پوسٹ کرنے کی تاریخ:
22 NOV 2026 10:08PM by PIB Delhi
صنعت و تجارت کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے مغربی بنگال کے کرسیانگ میں چائے کی صنعت سے وابستہ متعلقہ فریقوں کے ساتھ ایک تبادلۂ خیال اجلاس کی صدارت کی۔ اس اجلاس کا اہتمام ٹی بورڈ انڈیا نے کیا تھا۔ دارجلنگ کے رکن پارلیمنٹ جناب راجو بستا اور کرسیانگ کے رکن اسمبلی جناب سونم لاما نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
ریاستی حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں، چائے کی مختلف انجمنوں کے نمائندوں اور ہندوستانی چائے کی صنعت کے مختلف شعبوں سے وابستہ متعلقہ فریقوں نے اس تبادلۂ خیال میں شرکت کی۔ اس اجلاس میں ہندوستانی چائے کی صنعت کو درپیش اہم چیلنجوں، ابھرتے ہوئے مواقع اور اس شعبے کی طویل مدتی ترقی، پائیداری اور عالمی مسابقت کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری اقدامات پر تعمیری تبادلۂ خیال کا اہم موقع ملا۔
ہندوستان بدستور دنیا میں کالی چائے کا سب سے بڑا پروڈیوسر اور چائے کا تیسرا سب سے بڑا برآمد کنندہ ہے۔ مالی سال 26-2025 کے دوران ہندوستان نے 282.11 ملین کلوگرام چائے برآمد کی، جس کی مالیت 988.13 ملین امریکی ڈالر رہی۔ یہ اعداد و شمار ملک کی زرعی معیشت اور برآمدات سے حاصل ہونے والی آمدنی میں چائے کی صنعت کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہیں۔
اجلاس میں متعدد اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، جن میں دارجلنگ کی چائے کی صنعت کو ازسرِنو فروغ دینا، چائے کی نیلامی کے نظام کو زیادہ مؤثر، تیز رفتار اور مضبوط بنانا، چائے سے متعلق تحقیق کو فروغ دینا، معیار کو بہتر بنانا، برآمدات میں اضافہ، چائے کے باغات میں کام کرنے والے مزدوروں کی فلاح و بہبود اور برآمدات کے فروغ کے مشن (ای پی ایم) کے تحت اقدامات شامل ہیں۔
چائے کی صنعت کی بدلتی ہوئی ضروریات کے مطابق موجودہ نیلامی نظام کو مزید مضبوط، مؤثر، تیز رفتار اور جوابدہ بنانے کے لیے ایک تفصیلی غور و خوض کا اجلاس بھی منعقد کیا گیا۔ اس دوران ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات، زیادہ شفافیت، کام کاج میں بہتری اور لین دین سے متعلق دشواریوں کو کم کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
کاروبار کرنے میں آسانی (ایز آف ڈوئنگ بزنس) کو ایک اہم ترجیح قرار دیا گیا، جس کے تحت طریقۂ کار کو آسان بنانے، کارکردگی بہتر بنانے اور چائے کی صنعت کی ویلیو ایڈیشن چینز سے وابستہ تمام فریقوں کے لیے زیادہ سازگار ماحول تیار کرنے پر زور دیا گیا۔
مرکوز تشہیری اقدامات اور حکومت ہند کے برآمدات کے فروغ کے مشن کے تحت دستیاب مواقع سے مؤثر استفادے کے ذریعے ہندوستانی چائے کی برآمدات کو مضبوط بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔ متعلقہ فریقوں نے بین الاقوامی منڈیوں میں ہندوستان کی موجودگی کو وسعت دینے، ہندوستانی چائے کی عالمی شناخت مستحکم کرنے، منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے اور برآمدات میں مسابقت بڑھانے کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔ اس کے علاوہ، روایتی اور نئی ابھرتی ہوئی منڈیوں میں ہندوستانی چائے کو فروغ دینے کے لیے حکومت، ٹی بورڈ انڈیا اور صنعت سے وابستہ متعلقہ فریقوں کے درمیان مربوط کوششوں کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا گیا۔
اس تبادلۂ خیال کے دوران ہندوستانی چائے کے معیار، پیداوار اور مسابقتی صلاحیت کو بہتر بنانے میں تحقیق و ترقی کے اہم کردار پر زور دیا گیا۔ گفتگو میں چائے سے متعلق تحقیق کو مضبوط بنانے، اختراعات کی حوصلہ افزائی کرنے اور نئے چیلنجوں سے نمٹنے نیز ملکی اور بین الاقوامی منڈیوں کے بدلتے ہوئے معیار کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے بہتر سائنسی طریقے اپنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ چائے کی تحقیق سے متعلق سہولیات چھوٹے چائے کاشتکاروں کو بھی فراہم کی جائیں گی۔
چائے کے باغات میں کام کرنے والے مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود بھی تبادلۂ خیال کا ایک اہم موضوع رہی۔ اس سلسلے میں مغربی بنگال میں چائے کے مزدوروں، خصوصاً خواتین اور ان کے بچوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کے مقصد سے مجوزہ ’پردھان منتری چائے شرمک پروتساہن یوجنا‘ (پی ایم سی ایس پی وائی) کے نفاذ کا ذکر کیا گیا۔ اس اسکیم پر مؤثر طریقے سے عمل درآمد اور تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور رہن سہن کے حالات بہتر بنانے کے سلسلے میں اس کے متوقع فوائد کو اجاگر کیا گیا۔
اس تبادلۂ خیال کے ذریعے متعلقہ فریقوں کو اپنے مسائل پیش کرنے، تجاویز دینے اور چائے کی صنعت کی مجموعی ترقی کے لیے عملی اقدامات پر غور و خوض کا موقع ملا۔ گفتگو میں دارجلنگ کی چائے کی صنعت کو ازسرِنو فروغ دینے، چائے کی تجارت کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے، کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دینے، تحقیق اور معیار کی یقین دہانی کے نظام کو مضبوط بنانے، برآمدات میں اضافہ کرنے، چائے کے مزدوروں کی فلاح و بہبود بہتر بنانے اور چائے کی نیلامی کے نظام کو مستحکم کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ ش ت۔ن م۔
U-8120