پوسٹ کرنے کی تاریخ:
22 NOV 2026 8:44PM by PIB Delhi
مرکزی سکریٹری برائے صحت محترمہ پُنیا سلیلا سریواستو نے آج انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) مدراس میں نیند کے مطالعے کی سہولت اور آٹزم لیب کا افتتاح کیا اور ادارے کے اسپتال میں ای کارٹ ایمبولینس سروس کو ہری جھنڈی دکھائی۔ ان کے اس دورے میں سدھا گوپال کرشنن برین سینٹر، شعبۂ طبی علوم و ٹیکنالوجی، نیشنل کینسر ٹشو بایوبینک، ہیلتھ کیئر ٹیکنالوجی انوویشن سینٹر (ایچ ٹی آئی سی) اور نیشنل سینٹر فار اسسٹیو ہیلتھ ٹیکنالوجیز (این سی اے ایچ ٹی) کا دورہ بھی شامل تھا۔ اس دوران ادارے میں صحت کی دیکھ بھال سے متعلق تحقیق، طبی ٹیکنالوجیز اور معاون سہولیات کے شعبوں میں جاری کام کا جائزہ لیا گیا۔

ہیلتھ سینٹر کیمپس میں قائم کی گئی نیند کے مطالعے کی نئی سہولت کے ذریعے طلبہ، اساتذہ، عملے اور محققین کو نیند سے متعلق عوارض کی خصوصی جانچ، طبی مشاورت اور علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں چنئی کے کاویری اسپتالوں سے وابستہ ماہرین کا تعاون حاصل ہوگا۔ ادارہ جاتی اخلاقی منظوری اور متعلقہ افراد کی باخبر رضامندی سے اس سہولت کے تحت نیند کے معمولات اور نیند سے متعلق مختلف اقسام کے عوارض پر تحقیق بھی کی جا سکے گی۔ اس کے علاوہ، اساتذہ نیند کی نگرانی اور تجزیے کے لیے دیسی اور کم لاگت والے سینسر تیار کرنے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔
ادارے کی کیمپس میں صحت و تندرستی سے متعلق پہل کے تحت شروع کی گئی ای کارٹ ایمبولینس سروس سے کیمپس کے اندر بروقت طبی امداد اور آمدورفت کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس سے بالخصوص کیمپس میں رہنے والے بزرگوں اور ایسے مریضوں کو فائدہ پہنچے گا جنہیں آمدورفت کے لیے مدد درکار ہوتی ہے۔

آٹزم لیب کے اس اقدام کے تحت روایتی ہندوستانی طبی علم، طبی مہارت اور ٹیکنالوجی کو یکجا کرکے آٹزم اسپیکٹرم ڈس آرڈر (اے ایس ڈی) سے متاثرہ بچوں کے لیے مربوط ورمَم تھراپی کا مطالعہ کیا جائے گا۔ یہ پہل آئی آئی ٹی مدراس میں سینٹر فار انڈین میڈیکل نالج (سی آئی ایم کے) کے قیام کی جانب جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ ادارے کا منصوبہ ہے کہ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس)، جودھپور کے شعبۂ اطفال کے اعصابی امراض کی ماہر ٹیم کے ساتھ اشتراک کیا جائے۔ اس ٹیم کو 800 سے زائد بچوں کو یہ مربوط علاج فراہم کرنے کا تجربہ حاصل ہے۔ اس اشتراک کے ذریعے علاج کے طریقۂ کار کا مطالعہ کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی سائنسی بنیادوں پر جانچ بھی کی جائے گی۔ اس اشتراک کے ذریعے علاج کے طریقۂ کار کا مطالعہ اور سائنسی بنیادوں پر اس کی جانچ کی جائے گی۔ اس پہل کے تحت ملک میں تیار کردہ پریشر سینسنگ گلوز(دباؤ محسوس کرنے والے دستانے) بنانے کا منصوبہ بھی ہے، تاکہ معالجین کو حقیقی وقت میں معلومات فراہم کی جا سکیں۔ اس کے ساتھ ہی، ضروری اخلاقی منظوری حاصل ہونے سے مشروط، اس علاج کے پس پشت ممکنہ جینیاتی، سالماتی اور ایپی جینیٹک عوامل پر بھی تحقیق کی جائے گی۔

سدھا گوپال کرشنن برین سینٹر میں محترمہ سریواستو کو انسانی دماغ کے خلیاتی سطح پر اعلیٰ معیار کے سہ جہتی ڈیجیٹل نقشے تیار کرنے کے سلسلے میں مرکز کے کام کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔ 11 اکتوبر 2026 کو وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے اس مرکز کو قوم کے نام وقف کیا تھا اور زندگی کے مختلف مراحل سے تعلق رکھنے والے 100 سے زائد انسانی دماغوں کے خلیاتی سطح کے نقشے تیار کرنے کے اس کے مشن کا آغاز کیا تھا۔ اس میں دماغ سے متعلق بیماریوں کے نقشے بھی شامل ہیں۔ وزیر اعظم نے ’سی اسٹروک‘ بھی جاری کیا تھا، جو دنیا کا پہلا انسانی اسکیمک فالج کا اٹلس ہے اور دماغ کے 1000 سے زائد تشریح شدہ حصوں پر مشتمل ہے۔
اس کے بعد مرکزی سکریٹری برائےصحت کو شعبۂ طبی علوم و ٹیکنالوجی کے بین العلومی کام کے بارے میں بتایا گیا، جہاں طبی علوم، انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کو یکجا کرکے صحت کی دیکھ بھال سے متعلق ان ضروریات کو پورا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے جن کا اب تک مناسب حل دستیاب نہیں ہے۔ 2023 میں قائم ہونے والا یہ شعبہ معالجین و سائنس دانوں اور انجینئرنگ فزیولوجسٹ تیار کرنے پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔ اس کے تحقیقی دائرے میں امراضِ قلب، اعصابی امراض، سرطان، طبی عکس نگاری، صحت کے شعبے میں مصنوعی ذہانت اور طبی آلات کی تیاری جیسے موضوعات شامل ہیں۔
نیشنل کینسر ٹشو بایوبینک میں محترمہ سریواستو کو سائنس و ٹیکنالوجی کے محکمے اور آئی آئی ٹی مدراس کے مشترکہ اقدام کے تحت جاری کام سے آگاہ کیا گیا۔ یہ مرکز مریضوں کی باخبر رضامندی سے سرطان کے بافتوں کے نمونے جمع اور محفوظ کرتا ہے، تاکہ سرطان کی حیاتیات، تشخیص اور علاج کے شعبوں میں تحقیق کی جا سکے۔ بایوبینک کے وسیع تر تحقیقی نظام کی ایک اہم کامیابی ’بھارت کینسر جینوم اٹلس‘ ہے، جس کا آغاز فروری 2025 میں کیا گیا تھا۔ اس کا مقصد ہندوستان کے لیے مخصوص سرطان سے متعلق جینیاتی معلومات کا ایک ڈیٹا بیس تیار کرنا ہے، جو مرض کی جلد تشخیص، ہدف پر مبنی علاج اور مریض کی انفرادی ضروریات کے مطابق علاج کی حکمت عملی وضع کرنے میں مدد دے گا۔
بعد ازاں محترمہ سریواستو کو ہیلتھ کیئر ٹیکنالوجی انوویشن سینٹر (ایچ ٹی آئی سی) میں سستی اور دیسی طبی ٹیکنالوجیز کی تیاری کے سلسلے میں جاری کام کے بارے میں بتایا گیا۔ ان میں دور دراز علاقوں میں موتیا بند کے آپریشن کے لیے موبائل آئی سرجیکل یونٹ، آنکھوں کی بیماریوں کی جلد تشخیص کے لیے ’3 نیتر‘، نومولود بچوں کی منتقلی کا یونٹ، فوری تشخیصی جانچ کے لیے ’آئی کوانٹ‘ اور دل و خون کی شریانوں کی صحت کا جائزہ لینے کے لیے ’آرٹ سینس‘ شامل ہیں۔

نیشنل سینٹر فار اسسٹیو ہیلتھ ٹیکنالوجیز (این سی اے ایچ ٹی) کے دورے کے دوران محترمہ سریواستو نے معذور افراد اور بزرگوں کے لیے سستی معاون ٹیکنالوجیز کی تیاری کے سلسلے میں جاری کام کا جائزہ لیا۔ ان ٹیکنالوجیز میں ہلکی پھلکی وہیل چیئرز، بجلی کی مدد سے چلنے والے نقل و حرکت کے آلات، سوئمنگ پول میں اترنے اور باہر نکلنے کے لیے لفٹ اور دماغی فالج سے متاثرہ بچوں کے لیے چلنے میں مدد دینے والے آلات شامل ہیں۔ اس مرکز کی اہم اختراعات میں ’وائی ڈی ون‘ بھی شامل ہے، جو انتہائی ہلکی اور فعال وہیل چیئر ہے اور جسے صارفین کی آزادانہ نقل و حرکت کو آسان بنانے کے مقصد سے تیار کیا گیا ہے۔
محترمہ سریواستو کے اس دورے کے دوران آئی آئی ٹی مدراس کے ڈائریکٹر پروفیسر وی کاماکوٹی اور ڈین (منصوبہ بندی) پروفیسر آر سارتھی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ ش ت۔ن م۔
U-8119