صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

نیپال کے وزیر اعظم نے صدر جمہوریہ ہند سے ملاقات کی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 23 NOV 2026 6:52PM by PIB Delhi

نیپال کے وزیر اعظم عزت مآب جناب بالیندر شاہ نے آج (23 نومبر 2026) راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔

 

 

صدر جمہوریہ نے وزیر اعظم شاہ کا راشٹرپتی بھون میں خیرمقدم کرتے ہوئے مارچ 2026 کے انتخابات میں ان کی حکومت کو حاصل ہونے والے زبردست عوامی مینڈیٹ پر مبارک باد دی اور عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کی ان کی کوششوں کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

صدر جمہوریہ نے بھوٹے کوشی میں سیلاب کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح اس مشکل گھڑی میں بھی ہندوستان نیپال کے ساتھ کھڑا ہے اور اس نے فوری طور پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد اور تکنیکی تعاون فراہم کیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ایک قریبی شراکت دار کی حیثیت سے ہندوستان بحالی اور تعمیرِ نو کی کوششوں میں بھی نیپال کا تعاون جاری رکھے گا۔

صدر جمہوریہ نے اس بات پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی دونوں ملکوں کے لیے ایک مشترکہ چیلنج ہے اور ہمیں ابتدائی انتباہی نظام اور آفات کے انتظام کو مستحکم بنانے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان اور نیپال کے درمیان منفرد اور کثیر جہتی تعلقات ہماری مشترکہ تہذیبی وراثت اور دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان گہرے اور دیرینہ رشتوں پر مبنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس دورے کے دوران اعلان کردہ مشترکہ وژن دستاویز دونوں ملکوں کے عوام، بالخصوص نوجوانوں کی امنگوں کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ یہ دستاویز تجارت اور سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے، ترقیاتی شراکت داری، رابطہ کاری، ثقافتی تبادلوں اور عوام کے درمیان روابط کے ساتھ ساتھ اسٹارٹ اَپس، ڈیجیٹل خدمات، خلائی شعبے اور اختراعات جیسے نئے اور ابھرتے ہوئے شعبوں میں مستقبل کے تعاون کے لیے ایک واضح سمت فراہم کرے گی۔

**************

 

 

ش ح۔ ف ش ع

                                                                                                                                       U: 8159

 

 

                                                                                                               


(ریلیز آئی ڈی: 2340636) وزیٹر کاؤنٹر : 11