صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے نو ماہ سے بھی کم عرصے میں ایچ پی وی ویکسین کی ایک کروڑ سے زائد خوراکیں لگانے کی ہندوستان کی کامیابی کی تعریف کی

وزیر اعظم نے اس کامیابی کو احتیاطی صحت کی دیکھ بھال کو مضبوط بنانے اور نوعمر لڑکیوں کو سروائیکل کینسر سے محفوظ رکھنے کی جانب ہندوستان کے سفر میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا

ہندوستان کے معزز نائب صدر جناب سی پی رادھا کرشنن نے وزارت صحت و خاندانی بہبود، ریاستی حکومتوں اور طبی ماہرین کی اجتماعی کوششوں کو سراہا

مرکزی وزیر صحت جناب جگت پرکاش نڈا نے ایچ پی وی ویکسینیشن کو آگے بڑھانے اور ایک صحت مند، ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے سلسلے میں وزیر اعظم کے وژن اور قیادت پر روشنی ڈالی

عالمی ادارۂ صحت کے جنوب مشرقی ایشیا خطے نے ایچ پی وی ویکسین کی ایک کروڑ خوراکیں لگانے پر ہندوستان کو مبارک باد دی اور لڑکیوں کو سروائیکل کینسر سے محفوظ رکھنے کے لیے اجتماعی کوششوں کا اعتراف کیا

اس مہم کے تحت تقریباً 1.2 کروڑ 14 سالہ لڑکیوں پر مشتمل سالانہ ہدف گروپ کی تقریباً 87 فیصد کوریج حاصل کی گئی


چھ ریاستوں نے شناخت شدہ ہدف آبادی کی 100 فیصد کوریج حاصل کی، جبکہ 12 ریاستوں میں یہ شرح 80 فیصد سے تجاوز کر گئی

اتر پردیش 29.33 لاکھ سے زائد لڑکیوں کو ویکسین لگانے کے ساتھ سرفہرست رہا، اس کے بعد بہار میں 13.70 لاکھ سے زائد اور گجرات میں 7.75 لاکھ سے زائد لڑکیوں کو ویکسین لگائی گئی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 23 NOV 2026 6:44PM by PIB Delhi

 

احتیاطی صحت کی دیکھ بھال کو مضبوط بنانے اور ملک کی بیٹیوں کی صحت کے تحفظ کے لیے ہندوستان کی مسلسل کوششوں نے ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔ معزز وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے قومی ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کے تحت نو ماہ سے بھی کم عرصے میں ہیومن پیپیلوما وائرس (ایچ پی وی) ویکسین کی ایک کروڑ سے زائد خوراکیں لگانے کی کامیابی کو سراہا ہے۔ یہ کامیابی نوعمر لڑکیوں کو ایچ پی وی انفیکشن سے محفوظ رکھنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جو سروائیکل کینسر کا سبب بن سکتا ہے۔ اس سے ملک بھر میں احتیاطی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کے بڑھتے ہوئے دائرۂ کار کی بھی عکاسی ہوتی ہے۔

اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے اس کامیابی کو احتیاطی صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں ہندوستان کے سفر کا ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین کی ہر خوراک لڑکیوں کو سروائیکل کینسر سے محفوظ رکھنے اور ان کے لیے ایک صحت مند مستقبل یقینی بنانے کی جانب ایک قدم ہے۔ انہوں نے اس کامیابی میں اپنا تعاون دینے والے تمام متعلقہ فریقوں کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

 

ہندوستان کے معزز نائب صدر جناب سی پی رادھا کرشنن نے بھی نو ماہ سے بھی کم عرصے میں ایچ پی وی ویکسین کی ایک کروڑ سے زائد خوراکیں لگائے جانے کی اس کامیابی کو سراہتے ہوئے اسے سروائیکل کینسر کے خلاف جدوجہد میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔ انہوں نے ملک گیر مہم کے کامیاب نفاذ میں شامل وزارت صحت و خاندانی بہبود، ریاستی حکومتوں اور صحت کی دیکھ بھال سے وابستہ پیشہ ور افراد کی کوششوں کا ذکر کیا۔ نائب صدر نے معزز وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت اور احتیاطی صحت کی دیکھ بھال کو مستحکم بنانے، نوعمر لڑکیوں کے تحفظ اور خواتین کی آنے والی نسلوں کے لیے صحت مند مستقبل کی تعمیر کے تئیں حکومت کے مسلسل عزم کا بھی اعتراف کیا۔

 

 

مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود جناب جگت پرکاش نڈّا نے دور اندیش قیادت اور احتیاطی صحت کی دیکھ بھال کے تئیں غیر متزلزل عزم کے لیے معزز وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا وژن اور قیادت ایک صحت مند اور وکست بھارت کی تعمیر کی سمت قدم بہ قدم اہم سنگ میل حاصل کرنے کے لیے مسلسل تحریک فراہم کر رہے ہیں۔ ایچ پی وی ویکسین کی ایک کروڑ سے زائد خوراکیں لگانے کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے جناب نڈّا نے کہا کہ یہ ہندوستان کی بیٹیوں کو سروائیکل کینسر سے محفوظ رکھنے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک بھر میں ہر اہل لڑکی تک یہ اہم حفاظتی سہولت پہنچائی جائے گی، تاکہ ایک صحت مند اور مضبوط ہندوستان کی تعمیر کے اجتماعی عزم کو آگے بڑھایا جا سکے۔

 

 

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے جنوب مشرقی ایشیا کے خطے نے بھی 14 سالہ لڑکیوں کو ایچ پی وی ویکسین کی ایک کروڑ سے زائد خوراکیں لگانے کی ہندوستان کی کامیابی کا اعتراف کیا ہے اور اسے سروائیکل کینسر کی روک تھام کی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔ عالمی ادارۂ صحت کے جنوب مشرقی ایشیا کے علاقائی دفتر (WHO-SEARO) نے اس پیش رفت کے حصول میں حکومت، صحت کارکنوں، برادریوں، والدین اور شراکت داروں کے اجتماعی عزم کو سراہا ہے۔ اس نے لڑکیوں کو سروائیکل کینسر سے محفوظ رکھنے کی کوششوں کے تحت اس بات کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا کہ ہر لڑکی کو ایچ پی وی ویکسینیشن کے ذریعے فراہم کیے جانے والے تحفظ تک رسائی حاصل ہو۔

 

 

نیشنل ایچ پی وی ویکسینیشن مہم: پیش رفت اور کوریج

 

معزز وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی جانب سے فروری 2026 میں شروع کی گئی نیشنل ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کے تحت 14 سالہ لڑکیوں کو والدین کی رضامندی سے نامزد سرکاری صحت مراکز میں ایچ پی وی ویکسین کی ایک خوراک مفت، محفوظ اور رضاکارانہ طور پر لگائی جا رہی ہے۔ نو ماہ سے بھی کم عرصے میں ویکسین کی ایک کروڑ سے زائد خوراکیں لگائی جا چکی ہیں، جس کے نتیجے میں تقریباً 1.2 کروڑ لڑکیوں پر مشتمل سالانہ ہدف گروپ کی تقریباً 87 فیصد کوریج حاصل کر لی گئی ہے۔

 

ایچ پی وی ویکسینیشن میں ریاست وار پیش رفت

 

چھ ریاستوں — گجرات، اتر پردیش، آندھرا پردیش، میزورم، مدھیہ پردیش اور بہار — نے اپنی شناخت شدہ ہدف آبادی کی 100 فیصد کوریج حاصل کر لی ہے۔ بارہ ریاستوں میں کوریج 80 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔

آسام میں 95.63 فیصد، تلنگانہ میں 95.28 فیصد، کرناٹک میں 93.16 فیصد، اتراکھنڈ میں 90.17 فیصد، چھتیس گڑھ میں 86.21 فیصد اور راجستھان میں 85.23 فیصد کوریج ریکارڈ کی گئی ہے۔ کیرالہ میں یہ شرح 77.02 فیصد، تمل ناڈو میں 76.12 فیصد اور اڈیشہ میں 74.90 فیصد رہی ہے۔ مرکز کے زیر انتظام علاقے دادرا و نگر حویلی اور دمن و دیو میں 72.99 فیصد کوریج ریکارڈ کی گئی ہے۔

ویکسین لگوانے والی لڑکیوں کی تعداد کے لحاظ سے اتر پردیش 29.33 لاکھ سے زائد لڑکیوں کے ساتھ سرفہرست ہے، جس کے بعد بہار میں 13.70 لاکھ سے زائد اور گجرات میں 7.75 لاکھ سے زائد لڑکیوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ ریاستوں نے دیہی، شہری، دور دراز اور جغرافیائی اعتبار سے دشوار گزار علاقوں تک ویکسینیشن کی خدمات پہنچانے کے لیے مقامی ضروریات کے مطابق حکمت عملیاں اپنائی ہیں۔ بہار، تمل ناڈو اور سکم میں ریاستی سطح پر شروع کیے گئے اقدامات کو بھی قومی مہم کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے۔

 

مرکز اور ریاستوں کے درمیان تال میل اور عوامی شمولیت

 

اس مہم پر وزارت صحت و خاندانی بہبود، ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حکومتوں، ضلعی انتظامیہ اور صحت کی دیکھ بھال سے وابستہ ٹیموں کے باہمی تال میل کے ذریعے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) جیسے ممتاز طبی اداروں کے ماہرین اطفال، ماہرین امراض نسواں اور دیگر ماہرین نے مستند اور سائنسی شواہد پر مبنی معلومات کے ذریعے بیداری پیدا کرنے کی کوششوں میں تعاون کیا ہے۔ اساتذہ، تسلیم شدہ سماجی صحت کارکنان (آشا)، معاون نرس و دایہ (اے این ایم) اور دیگر صف اول کے کارکنان نے والدین اور مقامی برادریوں سے رابطہ قائم کیا ہے، تاکہ ان کے خدشات دور کیے جا سکیں اور انہیں باخبر انداز میں اس مہم میں حصہ لینے کی ترغیب دی جا سکے۔

 

یو-وِن کے ذریعے ویکسینیشن کی ڈیجیٹل نگرانی اور رسائی میں سہولت

 

یو-وِن پلیٹ فارم حقیقی وقت میں نگرانی، مستفیدین کا ریکارڈ رکھنے اور ویکسینیشن کے ڈیجیٹل ریکارڈ کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اس کے ذریعے پروگرام کے منتظمین ضلعی سطح پر پیش رفت کی نگرانی کر سکتے ہیں، کوریج میں موجود خامیوں اور ان اہل لڑکیوں کی نشاندہی کر سکتے ہیں جنہیں ابھی تک ویکسین نہیں لگائی گئی ہے، نیز منصوبہ بندی اور وسائل کی تقسیم میں مدد حاصل کر سکتے ہیں۔ والدین اس پلیٹ فارم کے ذریعے اپنی بیٹیوں کے لیے ایچ پی وی ویکسینیشن کا وقت بھی بک کر سکتے ہیں اور ویکسینیشن کے ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

 

ایچ پی وی ویکسینیشن: سروائیکل کینسر کے خلاف ایک اہم احتیاطی اقدام

 

ہیومن پیپیلوما وائرس کی بعض زیادہ خطرے والی اقسام سے ہونے والا مسلسل انفیکشن سروائیکل کینسر کے بیشتر معاملات کا سبب بنتا ہے۔ ایچ پی وی ویکسینیشن ایسے انفیکشن سے بچاؤ کے مؤثر ترین احتیاطی اقدامات میں سے ایک ہے۔ دنیا بھر میں ایچ پی وی ویکسین کی 80 کروڑ سے زائد خوراکیں لگائی جا چکی ہیں، جب کہ تقریباً دو دہائیوں پر محیط تحقیق اور عملی تجربات سے ویکسین میں شامل ایچ پی وی کی اقسام کے انفیکشن اور ان سے وابستہ سرطان سے پہلے کی کیفیات کے خلاف اس کے مؤثر تحفظ کی تصدیق ہوتی ہے۔ 14 سال کی عمر میں ویکسینیشن کا مقصد ایچ پی وی وائرس سے ممکنہ واسطہ پڑنے سے کافی پہلے ہی تحفظ فراہم کرنا ہے۔

 

مستفیدین کی حفاظت اولین ترجیح

 

ویکسینیشن کے سیشن نامزد سرکاری صحت مراکز میں تربیت یافتہ طبی افسران کی براہ راست نگرانی میں منعقد کیے جاتے ہیں۔ ان مراکز کو چوبیس گھنٹے، ہفتے کے ساتوں دن خدمات فراہم کرنے والے صحت مراکز سے منسلک کیا گیا ہے، تاکہ حفاظتی ٹیکے لگائے جانے کے بعد پیش آنے والے کسی بھی نادر منفی واقعے (اے ای ایف آئی) کی فوری جانچ، نگرانی اور مناسب انتظام کیا جا سکے۔ ویکسینیشن کے سیشن محفوظ طریقے سے منعقد کرنے کے لیے پہلے سے طے شدہ حفاظتی ضابطوں، تربیت یافتہ عملے اور مناسب طبی انتظامات کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ وزارت شفاف ابلاغ، سائنسی شواہد اور والدین کی باخبر رضامندی پر مسلسل زور دے رہی ہے۔

 

ہر اہل لڑکی تک رسائی کے لیے کوششیں جاری رکھنے کا عزم

 

وزارت صحت و خاندانی بہبود ریاستی حکومتوں، ضلعی انتظامیہ، طبی ماہرین، صفِ اوّل کے صحت کارکنان، تعلیمی اداروں اور مقامی برادریوں کے ساتھ مل کر کوریج میں موجود خامیوں کو دور کرنے اور تمام اہل لڑکیوں تک رسائی حاصل کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ والدین اور سرپرست معلومات حاصل کرنے اور ویکسینیشن کے لیے وقت بک کرنے کی غرض سے اپنے قریبی نامزد سرکاری صحت مرکز کا دورہ کر سکتے ہیں یا یو-وِن پلیٹ فارم سے رجوع کر سکتے ہیں۔

نو ماہ سے بھی کم عرصے میں ایچ پی وی ویکسین کی ایک کروڑ سے زائد خوراکیں لگانے کی کامیابی، نوعمر لڑکیوں کو سروائیکل کینسر سے محفوظ رکھنے کی ہندوستان کی کوششوں میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ قومی ایچ پی وی ویکسینیشن مہم احتیاطی صحت کی دیکھ بھال کو مستحکم بنانے اور اس بات کو یقینی بنانے کے تئیں حکومت کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ ہر اہل لڑکی کو اس اہم تحفظ تک رسائی حاصل ہو۔

**************

 

 

ش ح۔ ف ش ع

23-11-2026

                                                                                                                                       U: 8155

                                                                                      


(ریلیز آئی ڈی: 2340601) وزیٹر کاؤنٹر : 9