پوسٹ کرنے کی تاریخ:
23 NOV 2026 4:54PM by PIB Delhi
بھارت کے وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی دعوت پر نیپال کے وزیرِ اعظم عزت مآب بالیندر شاہ نے 22 سے 23 نومبر 2026 تک بھارت کا سرکاری دورہ کیا۔ اس دوران دونوں وزرائے اعظم نے نئی دہلی میں خوشگوار، جامع اور مستقبل کے امکانات پر مبنی بات چیت کی اور دوطرفہ تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ بھارت اور نیپال کے قدیم تہذیبی اور تاریخی روابط اب ایک کثیرالجہتی شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں، جس کی بنیاد عوام کے درمیان گہرے روابط، باہمی احترام اور ایک دوسرے کے مفادات کے اصولوں پر قائم ہے۔
نیپال نے اگست 2026 میں رسووا-تریشولی طاس اور دیگر علاقوں میں سیلاب اور ملبہ گرنے کے واقعات کے بعد بھارت کی جانب سے فوری انسانی امداد اور تلاش و بچاؤ کی کارروائیوں میں فراہم کردہ تعاون پر اظہارِ تشکر کیا۔ دونوں رہنماؤں نے نیپال کی تعمیرِ نو کی کوششوں کے لیے مزید معاونت کے امکانات پر مسلسل رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ بھارت اور نیپال کی دوطرفہ شراکت داری کو موجودہ سیاسی، اقتصادی اور تکنیکی حقائق کی عکاسی کرنی چاہیے اور اسے ایک جدید، تازہ ترین اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ قانونی ڈھانچے پر استوار ہونا چاہیے۔ اس سلسلے میں موجودہ دوطرفہ معاہدوں، بشمول 1950 کے امن و دوستی معاہدے، پر باہمی رضامندی کی بنیاد پر نظرثانی کی جا سکتی ہے۔دونوں ممالک کے درمیان تمام زیرِ التوا معاملات، بشمول آبی وسائل، توانائی، تجارت و کاروبار اور سرحد سے متعلق امور، باہمی مشاورت اور بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
بھارت اور نیپال کے تعلقات کو ایک جدید اور نتائج پر مبنی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے مقصد سے، جو دونوں ممالک کے عوام کے لیے ٹھوس فوائد فراہم کرے، دونوں رہنماؤں نے اس ’مشترکہ وژن‘ کو اپنایا ہے۔ یہ وژن بھارت اور نیپال کے عوام، بالخصوص نوجوانوں کی امنگوں اور خواہشات پر مرکوز ہے اور دوطرفہ شراکت داری کے مستقبل کے لئے ایک لائحہ عمل فراہم کرے گا۔ اس میں درج ذیل دس اہم ستونوں پر توجہ دی گئی ہے:
1.جامع اقتصادی اور ترقیاتی شراکت داری
بھارت کے قومی وژن ’وکست بھارت 2047‘ اور نیپال کی قومی امنگ ’سمنّت نیپال‘میں کئی ایسے مشترکہ پہلو موجود ہیں، جن سے فائدہ اٹھا کر دونوں ممالک کے وسیع اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں درج ذیل اقدامات شامل ہوں گے:
اوّل۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے موجودہ معاہدوں اور معاون قانونی و پالیسی ڈھانچوں کا جائزہ لیا جائے گا، تاکہ ایک زیادہ جامع اقتصادی شراکت داری کو ممکن بنایا جا سکے۔
دوم۔ بہتر رسائی اور رابطہ کاری کو مضبوط بنانے کے لیے نئی راہداریوں اور فضائی راستوں کا آغاز کیا جائے گا۔
سوم۔ بھارت اور نیپال کی سرحد کے قریب برآمدات پر مبنی صنعتی پیداوار کے لیے سرحد پار خصوصی اقتصادی زونز اور صنعتی پارکس کے قیام میں تعاون کیا جائے گا، تاکہ مینوفیکچرنگ اور دیگر پروسیسنگ صنعتوں کی سپلائی چین سے روابط قائم کیے جا سکیں۔ اس کے ساتھ ہی دونوں ممالک آئی ٹی پارکس کی ترقی میں بھی تعاون کریں گے۔
چہارم۔ نیپال کے ترجیحی شعبوں میں بھارتی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ایسے معاہدوں کو حتمی شکل دی جائے گی جو سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے اور کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔
پنجم۔ بھارت نیپال کو مجموعی طور پر 15,000 کروڑ بھارتی روپے (24,000 کروڑ نیپالی روپے) کی ترقیاتی معاونت فراہم کرے گا۔ اس میں شامل ہیں 3,500 کروڑ بھارتی روپے (5,600 کروڑ نیپالی روپے) کی گرانٹ: قدرتی آفات کے بعد تعمیرِ نو اور نیپال میں نئے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے لیے،11,500 کروڑ بھارتی روپے (18,400 کروڑ نیپالی روپے کی مالیت کی بھارتی کرنسی میں قرض کی سہولت): توانائی کے شعبے سے متعلق منصوبوں کے لیے، ترقیاتی معاونت کے تحت مخصوص منصوبوں اور امداد کی فراہمی کے طریقۂ کار کو باہمی مشاورت کے ذریعے حتمی شکل دی جائے گی۔
2. بنیادی ڈھانچے اور ڈیجیٹل رابطوں کا فروغ
رابطہ کاری اقتصادی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور عوام کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ اس شعبے میں ہونے والی نمایاں پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے ایودھیا (بھارت) اور جنک پور (نیپال) کے درمیان براہِ راست ایکسپریس ریل سروس کے آغاز اور مہاکالی دریا پر دھارچولا (بھارت) اور دارچولا (نیپال) کے درمیان گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے پل کی تعمیر کا خیرمقدم کیا۔ اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے درج ذیل اقدامات پر اتفاق کیا:
اوّل۔ بھیرہوا (نیپال) اور سونولی (بھارت) میں زیرِ تعمیر مربوط چیک پوسٹوں (آئی سی پیز) اور بنباسا (بھارت) اور دودھارا چاندنی (نیپال) میں نئی مربوط چیک پوسٹوں کی تعمیر کا کام تیز کیا جائے گا۔
دوم۔ جینگر-بردیباس اور جوگبنی-بیرات نگر ریلوے لائنوں کے آخری حصوں کی تعمیر کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔
سوم۔ رکسول-کاٹھمنڈو ریلوے رابطے کے حتمی مقام کے سروے (ایف ایل ایس) کی تکمیل کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک نے نیپال میں مشرقی-مغربی ریلوے رابطے کی ترقی کے لیے تعاون پر اتفاق کیا، تاکہ بھارت اور نیپال کے درمیان ایک دوسرے کے ساتھ مربوط ریل نیٹ ورک قائم کیا جا سکے۔ اس سلسلے میں بردیباس-نج گڑھ سیکشن اور بیرگنج-نج گڑھ رابطے کو ترجیح دی جائے گی۔
چہارم۔ نئے گاڑیوں کے قابل پلوں اور تجارتی راستوں کے ذریعے بھارت اور نیپال کے درمیان سڑکوں کے رابطے کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
پنجم۔ سرحد پار پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے کو وسعت دی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے سلی گوڑی (بھارت) اور جھاپا (نیپال) کو ملانے والی نئی پائپ لائن تعمیر کی جائے گی اور بھارت و نیپال کے درمیان گیس پائپ لائن بچھانے کے امکان کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ششم۔ بھارت کے یو پی آئی (یونیفائیڈ پیمنٹس انٹرفیس) کو نیپال کے قومی ادائیگی نظام سے منسلک کیے جانے کے بعد، دونوں ممالک نے سرحد پار خوردہ ادائیگیوں کے نظام پر عمل درآمد تیز کرنے پر اتفاق کیا۔
ہفتم۔ پی ایم گتی شکتی جیسے پلیٹ فارمز کے ذریعے مربوط بنیادی ڈھانچے کی منصوبہ بندی اور رابطہ کاری کے شعبوں میں تعاون کیا جائے گا۔ نیپال اپنے جغرافیائی اور ترقیاتی ترجیحات کے مطابق اس نظام کو اپنانے پر غور کر سکتا ہے۔
ہشتم۔ بھارت اور نیپال کے درمیان بین الاقوامی سرحد کو کھلا، محفوظ اور منظم رکھنے کے ساتھ ساتھ سرحد پار جرائم اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
3. توانائی، آبی وسائل اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت
توانائی، آبی وسائل اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے شعبوں میں بھارت اور نیپال کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات کو تسلیم کرتے ہوئے، دونوں ممالک نے ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے، باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو فروغ دینے اور پائیدار، موسمیاتی اثرات کے مقابلے میں مضبوط اور جامع ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس مقصد کے لیے درج ذیل اقدامات کیے جائیں گے:
اوّل۔ بجلی کے شعبے میں تعاون سے متعلق بھارت-نیپال مشترکہ وژن دستاویز کے مطابق، بھارت نیپال میں پن بجلی کے منصوبوں اور بجلی کی ترسیل کے بنیادی ڈھانچے میں مزید سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرے گا، جبکہ نیپال ایسی سرمایہ کاری کے لیے سازگار اور باہمی مفاد پر مبنی نظام سمیت ضروری تعاون اور سہولت فراہم کرے گا۔ متعلقہ حکام باہمی مفاد اور مارکیٹ کی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے بجلی کی تجارت میں مزید اضافے کے امکانات کا جائزہ لیں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان بجلی کی تجارت کو وسعت دی جا سکے۔
دوم۔ دونوں ممالک باہمی مفاد کے لیے آبی وسائل سے استفادہ کرنے اور سیلاب کے مضر اثرات کو کم کرنے کی غرض سے جاری اور مجوزہ پن بجلی و کثیرالمقاصد منصوبوں، بشمول پنچیشور، سپتا کوشی اور سن کوشی کثیرالمقاصد منصوبوں پر عمل درآمد کا کام تیز کریں گے۔
سوم۔ دونوں ممالک نے قدرتی آفات کے خطرات میں کمی، بروقت پیشگی انتباہ اور آفات کے بعد بحالی کے لیے فعال شراکت داری قائم کرنے پر اتفاق کیا، تاکہ انسانی جانوں، ذرائع معاش اور بنیادی ڈھانچے کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
چہارم۔ دونوں ممالک نے آبی و موسمیاتی اعداد و شمار، برفانی جھیلوں کی نگرانی اور پیشگی انتباہی نظام سے متعلق معلومات کا حقیقی وقت میں دوطرفہ تبادلہ ادارہ جاتی سطح پر یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ مشترکہ انسانی امداد اور آفات سے نمٹنے کی مشقوں (ایچ اے ڈی آر)، صلاحیت سازی، تربیت اور انسانی امداد کے شعبوں میں دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
پنجم۔ دونوں ممالک بین الاقوامی شمسی اتحاد، آفات سے محفوظ بنیادی ڈھانچے کے اتحاد ، انٹرنیشنل سینٹر فار انٹیگریٹڈ ماؤنٹین ڈیولپمنٹ اور انٹرنیشنل بگ کیٹ الائنس سمیت کثیرالجہتی تنظیموں کے اندر تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
ششم۔ دونوں ممالک شمسی توانائی سے لے کر زیرِ زمین توانائی کے ذرائع تک توانائی کے مزید متبادل ذرائع کی ترقی میں تعاون کریں گے۔ اس سلسلے میں نیپال میں گرین ہائیڈروجن سے متعلق ایک پائلٹ پروجیکٹ بھی شروع کیا جائے گا۔
ہفتم۔ بھارت ماحولیات سے متعلق مختلف شعبوں، مثلاً پالیسی سازی، ضابطہ کاری، معیارات کے تعین، جنگلات، قدرتی آفات کے خطرات کی نقشہ بندی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق زراعت کے فروغ کے لیے نیپال کے نوجوان پیشہ ور افراد، سرکاری عہدیداروں اور ماہرین کی تربیت میں سہولت فراہم کرے گا۔
ہشتم۔ بھارت آبی ذخائر کی بحالی اور زیرِ زمین پانی کو آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لیے بھی اپنی مہارت اور تجربات نیپال کے ساتھ شیئر کرے گا۔
4. بہتر طرزِ حکمرانی
اچھی حکمرانی سے متعلق نیپال کی ترجیحات اور بھارت کے اختیار کردہ طریقۂ کار میں نمایاں ہم آہنگی پائی جاتی ہے، خصوصاً ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال اور حکومت و شہریوں کے درمیان رابطے کو زیادہ شفاف، آسان اور مؤثر بنانے کے حوالے سے۔ اس مقصد کے لیے درج ذیل اقدامات کیے جائیں گے:
اوّل۔ ڈیجیٹل خودمختاری اور ڈیٹا کے تحفظ کے عالمی سطح پر تسلیم شدہ اصولوں کے مطابق ’ڈیجیٹل نیپال فریم ورک‘ پر عمل درآمد کے لیے ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں تکنیکی مہارت اور بہترین طور طریقوں کا تبادلہ کیا جائے گا۔ اس میں ڈیجیٹل شناخت، ادائیگیوں اور ای گورننس کے شعبے شامل ہوں گے۔
دوم۔ بھارت کے نیشنل سینٹر فار گڈ گورننس کے ذریعے نیپال کے سرکاری ملازمین کی تربیت کا انتظام کیا جائے گا۔
سوم۔ دونوں ممالک قومی اور صوبائی سطح پر قانون ساز اداروں کے درمیان تجربات اور بہترین طور طریقوں کا تبادلہ کریں گے۔
چہارم۔ متعلقہ بھارتی اداروں کے دوروں اور تربیتی پروگراموں کے تبادلے کے ذریعے مقامی سطح پر حکمرانی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
5. ٹیکنالوجی، خلائی تحقیق اور اختراع
ٹیکنالوجی کے وسیع تر استعمال اور اسے اپنانے کی حوصلہ افزائی، نیپال کو ٹیکنالوجی کا مرکز بنانے کے مقصد اور ان شعبوں میں بھارت کی مہارت و صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے، بھارت-نیپال شراکت داری کے تحت درج ذیل اقدامات کیے جائیں گے:
اوّل۔ بھارت-نیپال اسٹارٹ اَپ پارٹنرشپ نیٹ ورک (آئی این-ایس پی اے این) کو وسعت دی جائے گی۔ اس کے تحت نیپال کے نئے کاروباری اداروں (اسٹارٹ اَپس) کو بھارت میں تربیت اور رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ کاٹھمنڈو میں ایک اسٹارٹ اَپ سینٹر آف ایکسی لینس اور پوکھرا میں ڈیجیٹل نومیڈز اینڈ انوویشن ہب قائم کیا جائے گا۔
دوم۔ نجی سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے سمیت نیپال میں ڈیجیٹل پارکس اور ڈیٹا سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔
سوم۔ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ اس میں بھاشنی کے اشتراک سے نیپالی زبان کے لیے ایک بڑے لسانی ماڈل (لارج لینگویج ماڈل) کی تیاری بھی شامل ہے۔
چہارم۔ خلائی تحقیق کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے نیپال اکیڈمی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور نیپال کے متعلقہ اداروں کے درمیان بھارتی خلائی تحقیقی ادارے (اسرو) اور ان اسپیس کے ساتھ اشتراک کو فروغ دیا جائے گا۔ اس تعاون میں سیٹلائٹ کی تیاری، زمین کا مشاہدہ، قدرتی آفات کے انتظام کے لیے ریموٹ سینسنگ اور صلاحیت سازی جیسے شعبے شامل ہوں گے۔
پنجم۔ جدید ٹیلی کمیونی کیشن ٹیکنالوجیز، مثلاً 5-جی اور 6-جی سمیت نئی نسل کے مواصلاتی نیٹ ورکس کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
6. تعلیم اور ہنرمندی کی ترقی
ہنرمندی کے فروغ اور صلاحیت سازی کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، دونوں ممالک تربیت، انسانی وسائل کی ترقی اور تعلیمی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کریں گے۔ اس سلسلے میں درج ذیل اقدامات کیے جائیں گے:
اوّل۔ نیپال میں بھارت کے نامور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ذیلی کیمپس یا شاخیں قائم کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا، جس کا آغاز انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) سے کیا جائے گا۔
دوم۔ پہلے سے جاری کامیاب اسکالرشپ اسکیموں کو مزید وسعت دیتے ہوئے نیپالی طلبہ کے لیے قانون، ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) جیسے نئے شعبوں میں وظائف اور تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
سوم۔ اساتذہ اور ماہرین کے تبادلے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور اسے ادارہ جاتی شکل دی جائے گی۔ اس کے علاوہ تعلیمی اور تربیتی اداروں کے درمیان اشتراک کو بھی مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
چہارم۔ بھارت کے تعاون سے نیپال میں ایک پیشہ ورانہ تربیتی ادارہ قائم کیا جائے گا، جہاں نیپالی نوجوانوں کو صنعت کاری، خدمات اور کاروبار کے شعبوں سے متعلق مہارتوں اور عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔
7. کھیل کود
کھیلوں کے فروغ اور متعلقہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر نیپال کی خصوصی توجہ کو مدنظر رکھتے ہوئے، بھارت اور نیپال درج ذیل اہم اقدامات کے ذریعے باہمی تعاون کو فروغ دیں گے:
اوّل۔ بھارت نیپال میں قومی سطح پر کرکٹ کوچنگ اور تربیتی اکیڈمی کے قیام میں تعاون کرے گا۔ اس کے علاوہ قومی اور صوبائی سطح پر کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں بھی معاونت فراہم کرے گا۔
دوم۔ نیپال کی صوبائی کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑیوں کو بھارت کی قومی تربیتی اکیڈمیوں میں تربیت حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
سوم۔ بیڈمنٹن، ٹینس، شوٹنگ اور ایتھلیٹکس جیسے دیگر کھیلوں میں بھی اسی نوعیت کے تربیتی مواقع فراہم کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے ساتھ نیپال میں جدید کثیر کھیلوں کے مراکز (ملٹی اسپورٹس سینٹرز) کے قیام پر بھی غور کیا جائے گا۔
چہارم۔ پہاڑی کھیلوں کے شعبے میں مشترکہ مہمات اور مہم جوئی پر مبنی سرگرمیوں سمیت باہمی تعاون کے امکانات تلاش کیے جائیں گے۔
پنجم۔ دونوں ممالک کے متعلقہ کھیلوں کے اداروں اور حکام کی حوصلہ افزائی کی جائے گی کہ وہ کرکٹ، فٹ بال اور دیگر کھیلوں کی لیگز میں بھارت اور نیپال کے کھلاڑیوں کی ایک دوسرے کے ملک میں شرکت کے مواقع تلاش کریں۔
8. ثقافت اور سیاحت
بھارت اور نیپال کے درمیان ثقافتی روابط ہمیشہ سے دوطرفہ تعلقات کے اہم ترین ستونوں میں شامل رہے ہیں۔ ان مضبوط اور متحرک روابط کو مزید فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک نے درج ذیل اقدامات پر اتفاق کیا:
اوّل۔ بھارت اور نیپال مذہبی سیاحتی سرکٹس اور نئے سیاحتی مقامات کی ترقی کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ اس سلسلے میں رامائن، بدھ مت اور شیو شکتی سیاحتی سرکٹس تیار کیے جائیں گے، جن کے تحت جنک پور-ایودھیا، لمبنی-بودھ گیا-سارناتھ-کشی نگر اور کاٹھمنڈو (پشوپتی ناتھ)-وارانسی کو آپس میں جوڑا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے جڑواں شہروں کے معاہدوں سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔
دوم۔ دونوں ممالک نے ہر سال باری باری بھارت اور نیپال میں نوجوانوں کا ثقافتی میلہ منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ فلم سازی، تھیٹر اور فنونِ لطیفہ کے شعبوں میں فنکاروں کی تربیت اور باہمی تبادلوں کو بھی وسعت دی جائے گی۔
سوم۔ لمبنی بدھسٹ یونیورسٹی (ایل بی یو) میں نالندہ مرکز قائم کرکے نالندہ یونیورسٹی اور لمبنی بدھسٹ یونیورسٹی کے درمیان تعلیمی اور تحقیقی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
چہارم۔ سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبوں میں نوجوان کاروباری افراد کے درمیان تعاون کو فروغ دینے میں سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کو فروغ دینے کے لیے سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور مواد تخلیق کرنے والوں (کانٹینٹ کری ایٹرز) کے تعارفی دوروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
9. صحت
نیپال کی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں بنیادی صحت کی سہولیات کا مربوط نظام قائم کرنے پر دی جانے والی توجہ، صحت کے شعبے میں بھارت کے اختیار کردہ طریقۂ کار سے کافی حد تک ہم آہنگ ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ مشترکہ امکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے اور اس شعبے میں مزید مضبوط تعاون کو فروغ دینے کے لیے درج ذیل اقدامات کیے جائیں گے:
اوّل۔ نیپال کی حکومت کی ضروریات کے مطابق ہائی امپیکٹ کمیونٹی ڈیولپمنٹ پروجیکٹ (ایچ آئی سی ڈی پی) کے تحت صحت مراکز، زچگی مراکز اور اسپتالوں کی تعمیر کے منصوبوں کو جاری رکھتے ہوئے صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
دوم۔ نیپال کی نیشنل میڈیکل لیبارٹری کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے دونوں ممالک باہمی تعاون کریں گے۔
سوم۔ معیاری اور سستی ادویات تک عوام کی رسائی بہتر بنانے کے لیے بھارت-نیپال جن اوشدھی مراکز قائم کیے جائیں گے۔
چہارم۔ نیپال کے طبی ماہرین اور صحت کے شعبے سے وابستہ پیشہ ور افراد کی صلاحیت سازی کے لیے بھارتی تکنیکی و اقتصادی تعاون پروگرام (آئی ٹی ای سی) کے تحت صحت سے متعلق مختلف شعبوں میں خصوصی تربیتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
پنجم۔ دونوں ممالک کے ممتاز طبی اداروں کے درمیان روابط کو فروغ دیا جائے گا اور طلبہ و اساتذہ کے تبادلوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
ششم۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر)اور نیپال ہیلتھ ریسرچ کونسل (این ایچ آرسی) کے درمیان تحقیقی تعاون کو مضبوط بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ بھارت کے مرکزی ادویات معیارات و کنٹرول ادارے (سی ڈی ایس سی او) اور نیپال کے محکمہ انتظامیہ برائے ادویات کے درمیان بھی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
10. زراعت
بھارت اور نیپال کے درمیان زراعت کے شعبے میں پہلے ہی تجربات کے تبادلے، تربیت اور مختلف فریم ورک دستاویزات کو حتمی شکل دینے سمیت نمایاں تعاون جاری ہے۔ اس شعبے میں مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک درج ذیل اقدامات کریں گے:
اوّل۔ بھارت کی گرانٹ معاونت سے نیپال کے ضلع چتوان میں ایک زرعی صنعتی پارک (ایگرو انڈسٹریل پارک) قائم کیا جائے گا، تاکہ نیپال کی زرعی مصنوعات کی قدر میں اضافہ کیا جا سکے اور ان کی بہتر پروسیسنگ و تیاری کو فروغ ملے۔
دوم۔ انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ (آئی سی اے آر) اور نیپال ایگریکلچرل ریسرچ کونسل (این اےآرسی) کے درمیان 2026 سے 2030 کے لئے طے شدہ ورک پلان پر عمل درآمد کا عمل تیز کیا جائے گا۔
سوم۔ نیپال کے سرکاری عہدیداروں، کسانوں اور زراعت سے وابستہ دیگر پیشہ ور افراد کی صلاحیت سازی کے لیے زراعت اور مویشی پالن سے متعلق مختلف شعبوں میں خصوصی تربیتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
چہارم۔ نیپال میں انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ (آئی سی اےآر) کا ایک مرکزِ امتیاز (سینٹر آف ایکسی لینس) قائم کیا جائے گا، ممتاز زرعی جامعات کے درمیان روابط استوار کیے جائیں گے اور نیپال کے سرکاری عہدیداروں، کسانوں اور کاروباری افراد کے لیے زراعت اور مویشی پالن کے شعبوں میں ضرورت کے مطابق خصوصی تربیت کا اہتمام کیا جائے گا۔
عمل درآمد کا طریقۂ کار
دونوں وزرائے اعظم نے اعلیٰ سطحی نگرانی گروپ کو فعال بنانے کا فیصلہ کیا، جس کی قیادت نیپال کے خارجہ سکریٹری اور بھارت کے سفیر کریں گے۔ یہ نگرانی گروپ ہر چھ ماہ میں کم از کم ایک مرتبہ اجلاس منعقد کرے گا اور مجوزہ منصوبوں، تصورات اور اقدامات پر تیز رفتار عمل درآمد کو یقینی بنانے کے ساتھ متعلقہ منظوریوں اور اجازت ناموں کے حصول میں بھی سہولت فراہم کرے گا۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ اعلیٰ سطحی نگرانی گروپ اپنی رپورٹ بھارت-نیپال مشترکہ کمیشن کو پیش کرے گا، جس کی مشترکہ صدارت دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کریں گے۔ رہنماؤں نے فیصلہ کیا کہ بھارت-نیپال مشترکہ کمیشن کا اگلا اجلاس 2027 میں منعقد ہوگا۔
دونوں وزرائے اعظم نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ مشترکہ وژن دستاویز دونوں دوست ممالک کے درمیان ایک بلند عزائم پر مبنی، جدید اور باہمی مفاد کی شراکت داری کے لیے جامع لائحۂ عمل فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے بھارت اور نیپال کے متعلقہ حکام کو اس مشترکہ وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کام کرنے کی ہدایت بھی دی۔
***
ش ح۔ ک ا۔ ع د
U.NO.8142