سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

سیوریج کی دستی صفائی سے روبوٹک صفائی کے جدید نظام تک


نمستے کے تحت تربیت محفوظ اور باوقار پیشہ ورانہ منتقلی کو فروغ دیتی ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 23 NOV 2026 6:09PM by PIB Delhi

صفائی کے کارکنوں کو خطرناک دستی صفائی کے کام سے مشینی صفائی کے نظام کی جانب منتقل کرنا پیشہ ورانہ تحفظ، صحت اور وقار کو بہتر بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ تربیت اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی سے کارکنوں کو تکنیکی مہارتیں حاصل کرنے اور زیادہ محفوظ حالات میں صفائی کا کام انجام دینے میں مدد مل سکتی ہے۔

کرناٹک کے میسورو سے تعلق رکھنے والے 41 سالہ راجا (تبدیل شدہ نام) درج فہرست ذات سے تعلق رکھنے والے صفائی کارکن ہیں۔ انہوں نے تقریباً 15 سال تک گٹروں اور سیپٹک ٹینکوں کی دستی صفائی کا کام کیا، جس کے دوران انہیں طویل عرصے تک خطرناک فضلے سے براہِ راست واسطہ پڑا۔ مشینری اور تربیت تک مناسب رسائی نہ ہونے کے ساتھ ساتھ زہریلے مادوں کے اثرات سے پیدا ہونے والے صحت کے مسائل نے ان کی جسمانی صحت کو متاثر کیا۔ محدود تعلیمی قابلیت اور اہلِ خانہ کے ان کی آمدنی پر انحصار کے باعث محفوظ کام کی جانب منتقلی کے مواقع بھی محدود رہے۔

مشینی صفائی کے کاموں میں دلچسپی کے پیش نظر، انہوں نے 2026 میں نیشنل ایکشن فار میکینائزڈ سینیٹیشن ایکو سسٹم (نمستے) اسکیم کے تحت 45 صفائی کارکنوں کے ایک گروپ کے حصے کے طور پر پیشہ ورانہ تحفظ اور مشینی صفائی کی تربیت حاصل کی۔ اس تربیت میں پیشہ ورانہ صحت کو لاحق خطرات، کام کرنے کے محفوظ طریقوں اور ’بینڈی کوٹ‘ روبوٹک صفائی نظام کو چلانے کی تربیت شامل تھی۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261123180959_9dbe52.jpg

تربیت مکمل کرنے کے بعد راج گوپالا اب بینڈی کوٹ روبوٹک صفائی نظام کے آپریٹر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ اس طرح وہ گٹروں کی دستی صفائی سے مشینی صفائی کے کاموں کی جانب منتقل ہو گئے ہیں، جو ان کی پیشہ ورانہ زندگی میں ایک اہم تبدیلی ہے۔ اس نئے کام کے ذریعے انہیں خطرناک فضلے سے براہِ راست واسطہ کم پڑتا ہے اور وہ زیادہ محفوظ اور باوقار ماحول میں صفائی کا کام انجام دے رہے ہیں۔

ان کا یہ سفر اس بات کو نمایاں کرتا ہے کہ نمستے اسکیم کے تحت پیشہ ورانہ تحفظ کی تربیت اور مشینی آلات کس طرح صفائی کارکنوں کو تکنیکی مہارتیں حاصل کرنے، کام کے حالات بہتر بنانے اور زیادہ محفوظ و باوقار ذریعۂ معاش اختیار کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔

*****

 ( ش ح ۔ م ح۔م ذ)

U. No. 8150


(ریلیز آئی ڈی: 2340479) وزیٹر کاؤنٹر : 10
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil