پوسٹ کرنے کی تاریخ:
23 NOV 2026 12:12PM by PIB Delhi
وزارتِ آیوش 13 سے 27 نومبر تک نئی دہلی کے بھارت منڈپم کے ہال نمبر 2 میں منعقد ہونے والے 45ویں انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر (آئی آئی ٹی ایف) 2026 میں ہندوستان کے متنوع روایتی طبی نظاموں کو پیش کر رہی ہے۔ آیوش پویلین میں طبی مشاورت، باہمی دلچسپی پر مبنی سرگرمیوں، روایتی غذائی پکوانوں، دواؤں کے پودوں کی نمائش اور معلوماتی پیشکشوں کے ذریعے زائرین کو ایک منفرد تجربہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ ان سرگرمیوں میں احتیاطی طبی نگہداشت اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے میں آیوش نظاموں کی اہمیت کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔

اس پویلین میں وزارتِ آیوش کے تحت کام کرنے والے اداروں اور تحقیقی کونسلوں کو ایک جگہ پیش کیا گیا ہے، جہاں روایتی علم کو روزمرہ کی صحت مند عادات سے جوڑنے والی مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ سی سی آر اے ایس–سی اے آر آئی کی جانب سے آیوروید کے تحت بیرونی مریضوں کے لیے طبی مشاورت (او پی ڈی) اور پراکرتی پریکشا کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ احتیاطی طبی نگہداشت، صحت مند طرزِ زندگی اور آیوروید کے ذریعے صحت و تندرستی برقرار رکھنے سے متعلق معلومات بھی دی جا رہی ہیں۔ نئی دہلی کا آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید (اے آئی آئی اے) اشوگندھا، شتاوری، ارجن، آملہ، ہلدی اور گڈوچی سمیت عام طور پر استعمال ہونے والی جڑی بوٹیوں اور مصالحوں کی نمائش کر رہا ہے۔ اس کے ذریعے ان کے روایتی استعمال اور صحت کو فروغ دینے میں ان کی افادیت سے متعلق معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ زائرین کو یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ دواؤں میں استعمال ہونے والی جڑی بوٹیوں کے استعمال سے پہلے ان کی مناسب خوراک، اپنی صحت کی انفرادی کیفیت اور ماہرین کے مشورے کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
جے پور کا نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید (این آئی اے) راگی کوکیز، تریفلا جام، ایلوویرا جیل اور جڑی بوٹیوں سے تیار کردہ لپ بام جیسی آیوش آہار مصنوعات پیش کر رہا ہے۔ زائرین کی دلچسپی کے لیے آہار (غذا) اور وہار (طرزِ زندگی) کے موضوع پر آیوروید سے متعلق سانپ سیڑھی کے کھیل کے ساتھ مجازی حقیقت (ورچوئل ریئلٹی) کے تجربات بھی پیش کیے جا رہے ہیں، جن کے ذریعے انسانی جسم کے مختلف نظاموں کو بصری طور پر سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔ اس کے علاوہ، پراکرتی، پنچ کرم، آیورویدک پکوانوں اور روزمرہ زندگی میں آیوروید کے کردار کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے معلوماتی، تعلیمی اور ابلاغی مواد بھی پیش کیا جا رہا ہے۔
راشٹریہ آیوروید ودیاپیٹھ (آر اے وی) غذائیت سے بھرپور غذا کی آیوروید پر مبنی اختراعات کو فروغ دینے کے لیے پوشک کوکیز، آیورویدک ڈبل روٹی اور روایتی مشروب پنکم کی نمائش کر رہا ہے۔ ’دادی سے پوچھو‘ اور ’ملٹس آن دی وہیل‘ جیسی سرگرمیوں کے ذریعے زائرین کو دلچسپ انداز میں روایتی غذائی طریقوں، موٹے اناج کی غذائی افادیت اور صحت مند طرزِ زندگی کے بارے میں معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔

مرارجی دیسائی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یوگا (ایم ڈی این آئی وائی) کی جانب سے پویلین میں مخصوص پلیٹ فارم پر باقاعدگی سے یوگا کے مظاہرے اور تربیتی نشستیں منعقد کی جا رہی ہیں۔ زائرین کو ان کی عمر، صحت سے متعلق مسائل اور طرزِ زندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے انفرادی ضروریات کے مطابق یوگا سے متعلق مشورے بھی دیے جا رہے ہیں۔ یوگا سے متعلق سوال و جواب کے مقابلوں اور مختلف آسنوں کے مقابلوں کے ذریعے بھی لوگوں کی شرکت کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ زائرین نے یوگا کو اپنے روزمرہ معمولات کا حصہ بنانے میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔

مرکزی کونسل برائے تحقیقِ طبِ یونانی (سی سی آر یو ایم) کے تحت نئی دہلی کا علاقائی تحقیقی ادارہ برائے طبِ یونانی (آر آر آئی یو ایم) یونانی اسٹال کا انتظام سنبھال رہا ہے، جہاں روایتی یونانی غذائی پکوانوں اور طریقۂ علاج کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔ زائرین کو یونانی قہوہ، ہریرہ، حلوہ گھی کَوار، گل قند اور مربہ آملہ چکھنے کے لیے پیش کیے جا رہے ہیں۔ مزاج کی جانچ کے لیے تیار کردہ جدید ڈیجیٹل کیوسک کے ذریعے زائرین اپنے مزاج کا اندازہ لگا سکتے ہیں اور اپنی طبیعت کے مطابق غذائی مشورے حاصل کر سکتے ہیں۔ اس اسٹال پر طبِ یونانی سے متعلق ڈیجیٹل پیشکشیں اور دستاویزی فلمیں بھی دکھائی جا رہی ہیں۔ 18 اور 19 نومبر کو یونانی او پی ڈی کے ذریعے 151 مریضوں کو مفت طبی مشورے اور ادویات فراہم کی گئیں۔

چنئی کے مرکزی ادارے برائے تحقیقِ طبِ سدھا (سی سی آر ایس) اور قومی ادارے برائے طبِ سدھا (این آئی ایس) کے زیرِ انتظام سدھا اسٹال کے ذریعے طبِ سدھا کے اصولوں، احتیاطی طبی نگہداشت کے طریقوں اور علاج معالجے میں اس کے استعمال کے بارے میں بیداری پیدا کی جا رہی ہے۔ اس اسٹال پر سدھا آہار، غذائیت، طرزِ زندگی میں تبدیلی، تشخیصی طریقوں، روایتی ادویاتی نسخوں اور علاج کے طریقوں، بشمول ورما تھراپی، سے متعلق معلومات پیش کی جا رہی ہیں۔ زائرین کی دلچسپی بڑھانے کے لیے ڈیجیٹل پیشکشوں، دستاویزی فلموں اور اطلاعات، تعلیم و مواصلات (آئی ای سی) سے متعلق مواد کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، اسٹال پر قومی ادارے برائے طبِ سدھا کی تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں کو بھی اجاگر کیا جا رہا ہے، جن میں بی ایس ایم ایس، ایم ڈی (سدھا) اور پی ایچ ڈی کے نصاب شامل ہیں، تاکہ طلبہ کو طبِ سدھا میں تعلیم حاصل کرنے اور اس شعبے میں پیشہ ورانہ امکانات تلاش کرنے کی ترغیب دی جا سکے۔
مرکزی کونسل برائے تحقیقِ یوگا و قدرتی طریقۂ علاج (سی سی آر وائی این) ڈیجیٹل صوتی و بصری مواد، اطلاعات، تعلیم و مواصلات سے متعلق مواد اور آیوش آہار کی نمائش کے ذریعے یوگا اور قدرتی طریقۂ علاج کو پیش کر رہی ہے۔ زائرین کو صحت بخش ہلکی پھلکی غذاؤں کے طور پر مکھانے کے لڈو، مونگ پھلی کے لڈو، تل کے لڈو اور نمکین سے متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، 17 اور 18 نومبر کو یوگا، قدرتی طریقۂ علاج، غذائی معمولات اور طرزِ زندگی میں تبدیلیوں کے حوالے سے مفت طبی مشورے بھی فراہم کیے گئے۔
قومی ادارہ برائے سووا -رِگپا وزیٹرز کو ہمالیائی خطے کے قدیم طریقہ علاج سے روشناس کرا رہا ہے۔ اس اسٹال پر سووا- رِگپا کے غذائی اصولوں، علاج کے طریقۂ کار اور جڑی بوٹیوں سے تیار کردہ ادویاتی نسخوں کے بارے میں تفصیلی معلومات پیش کی جا رہی ہیں۔ اس نظامِ طب کے ماہرین قدیم سووا -رِگپا متون کی روشنی میں وزیٹرز کو ان کی انفرادی ضروریات کے مطابق رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔
قومی بورڈ برائے ادویاتی پودے (این ایم پی بی) براہِ راست نمائشوں، معلوماتی مواد اور شتاوری کے ادویاتی پودوں کی تقسیم کے ذریعے ادویاتی پودوں کی اہمیت کو اجاگر کر رہا ہے۔ کیو آر کوڈ والے پودوں کی مدد سے زائرین ان کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں، جب کہ ادویاتی پودوں اور ان کے استعمال سے متعلق بیداری پیدا کرنے کے لیے کتابچے، معلوماتی پرچے اور ’’پروفیسر آیوشمان‘‘ نامی مزاحیہ کتاب بھی تقسیم کی جا رہی ہے۔

آئی آئی ٹی ایف 2026 میں آیوش پویلین اپنی متنوع نمائشوں اور دلچسپ سرگرمیوں کے ذریعے زائرین کو ہندوستان کے روایتی نظام طب سے واقف ہونے اور احتیاطی طبی نگہداشت، غذائیت اور صحت و تندرستی کے فروغ میں ان کے کردار کو سمجھنے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔ یہ پویلین وزارتِ آیوش کی ان مسلسل کوششوں کا عکاس ہے، جن کے تحت عوام میں بیداری پیدا کرنے اور آسان رسائی، دلچسپ سرگرمیوں اور تعلیمی اقدامات کے ذریعے آیوش طریقہ علاج کو عام لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ ش ت۔ن م۔
U-8124