امور داخلہ کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر داخلہ وامور تعاون جناب امت شاہ  کے ہاتھوں ایٹانگر میں این ڈی آر ایف کی12ویں بٹالین کے کیمپس کا افتتاح


این ڈی آر ایف کی12ویں بٹالین کا کیمپس نہ صرف اروناچل پردیش اور شمال مشرقی ریاستوں بلکہ کئی ملحقہ علاقوں میں بھی قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے خدمات انجام دے گا

شمال مشرق کی تمام آٹھ ریاستوں کی ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فورسز (ایس ڈی آر ایفس) کے اہلکاروں کی تربیت بھی اسی کیمپس میں کی جائے گی

 مرکزی حکومت شمال مشرق میں چوبیس گھنٹے آفات سے نجات اور راحت رسانی کی کارروائیوں کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی

 این ڈی آر ایف جلد ہی دنیا بھر کی آفات سے نمٹنے والی ایجنسیوں میں ایک نمایاں ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے طور پر ابھرے گی

 مودی حکومت کے دور میں ملک نے ابتدائی وارننگ سسٹم، روک تھام، تخفیف اثرات، تیاری، آفات کے خطرات میں کمی اور صفر جانی نقصان (زیرو کیژویلٹی) کے نقطۂ نظر کی جانب پیش رفت کی ہے

 سائنس اور ٹیکنالوجی کی مدد سے اب سمندری طوفانوں کے بارے میں سات دن پہلے تک پیشگی وارننگ دستیاب ہو رہی ہے، جس سے انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ ممکن ہو رہا ہے

 ابتدائی وارننگ سسٹم کے ذریعہ جیسے ہی کوئی الرٹ موصول ہوتا ہے، این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کے اہلکار فوری طور پر متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے پہنچ جاتے ہیں

 گزشتہ چند برسوں کے دوران کئی سمندری طوفان ایسے گزرے ہیں جن میں ایک بھی انسانی جان ضائع نہیں ہوئی۔ یہ ہماری پیشگی تیاری اور مؤثر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا براہِ راست نتیجہ ہے

 این ڈی آر ایف اب تک 11 ہزار سے زائد ریسکیو اور راحت رسانی کی کارروائیاں انجام دے چکی ہے اور 1.61 لاکھ سے زیادہ انسانی جانیں بچا چکی ہے

سن2014 سے 2026 کے درمیان این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف اور ریاستی حکومتوں کی مربوط کوششوں کے نتیجے میں لاکھوں شہریوں کی جانیں بچانے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے

مودی حکومت نے قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے )، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف اور ریاستی مشینری کے درمیان تال میل کو یقینی بنا کر ایک مضبوط ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام قائم کیا ہے

این ڈی آر ایف نے جاپان، نیپال، ترکیہ اور سری لنکا سمیت کئی ممالک میں آفات کے دوران راحت رسانی کی کارروائیاں انجام دے کر ہندوستان کا وقار بلند کیا ہے۔ سال 2026 کو این ڈی آر ایف کے لیے ‘صلاحیت سازی کا سال‘قرار دیا گیا ہے۔

سن2019 سے 2026 کے درمیان وزارت داخلہ نے 8 کروڑ سے زائد درخت لگانے اور ان کی  دیکھ بھال کرنے کا اپنا ہدف کامیابی کے ساتھ حاصل کیا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 22 NOV 2026 6:23PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر داخلہ وامورتعاون جناب امت شاہ نے اروناچل پردیش کے دارالحکومت ایٹانگر میں نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی 12ویں بٹالین کے کیمپس کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب پیما کھانڈو، مرکزی وزیر جناب کرن رجیجو، اروناچل پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ جناب چاؤنا مین، مرکزی داخلہ سکریٹری جناب گووند موہن، انٹیلی جنس بیورو(آئی ی) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مہیش دیکشت، این ڈی آر ایف کے ڈائریکٹر جنرل جناب پیوش آنند اور کئی دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔

IMG_0989.JPG.jpeg

مرکزی وزیر داخلہ وامور تعاون جناب امت شاہ نے کہا کہ یہاں نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی12ویں بٹالین کا باضابطہ افتتاح کیا جا رہا ہے۔ اروناچل پردیش اور پورا شمال مشرقی خطہ قدرتی آفات کے حوالے سے ملک کے سب سے زیادہ حساس علاقوں میں شامل ہیں۔ اس کیمپس کی تمام عمارتیں زلزلہ مزاحم معیارات کے مطابق تعمیر کی گئی ہیں۔ قدرتی آفات کے خلاف دفاع کی پہلی صف ہماری12ویں بٹالین کی سہولیات سے شروع ہوتی ہے۔ یہ کیمپس نہ صرف اروناچل پردیش اور پورے شمال مشرقی خطہ بلکہ کئی پڑوسی علاقوں کے لیے بھی آفات سے نمٹنے کے مرکز کے طور پر خدمات انجام دے گا۔ شمال مشرق کی تمام آٹھ ریاستوں کی اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورسز ( ایس ڈی آر ایفس) کے اہلکاروں کی تربیت بھی یہاں کی جائے گی۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ اہلکاروں کی تربیت کے لیے یہاں اولمپک معیار کا سوئمنگ پول اور ڈائیونگ ٹینک بھی تعمیر کیا گیا ہے۔ یہ اولمپک معیار کا سوئمنگ پول ایٹانگر اور پورے اروناچل پردیش کے تمام تیراک کھلاڑیوں کے لیے مفت کھولا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر شمال مشرق کا کوئی تیراک 2036 کے اولمپکس میں تمغہ جیتتا ہے تو اس کامیابی کے سفر کا آغاز اسی سوئمنگ پول سے ہوگا، کیونکہ شمال مشرق کے کھلاڑی کھیلوں میں تمغے جیتنے کے معاملے میں ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں۔

وزارت داخلہ نے 2019 سے 2026 کے دوران 8 کروڑ سے زائد درخت لگانے اور ان کی پرورش کرنے کا اپنا ہدف کامیابی کے ساتھ حاصل کیا ہے۔ جناب امت شاہ نے کہا کہ ہر مرکزی مسلح پولیس فورس (سی اے پی ایف) اور این ڈی آر ایف شجرکاری مہم میں سرگرمی سے حصہ لے رہی ہے۔ یہ 8 کروڑ درخت یقیناً فطرت اور ماحولیات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کریں گے۔

IMG_1185.JPG.jpeg

مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کا قیام اسی سال عمل میں آیا تھا جس سال ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ نافذ کیا گیا تھا۔ تاہم، ملک کے پورے ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام میں بنیادی تبدیلی وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں شروع ہوئی۔

اس سے پہلے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ملک کا مجموعی نقطۂ نظر بنیادی طور پر راحت رسانی اور آفات کے بعد ردعمل تک محدود تھا۔ حکومتیں آفت آنے کے بعد ہی متاثرہ علاقوں میں پہنچتی تھیں اور تباہی کے بعد تعمیر نو اور مرمت کے کام انجام دیتی تھیں۔

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ملک نے ابتدائی وارننگ سسٹم، آفات کی روک تھام، اثرات میں کمی، پیشگی تیاری، آفات کے خطرات کو کم کرنے اور صفر جانی نقصان(زیرو کیژویلٹی) کے نقطۂ نظر کی جانب پیش رفت کی ہے۔ اب ہم محض خاموش تماشائی بن کر نہیں رہتے۔ ابتدائی وارننگ سسٹم کے ذریعے جیسے ہی کوئی الرٹ موصول ہوتا ہے، این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کے اہلکار فوری طور پر لوگوں کی مدد کے لیے پہنچ جاتے ہیں اور آفت کے مقام پر مؤثر بچاؤ اور راحت رسانی کی کارروائیاں انجام دیتے ہیں۔ آفت آنے سے پہلے ہی نہ صرف شہریوں بلکہ ان کے مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا جاتا ہے، تاکہ ان کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ 2014 سے 2026 کے درمیان این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف اور تمام ریاستوں کی مربوط کوششوں کے نتیجے میں لاکھوں شہریوں کی جانیں بچانے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ایک جامع نظام تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت نہ صرف این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کے اہلکار بلکہ پٹواریوں سے لے کر این سی سی کیڈٹس، اسکاؤٹ کے بچوں اور دیہات میں کام کرنے والے آپدا متروں تک سبھی آفت آنے سے پہلے ہی لوگوں کی مدد کے لیے تیار رہتے ہیں۔ اس سے بچاؤ اور راحت رسانی کی کارروائیوں میں اہم مدد ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ادارہ جاتی سطح پر پیشگی تیاری کے بغیر نہ تو کسی آفت کو روکا جا سکتا ہے اور نہ ہی اس کے اثرات کو مؤثر طریقے سے کم کیا جا سکتا ہے۔ سن 2014 سے حکومت ہند نے قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، وزارت داخلہ اور ریاستی انتظامیہ کو پٹواری کی سطح تک ایک دوسرے سے مربوط کرکے ایک مضبوط اور منظم نظام قائم کیا ہے۔ یہ نظام پالیسیوں پر جامع غور و خوض، وزارت داخلہ کی جانب سے ان کی تشکیل اور این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف اور ریاستی انتظامیہ کے ذریعے ان پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بناتا ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ وامورتعاون جناب امت شاہ نے کہا کہ قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) نے مختلف اقسام کی قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ردعمل کے ضابطے اور معیاری عملی طریق کار (ایس او پیز) تیار کرکے ریاستوں کو فراہم کیے ہیں۔

سن 2014 سے 2026 کے درمیان این ڈی آر ایف کی عملی رسائی اور تعیناتی کے دائرہ کار میں بھی نمایاں توسیع ہوئی ہے۔ آج این ڈی آر ایف ملک بھر میں 70 سے زائد مقامات پر تعینات ہے۔ سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں میں این ڈی آر ایف کی ٹیمیں سیلاب آنے سے پہلے ہی پہنچ جاتی ہیں۔

سائنس اور ٹیکنالوجی میں ترقی کے باعث اب سمندری طوفانوں کے بارے میں پیشگی وارننگ سات دن پہلے تک جاری کی جا سکتی ہے، جب کہ پہلے یہ وارننگ صرف 24 سے 48 گھنٹے قبل دستیاب ہوتی تھی۔ سمندری طوفان سے متاثرہ علاقوں کے تمام شہریوں کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاتا ہے۔ گزشتہ چار برسوں کے دوران اس مؤثر نظام کی مدد سے کئی سمندری طوفانوں کے موقع پر انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ یقینی بنایا گیا ہے۔

CR3_1762.JPG (1).jpeg

جناب امت شاہ نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران آنے والے کئی سمندری طوفانوں میں ایک بھی انسانی جان ضائع نہیں ہوئی۔ یہ ہماری پیشگی تیاریوں کا براہ راست نتیجہ ہے۔ این ڈی آر ایف اب تک 11 ہزار سے زائد کارروائیاں انجام دے چکی ہے اور 1.61 لاکھ سے زیادہ لوگوں کی جانیں بچا چکی ہے۔این ڈی آر ایف نے نہ صرف ہندوستان میں بچاؤ کی کارروائیاں انجام دی ہیں بلکہ جاپان، نیپال، ترکیہ اور سری لنکا سمیت کئی ممالک میں بھی اپنی خدمات فراہم کی ہیں، جس سے این ڈی آر ایف اور ہندوستانی ترنگے کا وقار بلند ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے جب بھی ہندوستان میں کوئی قدرتی آفت آتی تھی تو دنیا بھر کی ڈیزاسٹر ریسپانس ایجنسیاں ملک کی مدد کے لیے آگے آتی تھیں۔ آج دنیا کے کسی بھی حصے میں قدرتی آفت آنے پر ہماری این ڈی آر ایف فخر کے ساتھ ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں پہنچتی ہے اور انسانی جانیں بچانے کا کام کرتی ہے۔ یہ حکومت ہند کی ایک اہم کامیابی ہے۔

وزارت داخلہ نے این ڈی آر ایف سے متعلق تین اہم شعبوں پر خصوصی توجہ دی ہے، جن میں توسیع، وسائل اور تربیت شامل ہیں۔ وسائل سے مراد صرف بجٹ کی فراہمی نہیں ہے بلکہ وزارت نے جدید آلات کی دستیابی کو یقینی بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

سال-2026 کو نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کے لیے‘‘صلاحیت سازی کا سال’’ قرار دیا گیا ہے۔

HWP_4510.JPG.jpeg

جناب امت شاہ نے کہا کہ این ڈی آر ایف جلد ہی دنیا بھر میں آفات سے نمٹنے والی تمام ایجنسیوں میں ایک نمایاں ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے طور پر اپنی شناخت قائم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ شمال مشرقی ہندوستان ہمارے ملک کا ایک نہایت اہم خطہ ہے۔ اس کی سرحدیں کئی ممالک سے ملتی ہیں اور ملک کے متعدد اہم اقدامات میں یہ خطہ کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ آج اروناچل پردیش کے سرحدی علاقے میں ایٹانگر کے قریب این ڈی آر ایف کی ایک بٹالین قائم کی گئی ہے۔ہمارے این ڈی آر ایف اہلکار پورے شمال مشرقی خطے کو قدرتی آفات سے محفوظ رکھنے، اپنی بہادری کا مظاہرہ کرنے اور مؤثر نتائج یقینی بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔مرکزی حکومت پورے شمال مشرقی خطے کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور اس خطے کے ہزاروں اور لاکھوں لوگوں کی جانیں بچانے کے لیے سال بھر چوبیس گھنٹے آفات سے نمٹنے اور راحت رسانی کی کارروائیاں انجام دی جائیں گی۔

HWP_4571.JPG.jpeg

*****

ش ح-ظ الف- م ش

UR No.8118


(ریلیز آئی ڈی: 2340240) وزیٹر کاؤنٹر : 10