سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

این ایچ اے آئی کے بغیر رکاوٹ ایم ایل ایف ایف ٹول وصولی نظام سے فعال ٹول پلازوں پر ٹول کی خالص آمدنی میں 19.84 فیصد اضافہ کیا

ایم ایل ایف ایف نظام کے تحت سات ٹول پلازوں کی مجموعی کارکردگی سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کے نفاذ سے پہلے کی اسی مدت کے مقابلے میں خالص آمدنی میں 19.84 فیصد اضافہ ہوا ہے،لین دین کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ درج کیا گیا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 23 NOV 2026 5:20PM by PIB Delhi

ملک میں برقی ٹول وصولی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ملٹی لین فری فلو (ایم ایل ایف ایف)ٹیکنالوجی کے ذریعے بغیر رکاوٹ ٹول وصولی کا نظام نافذ کیا جا رہا ہے۔ اس سے قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والوں کے ساتھ ساتھ حکومت کو بھی نمایاں فوائد حاصل ہو رہے ہیں۔ اس نظام کے تحت فعال ٹول پلازوں پر ٹول سے حاصل ہونے والی خالص آمدنی اور لین دین کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ درج کیا گیا ہے۔ بغیر رکاوٹ ٹول وصولی کے اس اقدام نے یہ ثابت کیا ہے کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے قومی شاہراہوں پر سفر کے نظام میں نمایاں تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ کیونکہ اس سے گاڑیوں کو ٹول پلازوں پر رکنے کی ضرورت نہیں رہتی۔ یہ نظام گاڑیوں کی بلا رکاوٹ آمد و رفت کو یقینی بناتا ہے، ٹریفک کی بھیڑ اور سفر کے وقت کو کم کرتا ہے۔ ایندھن کی کھپت اور گاڑیوں سے خارج ہونے والی آلودگی میں کمی لاتا ہے اور ٹول وصولی کے عمل میں شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بناتا ہے۔

یکم مئی 2026 کو گجرات کے چوریاسی فیس پلازا پر کامیاب آغاز کے بعد ایم ایل ایف ایف نظام کو بتدریج مزید آٹھ فیس پلازوں، یعنی منڈکا، دولت پورہ، گھرونڈا، منوہر پورہ، شاہجہاں پور، پرانور، نیملی اور چیناسمدرم میں بھی نافذ کیا گیا ہے۔ 31 اکتوبر 2026 تک ان سات پلازوں (نیملی اور چیناسمدرم کو چھوڑ کر، جہاں یہ نظام نومبر 2026 میں شروع ہوا) کی مجموعی کارکردگی سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایم ایل ایف ایف نظام کے نفاذ سے پہلے کی اسی مدت کے مقابلے میں این ایچ اے آئی کی خالص آمدنی میں 19.84 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ لین دین کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ درج کیا گیا ہے۔

خالص آمدنی میں نمایاں اضافہ

ایم ایل ایف ایف نظام کے تحت کام کرنے والے سات ٹول پلازوں کی مجموعی کارکردگی، ان کے آغاز کی متعلقہ تاریخوں سے یکم نومبر 2026 تک، ایم ایل ایف ایف نظام کے آغاز سے فوراً پہلے کی مدت کے مقابلے میں درج ذیل ہے:

 

ایم ایل ایف ایف ٹول پلازہ

تاریخ پر لائیو جائیں

ایم ایل ایف ایف سے پہلے کی مدت کے حوالے سے خالص محصول میں اضافہ

چوریاسی، گجرات

01.05.2026

23.06 فیصد

منڈکا، دہلی

11.05.2026

23.55فیصد

دولت پورہ، راجستھان

19.06.2026

15.66فیصد

گھروندا، ہریانہ

25.06.2026

17.39فیصد

منوہر پورہ، راجستھان

01.07.2026

24.51 فیصد

شاہجہاں پور، اتر پردیش

01.08.2026

16.57فیصد

پرانور، تمل ناڈو

01.10.2026

26.95فیصد

7 پلازوں میں اوسط اضافہ

 

21.10فیصد

مجموعی طور پر اضافہ (مشترکہ وزن کی بنیاد)

 

19.84فیصد

)نیملی ٹول پلازا اور چیناسمدرم ٹول پلازا پر یہ نظام بالترتیب 12 نومبر 2026 اور 21 نومبر 2026 کو شروع کیا گیا۔ اس لیے انہیں مذکورہ بالا اعداد و شمار میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔(

اعداد و شمار کے مطابق ان سات ٹول پلازوں سے مجموعی طور پر تقریباً 538.95 کروڑ روپے کی خالص آمدنی حاصل ہوئی ہے۔جبکہ ایم ایل ایف ایف نظام کے نفاذ سے پہلے اسی مدت میں یہ آمدنی تقریباً 449.72 کروڑ روپے تھی۔ اس طرح خالص آمدنی میں تقریباً 89.23 کروڑ روپے کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔

آمدنی میں یہ اضافہ خاص طور پر قابل ذکر ہے۔ کیونکہ یہ لین دین کی تعداد میں نمایاں اضافے اور وصولی کے اخراجات میں کمی کے ساتھ حاصل ہوا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایم ایل ایف ایف نظام نہ صرف ٹول وصولی کے عمل کو تیز کر رہا ہے بلکہ اس کی کارکردگی اور دائرۂ کار کو بھی بہتر بنا رہا ہے۔ اس کے نتیجے میں آمدنی کے ضیاع میں کمی آ رہی ہے اور مقررہ صارف فیس کی بہتر وصولی یقینی بن رہی ہے۔

مزید برآں ان ٹول پلازوں پر جاری کیے گئے برقی نوٹسوں میں درج مجموعی رقم کا تقریباً 60 فیصد پہلے ہی وصول کیا جا چکا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹیکنالوجی پر مبنی نفاذ کا نظام قوانین کی پابندی یقینی بنانے اور ان گاڑیوں سے بھی صارف فیس وصول کرنے میں مؤثر ثابت ہو رہا ہے، جنہوں نے ابتدا میں ادائیگی سے بچنے کی کوشش کی تھی۔

ٹول ادائیگی سے بچنے والوں کے خلاف کارروائی

بغیر رکاوٹ ٹول وصولی کے نظام کی جانب منتقلی سے جہاں عملی اور مالی اعتبار سے نمایاں فوائد حاصل ہوئے ہیں، وہیں ایسے واقعات بھی سامنے آئے ہیں جن میں بعض گاڑی مالکان نے ٹول کی ادائیگی سے بچنے کے لیے جان بوجھ کر اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن نمبر پلیٹوں کو ڈھانپا، چھپایا یا ان میں ردوبدل کیا۔ این ایچ اے آئی نے ایسے واقعات کا سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے اور ایسے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنانے کے لیے متعلقہ ریاستی حکومتوں اور نفاذِ قانون کی ایجنسیوں کے ساتھ قریبی تال میل قائم کیا ہے۔ گھرونڈا فیس پلازا سمیت ایم ایل ایف ایف نظام کے بعض مقامات پر پولیس چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں، جہاں اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث پائی جانے والی گاڑیوں کو روک کر موٹر گاڑیاں ایکٹ، 1988 کی متعلقہ دفعات کے تحت ان کے چالان کیے جا رہے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی، این ایچ اے آئی ایسی گاڑیوں کی شناخت اور ان کے رجسٹرڈ مالکان کا سراغ لگانے کے لیے گاڑیوں کی مخصوص شناخت (وہیکل فنگر پرنٹنگ) اور واہن ڈیٹابیس سے ربط سمیت مصنوعی ذہانت پر مبنی تکنیکی حل بھی نافذ کر رہا ہے۔ غیر ادا شدہ صارف فیس کی وصولی کے لیے برقی نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں اور مقررہ طریقۂ کار کے مطابق، ایسے معاملات میں واہن کی متعلقہ خدمات محدود کی جا رہی ہیں جہاں ان نوٹسوں کے باوجود واجب الادا رقم ادا نہیں کی جاتی۔

این ایچ اے آئی قومی شاہراہوں کے پورے جال میں بغیر رکاوٹ ٹول وصولی کے نظام کو وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے، تاکہ قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والوں کو زیادہ سہولت، تیز رفتار اور بلا رکاوٹ سفر کے ساتھ بہتر سفری تجربہ فراہم کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی، یہ ادارہ ٹول کی ادائیگی سے بچنے کے واقعات کی روک تھام، سرکاری آمدنی کے تحفظ اور شاہراہ استعمال کرنے والے تمام افراد کی جانب سے مقررہ ضوابط کی پابندی یقینی بنانے کے لیے ریاستی حکومتوں کے تعاون سے ٹیکنالوجی پر مبنی نگرانی اور نفاذ کے نظام کو مزید مضبوط بناتا رہے گا۔

 

*****

 ( ش ح ۔ م ح۔م ذ)

U. No. 8147

 


(ریلیز آئی ڈی: 2340459) وزیٹر کاؤنٹر : 10