سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

دھاتی نینو تاروں کو ایم او ایف میں شامل کرکے تیار کردہ جدید مادہ سورج کی روشنی سے آلودگی پھیلانے والے مادوں کو تلف کر سکتا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 23 NOV 2026 3:49PM by PIB Delhi

سائنس دانوں نے دھاتی نینو تاروں کو دھاتی و نامیاتی ڈھانچے (ایم او ایف) میں شامل کرکے ایک نیا مادہ تیار کیا ہے، جو روشنی کی مختلف موجی طوالت (ویولینتھ) سے توانائی حاصل کرکے پائرین جیسے ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے مادوں کو مؤثر طریقے سے تلف کر سکتا ہے۔ پائرین ایک دیرپا نوعیت کا کثیر حلقہ دار عطری ہائیڈروکاربن (پی اے ایچ) ہے۔

پائرین ایک دیرپا آلودگی پھیلانے والا مادہ ہے، جو جانداروں کے لیے زہریلا ہونے اور اسے ماحول سے ختم کرنا مشکل ہونے کے باعث سنگین ماحولیاتی مسائل پیدا کرتا ہے۔ سائنس دان دھاتی و نامیاتی ڈھانچوں (ایم او ایف) کے استعمال سے پائرین کی آلودگی دور کرنے کے طریقے تلاش کر رہے ہیں۔ یہ سالماتی ساختیں(مولیکیولرکنسٹرکشنز)  ہوتی ہیں جن میں بڑے بڑے خالی مقامات موجود ہوتے ہیں، جہاں سے گیسیں اور دیگر کیمیائی مادے گزر سکتے ہیں۔ ان ڈھانچوں کی اہمیت کو 2026 میں کیمیا کے نوبیل انعام کے ذریعے بھی تسلیم کیا گیا۔

یک جہتی دھاتی نینو تاریں روشنی کو جذب کرنے اور اس سے توانائی حاصل کرنے کے لیے امید افزا مادے ہیں، کیونکہ یہ بجلی کو مؤثر طریقے سے منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ روشنی کے ساتھ مضبوط تعامل(انٹریکشن) بھی کرتی ہیں۔ ان کی منفرد ساخت انہیں زیادہ روشنی جذب کرنے کے قابل بناتی ہے۔ یہی خصوصیات انہیں روشنی کی مدد سے کام کرنے والی جدید ٹیکنالوجیز کی تیاری کے لیے موزوں بناتی ہیں۔ بالخصوص، پلازمونک فوٹوکیٹالسس پائیدار توانائی اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں ایک امید افزا طریقۂ کار ہے، کیونکہ اس کے ذریعے مرئی روشنی(ویزیبل) اور قریبِ زیریں سرخ روشنی(نیئر-انفراریڈلائٹ)، دونوں سے مؤثر طور پر استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ اس طرح دھاتی نینو تاروں کو ایم او ایف میں شامل کرنے سے دونوں اجزا کی انفرادی خصوصیات کو یکجا کرکے ان کے مشترکہ فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

حکومتِ ہند کےمحکمہ سائنس و ٹیکنالوجی (ڈی ایس ٹی) کے تحت ایک خودمختار ادارے، انسٹی ٹیوٹ آف ایڈوانسڈ اسٹڈی اِن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (آئی اے ایس ایس ٹی)، گوہاٹی کے محققین نے ایک ہائبرڈ مادہ تیار کیا ہے۔ یہ مادہ تانبے کی نینو تاروں (سی یو این ڈبلیو) پر مشتمل ہے، جنہیں آئسوریٹیکولر میٹل–آرگینک فریم ورک-8 (آئی آر ایم او ایف-8)کے اندر محدود جگہ میں رکھا گیا ہے۔ اس میں پیلیڈیم(پی ڈی) کے نینو ڈھانچے بھی شامل کیے گئے ہیں، تاکہ روشنی کے جذب اور فوٹوکیٹالیٹک سرگرمی کو بہتر بنایا جا سکے۔ آئسوریٹیکولر سے مراد ایسی ساخت ہے جس کا بنیادی جال ایک جیسی ترتیب رکھتا ہو۔

اسی دوران، پیلیڈیم کے متبادل کے طور پر ایلومینیم(اے آئی) کا انتخاب بھی کیا گیا، کیونکہ یہ وافر مقدار میں دستیاب، کم لاگت اور پلازمونک توانائی کی حامل دھات ہے۔ آئی آر ایم او ایف-8 نینو تاروں کو ایک محدود ماحول فراہم کرتا ہے، جس سے مختلف اجزا ءکے درمیان قریبی تعامل ممکن ہوتا ہے اور برقی بار (چارج) کی مؤثر منتقلی میں مدد ملتی ہے۔

پیلیڈیم کو شامل کرنے سے پلازمونک تعاملات کے ذریعے روشنی کی وسیع تر حد کو جذب کرنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا، جبکہ زمین میں وافر مقدار میں پائے جانے والے ایلومینیم پر مبنی نظام نے ایک امید افزا اینٹینا-ری ایکٹر پلیٹ فارم تشکیل دیا۔ اس کے نتیجے میں اجزا ءکے باہمی رابطے کی سطح پر برقی بار کی منتقلی کو فروغ ملا اور پولی بینزینائڈ ہائیڈروکاربن آلودگیوں کے فوٹوکیٹالیٹک کے ذریعے تجزیے کا عمل بہتر ہوا۔

دھاتی و نامیاتی ڈھانچے(آئی آر ایم او ایف-8) میں تانبے کی نینو تاروں(سی یو این ڈبلیو) کے ساتھ پیلیڈیم(پی ڈی) کو بہترین تناسب سے شامل کرنے کے نتیجے میں پائرین کی 99 فیصد آلودگی دور کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی، جبکہ اسی ڈھانچے میں تانبے کی نینو تاروں کے ساتھ ایلومینیم(اے آئی) کو شامل کرنے سے 85 فیصد پائرین تلف کیا جا سکا۔ یہ نتائج تجربے کے دوران روشنی کی شعاعوں اور الٹراسونک لہروں کے استعمال سے حاصل ہوئے۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261123155118_d067b5.jpg

شکل: شمسی توانائی اور الٹراسونک لہروں کی مدد سے پائرین کو تلف کرنے کے لیے تیار کردہ فوٹوکیٹالیٹک مادوں کی خاکہ جاتی وضاحت۔

پروفیسر دیواشیش چودھری کی قیادت میں کی گئی اس تحقیق میں ان کے پی ایچ ڈی کے محقق مس نترا پرووا بروا نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ اس تحقیق میں پروفیسر مجیب الرحمٰن خان، محترمہ مندیرا ٹھاکر، محترمہ اِپسہ اختر، جناب راہل سونکر اور پروفیسر اروندھتی دیوی نے بھی تعاون کیا۔ اس تحقیق کے نتائج حال ہی میں اے سی ایس اپلائیڈ انرجی میٹریلز نامی جریدے میں شائع ہوئے ہیں۔ یہ نتائج شمسی توانائی سے چلنے والے فوٹوکیٹالیسس اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک، بالخصوص آبی ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے، ایم او ایف کے اندر محدود پلازمونک نینو مادوں کی تیاری کا ایک اہم طریقۂ کار پیش کرتے ہیں۔

پروفیسر چودھری نے کہا، ‘‘یہ تحقیق ایلومینیم (اے آئی) پر مبنی نظام تیار کرنے کی بھی ایک کوشش ہے، جس نے فوٹوکیٹالسس کے عمل میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس سے قیمتی دھاتوں پر انحصار کم کرنے کے امکانات بھی روشن ہوئے ہیں۔’’

Publication Link: 10.1021/acsaem.6c02080

****

 ش ح۔  م م۔  ج ا

U.No. 8135

 


(ریلیز آئی ڈی: 2340418) وزیٹر کاؤنٹر : 14
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil