پوسٹ کرنے کی تاریخ:
23 NOV 2026 2:12PM by PIB Delhi
عالی جناب وزیراعظم جناب بالیندر شاہ جی،
دونوں ممالک کے مندوبین،
میڈیا کے ساتھیو،
آداب!
نیپال کے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے دو طرفہ دورے پر جناب بالیندر شاہ کا ہندوستان میں خیرمقدم کرتے ہوئے مجھے بے حد خوشی ہو رہی ہے۔
چند ماہ قبل، جب انہوں نے دنیا کے سب سے کم عمر وزیراعظم کی حیثیت سے اقوامِ متحدہ سے خطاب کیا تھا، تو ہمیں ان کی دور اندیشی کی واضح جھلک دیکھنے کو ملی تھی اور آج، گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران ہونے والی ہماری بات چیت میں، میں نے نیپال کے مستقبل اور ہند-نیپال تعلقات کے حوالے سے ان کے واضح وژن اور عزم کو محسوس کیا ہے۔ اس سال نیپال کے عوام نے انہیں جو تاریخی مینڈیٹ دیا ہے، اس سے نیپال کی نئی نسل کی امنگوں اور توقعات کی عکاسی ہوتی ہے۔
ایک مضبوط اور خوشحال نیپال کے ترقیاتی سفر میں ہندوستان ہمیشہ سے شراکت دار رہا ہے۔ اسی جذبے کے تحت، آج ہم نے اپنے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے ہیں۔
دوستو!
ہندوستان اور نیپال کا رشتہ محض ہمسائیگی کا نہیں، بلکہ اپنائیت اور اٹوٹ اعتماد کا رشتہ ہے۔ ہماری خوشیاں مشترکہ ہیں اور ہماری مشکلات بھی مشترکہ ہیں۔ ہم ایک دوسرے کی ترقی میں شریک ہیں اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کا سہارا بھی بنتے ہیں۔
اگست میں نیپال میں آنے والے شدید سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر ہم گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ آج، نیپال کی تعمیرِ نو اور طویل مدتی ترقی کو نئی مضبوطی فراہم کرنے کے واسطے ہم 24 ہزار کروڑ نیپالی روپے کے ترقیاتی تعاون پیکیج کا اعلان کرتے ہیں۔
ہمارا پختہ عزم ہے کہ متاثرہ خاندانوں کی زندگیاں دوبارہ معمول پر آئیں، نئے مواقع پیدا ہوں اور آئندہ آنے والی آفات سے نمٹنے کے لیے نیپال کی صلاحیت بھی مزید مستحکم ہو۔
دوستو!
ہندوستان اور نیپال کے تعلقات مشترکہ تاریخ، عقیدے، ثقافت اور عوام سے عوام کے گہرے روابط کے دھاگوں سے پیروئے ہوئے ہیں۔ بھگوان رام اور ماتا سیتا ہماری مشترکہ تہذیب اور عقیدے کی علامت ہیں۔ 2018 میں جنک پور کی مقدس سرزمین پر میں نے کہا تھا، ’’نیپال کے بغیر ہمارے دھام ادھورے ہیں، نیپال کے بغیر ہمارے رام بھی ادھورے ہیں۔‘‘
سال2024میں اجودھیا میں رام للا کی پران پرتشٹھان انجام دی گئی۔ اس تاریخی موقع سے ہمارے مشترکہ عقیدے کو نئی توانائی ملی۔ اس کے بعد سے کروڑوں عقیدت مند رام للا کے درشن کے لیے اجودھیا پہنچ رہے ہیں۔ صرف 2025 میں ہی ملک اور دنیا بھر سے تقریباً 30 کروڑ عقیدت مندوں نے اجودھیا کا سفر کیا۔
آج شروع کی گئی ٹرین سروس ’سیوا سریو ایکسپریس‘ کے ذریعے ہم اس مقدس رشتے کو ایک نئی جہت دے رہے ہیں۔ اس سے اجودھیا آنے والے عقیدت مندوں کے لیے اب جنک پور جا کر ماتا سیتا کا درشن کرنا بھی آسان ہو جائے گا۔
ہم لمبنی اور بودھ گیا سمیت دونوں ممالک کے بدھ مت اور شیو شکتی سے وابستہ مقدس مقامات کے درمیان رابطے کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھی ساتھ مل کر کام کریں گے۔
دوستو!
آج ہم نے اتراکھنڈ اور نیپال کے درمیان دھارچولا روڈ پل کا افتتاح کیا اور بنبسا میں انٹیگریٹڈ چیک پوسٹ کا سنگِ بنیاد رکھا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، ہم نیپال کی جانب دو دھارا-چاندنی انٹیگریٹڈ چیک پوسٹ کے کام کو بھی تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ ان اقدامات سے اتراکھنڈ اور نیپال کے درمیان تجارت اور لوگوں کی آمد و رفت مزید آسان ہو جائے گی۔
اس کے علاوہ، ہم بہار، اتر پردیش اور ہندوستان کی دیگر ریاستوں اور نیپال کے درمیان سڑک، ریل اور سرحدی رابطوں کے منصوبوں کو بھی نئی رفتار فراہم کریں گے۔ نیپال کی ٹرانزٹ تجارت کو مزید آسان بنانے کے واسطے ہم اسے کانڈلہ اور پارادیپ بندرگاہوں تک رسائی فراہم کریں گے۔ مجھے یقین ہے کہ تجارت، رابطوں اور سرمایہ کاری کو بہتر بنانے کی ان تمام کوششوں سے نیپال کی اقتصادی ترقی کو نئی رفتار ملے گی۔
دوستو!
نیپال کی ندیوں میں صاف توانائی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ ہندوستان کی وسیع توانائی منڈی ان امکانات کو نیپال کی اقتصادی خوشحالی کی مضبوط بنیاد بنا سکتی ہے۔
آج لوئر ارون ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کا سنگِ بنیاد رکھنا اور ارون-3 منصوبے کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کا ہمارا عزم اسی وژن کا حصہ ہے۔
دوستو!
ہندوستان کئی برسوں سے نیپال کے لیے پٹرولیم مصنوعات اور دیگر ضروری اشیاء کا قابلِ اعتماد سپلائر رہا ہے۔ ہماری ’پڑوسی سب سے پہلے‘ پالیسی کے جذبے کے مطابق، اس سال تیل کی فراہمی سے متعلق سنگین چیلنجوں کے باوجود، ہم نے نیپال کو ایندھن، کھاد اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی برقرار رکھی۔
آج موتیہاری-املیکھ گنج پائپ لائن کے ’فیز2‘ کا افتتاح اور جھاپا پیٹرولیم ٹرمینل کا سنگِ بنیاد اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنائے گا۔
دوستو!
نیپال کی نوجوان نسل صلاحیتوں، توانائی اور بڑے خوابوں سے سرشار ہے۔ ہندوستان ان کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی خاطرپوری عزم و وابستگی کے ساتھ شراکت دار بننا چاہتا ہے۔
اس عزم کو عملی جامہ پہنانے کے لیے، ہم نیپال میں اسٹارٹ اَپ انکیوبیٹر، انوویشن ہب اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) کا ایک آف شور کیمپس قائم کریں گے۔
ہم نیپالی طلبہ کے لیے ہندوستان میں قانون اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اسکالرشپ کے مواقع میں اضافہ کریں گے۔ اس کے علاوہ، فوڈ پروسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن کو فروغ دینے کے واسطے ہم نیپال میں ایگرو انڈسٹریل پارک کی ترقی میں بھی تعاون کریں گے۔
دوستو!
رامائن کی کتھا آج فلموں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نئی نسل اور پوری دنیا تک پہنچ رہی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہندوستان اور نیپال کے نوجوان تخلیق کار ساتھ مل کر اپنی مشترکہ وراثت کو نئے ذرائع سے دنیا تک پہنچائیں۔ اسی سمت میں، آئندہ ویوز سمٹ میں ہم نیپال کے ایک بڑے وفد کا خیرمقدم کریں گے۔
کھیلوں، خصوصاً کرکٹ کے شعبے میں بھی ہم نیپال میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور کھلاڑیوں کی تربیت میں اپنے تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
عالی جناب!
آج ہم اپنے مشترکہ مستقبل کو نئی سمت دینے کے واسطے ایک مشترکہ وژن دستاویز جاری کر رہے ہیں۔ یہ ’’وکست بھارت اور سمنّت نیپال‘‘ کے اپنے اپنے عزائم کو مل کر حقیقت میں بدلنے کا ایک لائحۂ عمل ہے۔
ہمارے سامنے واضح اہداف ہیں، باہمی اعتماد قائم ہے اور انہیں حقیقت میں بدلنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔ اور سب سے بڑھ کر، ہمارے ساتھ ماتا سیتا، بھگوان رام اور بھگوان بدھ کا آشیرواد ہے۔
مجھے یقین ہے کہ اسی جذبے کے ساتھ ہم اپنے مشترکہ وژن کو ٹھوس حصولیابیوں میں تبدیل کریں گے اور مل کر ہند-نیپال تعلقات کا ایک نیا سنہرا باب رقم کریں گے۔
ہند-نیپال دوستی پائندہ باد!
بہت بہت شکریہ۔
****
) ش ح – م ش ع- اش ق )
U-No. 8128