کو فطرت سے جوڑنے، میدان میں پرندوں کی شناخت کی مہارت پیدا کرنے اور ماحولیاتی تعلقات و غذائی سلسلوں (فوڈ چینز) کو بہتر طور پر سمجھنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی شرکت سے تقویت پانے والی حیاتیاتی تنوع کی منظم دستاویز بندی، تحفظ کے تئیں بیداری پیدا کرنے اور ماحول کے تحفظ کی ذمہ داری کا احساس بیدار کرنے میں اہم رول ادا کر سکتی ہے۔ ڈائریکٹر نے فطرت سے دلچسپی رکھنے والے افراد اور شہریوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ایسی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور جنگلاتی حیاتیات کے تحفظ کے سفیر بنیں۔ پروگرام کا اختتام باہمی تبادلۂ خیال اور تاثرات کے اجلاس کے ساتھ ہوا، جس میں شرکاء نے اپنے مشاہدات اور تجربات پیش کیے۔ اس کے بعد گروپ فوٹو لیا گیا۔
نیشنل زولوجیکل پارک میں پرندوں کے مشاہدے، حیاتیاتی تنوع کی دستاویز بندی اور تحفظ کی سرگرمیوں میں عوامی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے باقاعدگی سے سنڈے برڈ واک کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ بامعنی سیکھنے اور باہمی تبادلے کو یقینی بنانے کے لیے ہر واک میں شرکاء کی تعداد 20 سے 25 تک محدود رکھی جاتی ہے۔ اس میں شرکت کے لیے پیشگی رجسٹریشن لازمی ہے۔ رجسٹریشن ہر ہفتے پیر سے جمعہ تک کھلی رہتی ہے اور شرکت کی اجازت پہلے آئیں، پہلے پائیں کی بنیاد پر دی جاتی ہے۔ رجسٹریشن کا لنک نیشنل زولوجیکل پارک کی سرکاری ویب سائٹ اور ’این زیڈ پی ساتھی‘ موبائل ایپلی کیشن پر دستیاب ہے۔
****
ش ح۔ ش ت ۔ ن م۔
8115 U. No-