وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی آئی آئی ٹی کھڑگپور کی پلاٹینم جبلی تقریبات میں شرکت


نوجوان ذہنوں کی صلاحیتوں کے حصول کی کوئی حد نہیں ہے: وزیر اعظم

 وزیر اعظم نے کہا کہ آج جب ہم وکست بھارت (ترقی یافتہ ہندوستان) کے ہدف کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، تو آئی آئی ٹی کھڑگپور کا 75 سالہ تجربہ ملک کی ترقی اور اختراعات کے میدان میں ہندوستان کی شناخت کو مضبوط بنانے میں انتہائی اہم کردار ادا کرے گا

قومیں اپنی حقیقی صلاحیتوں کا ادراک اسی وقت کرتی ہیں جب وہ اپنی سوچ کی حدود کو توڑتی ہیں، گزشتہ چند برسوں کے دوران ہندوستان نے دوٹوک انداز میں یہ اعلان کیا ہے کہ‘‘حدود کو توڑیں، امکانات کے نئے دروازے کھولیں’’: وزیر اعظم

وزیر اعظم نے کہا کہ جب آپ ‘سب سے پہلے ملک’(نیشن فرسٹ) کی سوچ کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں تو اس سے نہ صرف آپ کے لیے نئے مواقع کے دروازے کھلتے ہیں بلکہ ملک کو بھی بے پناہ فائدہ پہنچتا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 21 NOV 2026 1:36PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج مغربی بنگال میں آئی آئی ٹی کھڑگپور کی پلاٹینم جبلی تقریبات میں شرکت کی۔ اس موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ان کے سامنے باصلاحیت اور بلند عزائم رکھنے والی نوجوان نسل موجود ہے، جو ہندوستان کے ماضی، حال اور مستقبل سے جڑی ہوئی ہے۔ یہ نسل ادارے کے 75 سالہ سفر کا جشن منانے اور اس کی شاندار وراثت کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے جمع ہوئی ہے۔آئی آئی ٹی کھڑگپور کی جانب سے 75 برسوں کے دوران حاصل کی گئی متعدد کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ یہ وہ دور ہے جس میں ہندوستان نے بیل گاڑیوں سے بلٹ ٹرینوں تک اور ڈاک کے خطوط سے سوشل میڈیا پیغامات تک وسیع تبدیلیاں دیکھی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان کے پہلے آئی آئی ٹی کے طور پر اس ادارے نے ان تبدیلیوں کے ہر مرحلے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔جناب مودی نے کہا‘‘میں یہاں موجود تمام  اسٹوڈنٹس، اساتذہ، ادارے کے پورے عملے اور آئی آئی ٹی کھڑگپور کے تمام سابق  اسٹوڈنٹس کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔’’

کیمپس کی زندگی کی یادوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بعض یادیں زندگی بھر انسان کے ساتھ رہتی ہیں۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ کئی سابق  اسٹوڈنٹس کو کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود چیڈی میں چائے پر ہونے والی گفتگو آج بھی یاد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دیگر تعلیمی اداروں کے ہاسٹلز کے برعکس آئی آئی ٹی کھڑگپور میں خصوصی ہالز ہیں جن پر ہر طالب علم کو بے حد فخر ہوتا ہے۔

حالیہ دیوالی تقریبات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہیں کہا گیا ہے کہ آئی آئی ٹی کھڑگپور میں دیوالی کا جوش و خروش منفرد ہوتا ہے اور یہاں کی چراغاں کی روایت اپنی ایک الگ کشش رکھتی ہے، جسے مختلف ہالز کے درمیان مقابلہ مزید خاص بنا دیتا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے سوال کیا‘‘اس مرتبہ اس مقابلے میں کون سا ہال فاتح رہا؟’’

بنگال کو اس سرزمین کے طور پر بیان کرتے ہوئے جہاں نظریات نے قوت حاصل کی اور قومی تحریکوں نے جنم لیا، وزیر اعظم نے نشاندہی کی کہ آئی آئی ٹی کھڑگپور اسی مقام پر قائم ہے جہاں کبھی مجاہدین آزادی کے لیے حراستی کیمپ(ڈٹینشن  کیمپ) موجود تھا۔ کئی دہائیاں قبل یہ مقام ان ہندوستانیوں کی ناقابلِ تسخیر جرأت کا گواہ تھا جو خود حکمرانی چاہتے تھے اور ہندوستان کو ترقی و عظمت کی بلندیوں پر دیکھنے کے خواہش مند تھے۔

انہوں نے کہا کہ آج اسی کیمپس میں ایسے نوجوان تیار ہو رہے ہیں جن کے اختراعی خیالات اور جدت طرازی کے اقدامات ہندوستان کو خود کفیل بنانے کی قوت بن رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے ماضی میں خود حکمرانی کی خواہش اور آزادی کے خواب کا آج کے خود انحصاری کے عزم اور مستقبل کی تعمیر کے مواقع سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘‘خواہش سے خود انحصاری تک کا یہی سفر وکست بھارت کی تعمیر کی اصل توانائی ہے۔’’

آئی آئی ٹی کھڑگپور کے قیام سے اب تک کے سفر کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ادارہ آزاد ہندوستان میں ایسے وقت قائم کیا گیا تھا جب ملک میں ابھی پہلا عام انتخابات بھی منعقد نہیں ہوئے تھے۔ اس وقت ملک کو صنعتوں اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے انجینئروں کی ضرورت تھی۔انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے ہندوستان کی سائنسی صلاحیتوں میں اضافہ ہوا، اس ادارے کے فارغ التحصیل  اسٹوڈنٹس نے خلائی پروگرام اور جوہری توانائی کے پروگراموں کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ بعد ازاں انہوں نے ہندوستان کی سافٹ ویئر صنعت کو مضبوط بنانے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دور اور عالمی معیشت میں بڑی بین الاقوامی کمپنیوں کی قیادت کرنے میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ آئی آئی ٹی کھڑگپور نے ہر دور میں  ملک کی تعمیر کی اپنی ذمہ داری پوری کرنے کے لیے مسلسل آگے بڑھ کر کام کیا ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ جب ہندوستان وکست بھارت کے ہدف کی جانب گامزن ہے تو اس ادارے کا 75 سالہ تجربہ ملک کی ترقی اور اختراعات کے میدان میں ہندوستان کی عالمی شناخت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے طلبہ پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا‘‘مجھے یقین ہے کہ آپ آج کے بلند عزائم رکھنے والے ہندوستان کے خوابوں کو پورا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔’’

انسانی صلاحیتوں کی وضاحت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کسی شخص کی قابلیت کا تعین اس بات سے نہیں ہوتا کہ وہ کتنی جلدی مطمئن ہو کر بیٹھ جاتا ہے، بلکہ اس بات سے ہوتا ہے کہ وہ مشکلات کو چیلنج کرنے کے لیے کتنی جرأت دکھاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اکثر لوگ اپنی سوچ پر خود ہی حدود عائد کر لیتے ہیں، جنہیں محدود کرنے والے عقائد کہا جاتا ہے۔ یہ عقائد ان کے خوابوں، صلاحیتوں اور ملک کی استعداد کو محدود کر دیتے ہیں اور لوگ خود ہی طے کر لیتے ہیں کہ کیا ممکن ہے اور کیا ناممکن۔جناب مودی نے کہا‘‘ہم اپنی سوچ کی حد کو ہی دنیا کی حد تصور کرنے لگتے ہیں۔’’وزیر اعظم نے کہا کہ قومیں بھی اپنی حقیقی صلاحیتوں کو اسی وقت پہچانتی ہیں جب وہ اپنی سوچ کی حدود کو توڑتی ہیں، جیسا کہ ہندوستان نے گزشتہ چند برسوں میں کر کے دکھایا ہے۔جناب مودی نے زور دے کر کہا‘‘ہندوستان نے پوری جرأت کے ساتھ اعلان کیا: حدود کو توڑیں، امکانات کے نئے دروازے کھولیں’’

وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ 12 برسوں کے دوران حکومت نے غریبوں کو بااختیار بنا کر اور ان کی زندگیوں کو آسان بنانے کے لیے مختلف اسکیمیں شروع کرکے اس سوچ کو تبدیل کیا ہے، جس کے نتائج آج واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔ ورلڈ بینک کی تازہ ترین رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے، جس کے مطابق ہندوستان میں صرف 12 سے 13 برسوں کے دوران 50 کروڑ افراد خطِ غربت سے باہر آئے ہیں، انہوں نے اس کامیابی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے کہا، ’’یہ کوئی معمولی تبدیلی نہیں ہے، بلکہ یہ اس سوچ کا نتیجہ ہے جو کہتی ہے: حدود کو توڑیں۔‘‘

سیمی کنڈکٹر مشن کی مثال پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ جب اس مشن کا آغاز کیا گیا تو کئی سوالات اٹھائے گئے تھے کہ جب دیگر ممالک گزشتہ 50 برسوں سے سیمی کنڈکٹر تیار کر رہے ہیں تو اب اس کی ضرورت کیا ہے اور ہندوستان اب کیا حاصل کر سکتا ہے؟ جناب مودی نے کہا‘‘اسی لیے جب میں نے سیمی کنڈکٹر مشن کی بات کی تو کہا گیا کہ اب بہت دیر ہو چکی ہے’’۔انہوں نے کہا کہ ان کا عزم مضبوط تھا اور انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر ماضی میں تاخیر ہوئی ہے تو کیا ہندوستان اب بھی ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھا رہے؟ وزیر اعظم نے یاد کیا کہ انہوں نے خود افسران کو ایک ساتھ بٹھا کر منصوبہ بندی کا آغاز کیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ صرف چار برسوں کے اندر ملک بھر میں سیمی کنڈکٹر کی متعدد مینوفیکچرنگ سہولیات قائم ہو چکی ہیں، ہندوستان نے چِپس برآمد کرنا شروع کر دی ہیں اور آئی آئی ٹی کھڑگپور کے سابق  اسٹوڈنٹس ان میں سے کئی یونٹس کی قیادت اور کام کاج سنبھال رہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا‘‘ذرا سوچئے، اگر ہم یہ مان کر بیٹھ جاتے کہ جب دوسرے ممالک یہ کام کر رہے ہیں تو ہمیں اب سیمی کنڈکٹر بنانے کی کیا ضرورت ہے، تو کچھ بھی ممکن نہ ہو پاتا۔’’

خلائی شعبہ کو ایک اور نمایاں مثال قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پہلے ہندوستان کا خلائی نظام بڑی حد تک صرف اسرو  تک محدود تھا، جہاں داخلہ کے مواقع محدود تھے اور ہر لانچ یا مشن کا اپنا الگ نظام ہوتا تھا۔ اس کے نتیجے میں ادارے سے باہر موجود نوجوان صلاحیتوں کو بہت کم مواقع ملتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے وزارت کو واضح طور پر کہا تھا کہ نوجوان اختراع کاروں کو مواقع ملنے چاہئیں اور اسی مقصد کے تحت ہندوستان کے خلائی شعبے کو نوجوانوں کے لیے کھول دیا گیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آئی آئی ٹی کھڑگپور کے سابق طالب علم پون نے اسکائی روٹ ایرو اسپیس  قائم کرکے ہندوستان کو اپنا پہلا نجی راکٹ لانچ کرنے کا اعزاز دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ خلائی شعبہ کے متعدد اسٹارٹ اپس آج ہندوستان کے خلائی پروگرام کو تیز رفتاری سے آگے بڑھا رہے ہیں اور کبھی ناممکن نظر آنے والے خوابوں کو حقیقت میں بدل رہے ہیں۔جناب مودی نے کہا‘‘میں فخر کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ ناممکن کو ممکن بنانے میں آپ کے سابق  اسٹوڈنٹس نے بہت بڑا تعاون دیا ہے’’۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کو اسٹوڈنٹس سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں، کیونکہ آنے والی دو دہائیاں ان کی زندگی کے سب سے زیادہ نتیجہ خیز سال اور ہندوستان کی ترقی کے لیے فیصلہ کن دور ہوں گی۔ 2047 تک ان میں سے بہت سے  اسٹوڈنٹس اہم قیادتی عہدوں پر فائز ہوں گے اس لیے ان کی ہر کامیابی ملک کے لیے اہم ہوگی۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ہمیشہ خود سے یہ سوال کریں کہ وہ ملک کے کس بڑے چیلنج کو حل کرنے میں اپنا تعاون دینا چاہتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنا منتر‘‘نیشن فرسٹ’’یعنی ملک سب سے پہلے ہمیشہ یاد رکھنے کی تلقین کی۔وزیر اعظم نے کہا‘‘جب آپ اس سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں گے تو یقیناً اس سے آپ کے لیے بھی نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ملک کو بھی بے پناہ فائدہ پہنچے گا۔’’

گزشتہ 75 برسوں کے دوران ادارے کے شاندار کام کی ستائش کرتے ہوئے وزیر اعظم نے  اسٹوڈنٹس اور ادارے سے وابستہ تمام افراد پر زور دیا کہ وہ محنت اور پختہ عزم کے ساتھ آگے بڑھیں، تاکہ وکست بھارت (ترقی یافتہ ہندوستان) میں اس ادارے کی 100 سالہ تقریبات منائی جا سکیں۔وزیر اعظم نے سوامی وویکانند کے ان الفاظ کے ساتھ اپنے خطاب کا اختتام کیا:‘‘اٹھو، بیدار ہو جاؤ اور اس وقت تک مت رکو جب تک منزل حاصل نہ ہو جائے۔’’

 

*****

ش ح-ظ الف- م ش

UR No. 8117


(ریلیز آئی ڈی: 2340276) وزیٹر کاؤنٹر : 3