وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم جناب نریندر مودی سری گرو نانک دیو جی کے پرکاش پورب کے موقع پر شبد کیرتن میں شامل ہوئے


مکمل سکھ روایت، قوم اور اس کی ثقافت کے لیے سب کچھ قربان کر دینے کے جذبے کی علامت ہے: وزیر اعظم

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 23 NOV 2026 9:13PM by PIB Delhi

آج دنیا کے کئی حصوں میں تنازعات جاری ہیں، جہاں بے شمار معصوم لوگ اور خاندان تشدد اور بدامنی کا سامنا کر رہے ہیں، ایسے وقت میں، دنیا کے ہر کونے میں امن کو یقینی بنانے، ہر خاندان کی حفاظت، اور ہر فرد کو باوقار زندگی گزارنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے ’سربت دا بھلا‘ (سب کی بہتری) کا جذبہ اور بھی زیادہ اہم ہو جاتا ہے: وزیر اعظم

قوم کے ہر نوجوان کو نشے سے مبرا ہونا چاہیے، اپنے خوابوں کو پورا کرنا چاہیے، خوب تعلیم حاصل کرنی چاہیے اور اپنے خاندان اور ملک کا نام روشن کرنا چاہیے، اس کوشش میں خاندان اہم کردار ادا کرتے ہیں، اور ہماری سنگت، گردوارے اور سماجی تنظیمیں مل کر نوجوانوں کی رہنمائی کر سکتی ہیں اور انہیں صحیح راستہ منتخب کرنے کا حوصلہ دے سکتی ہیں: وزیر اعظم

وزیر اعظم جناب نریندر مودی آج سری گرو نانک دیو جی کے پرکاش پورب کے مقدس موقع پر منعقدہ شبد کیرتن میں شامل ہوئے۔ اس موقع پر مجمع سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے اپنی بات کا آغاز ’واہگورو جی کا خالصہ، واہگورو جی کی فتح!‘ کے الفاظ سے کیا۔ اس مقدس ماحول میں گرو نانک دیو جی کے حضور عقیدت سے سر جھکاتے ہوئے اور شبد کیرتن میں شرکت کا موقع ملنے پر دلی تشکر کا اظہار کرتے ہوئے، انہوں نے قوم کو تہوار کی مبارکباد دی۔ جناب مودی نے کہا، ’’میں پرکاش پورب کے موقع پر تمام ہم وطنوں کو بے حد مبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘‘

گربانی کے ہر شبد اور کیرتن کی ہر دھن کو محض موسیقی سے کہیں بڑھ کر قرار دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے اسے ایک روحانی مشق اور علم کے سمندر میں غوطہ لگانے کے مترادف بتایا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، "اسی لیے، جب بھی مجھے ایسی تقریب میں شرکت کی دعوت ملتی ہے یا جب بھی مجھے موقع ملتا ہے، تو میں ضرور سنگت اور کیرتن میں شامل ہوتا ہوں۔" گرو نانک دیو جی کی تعلیمات ’کرت کرو، ونڈ چھکو، نام جپو‘ (محنت سے کماؤ، بانٹ کر کھاؤ، اور نام جپو) کو اپنے بچپن ہی سے اپنی زندگی کا فطری حصہ قرار دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے گوردواروں میں سر جھکانے، گربانی میں محو ہونے، ’سیوا‘ (خدمت) کی خوشی محسوس کرنے، لنگر چھکنے اور کئی مواقع پر سری ہرمندر صاحب میں حاضری دینے کے اپنے تجربات کا ذکر انتہائی عقیدت اور محبت سے کیا۔ جناب مودی نے کہا، "میرے پرانے ساتھی جانتے ہوں گے کہ میں نے پنجاب میں کافی وقت گزارا ہے، اور وہ دور میری زندگی کی سب سے خاص یادوں میں سے ایک ہے۔"

گرو کی مہربانی سے سکھ سنتوں کی صحبت مسلسل میسر آنے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے،جس میں وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر کئی سنتوں اور دانشوروں کی میزبانی کرنے کا شرف بھی شامل ہے۔جناب مودی نے کہا کہ اس تقریب میں ان کی موجودگی سے ایک منفرد روحانی توانائی محسوس ہو رہی ہے، اور انہوں نے تمام سکھ بھائیوں کو مبارکباد دی۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، "اس موقع پر، میں تمام سنتوں اور دانشوروں کے سامنے سر جھکاتا ہوں۔"

اس بات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہ اس سال کا ’پرکاش پورب‘ (یومِ پیدائش) سری گرو تیغ بہادر جی کی 350ویں یومِ شہادت کے ساتھ ہم آہنگ ہےجنہوں نے قوم کی شناخت، عقیدے، ایمان اور اقدار کے تحفظ کے لیے دہلی کی سرزمین پر اپنی جان قربان کر دی تھی۔وزیر اعظم نے کہا کہ 350 سال گزرنے کے بعد بھی، اس قربانی کا جذبہ اس سرزمین اور ملک کے ہر کونے میں گہرائی سے پیوست ہے۔ جناب مودی نے کہا، "ملک کا ہر شہری اس کے لیے ہمیشہ ان کا شکر گزار رہے گا۔"

یہ واضح  کرتے ہوئے کہ پوری سکھ روایت قوم اور اس کی ثقافت کے لیے سب کچھ قربان کر دینے کی علامت رہی ہےجس کی مثال بھائی متی داس جی، بھائی ستی داس جی اور بھائی دیالا جی کی شہادت، نیز آزادی کی جدوجہد کے دوران مسلسل قائم رہنے والا جذبہ ہےوزیر اعظم نے سردار تیجا سنگھ سمندری جی کو ’گوردوارہ اصلاح تحریک‘ میں ان کے اہم کردار اور خدمت کے لیے وقف ان کی پوری زندگی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، "اس سال ان کی شہادت کو بھی سو سال مکمل ہو رہے ہیں؛ اس موقع پر، میں ان کے سامنے بھی سر جھکاتا ہوں۔"

یہ یاد دلاتے ہوئے کہ بھارت نے صدیوں کی غلامی کا سامنا کیا اور یہ کہ اپنی تاریخ کے انتہائی مشکل ادوار میں بھی گروؤں نے قوم کے تحفظ کی شمع کو روشن رکھا، وزیر اعظم نے زور دیا کہ آج کے عظیم قومی عزم اور 'وکست بھارت' (ترقی یافتہ بھارت) کے ہدف کو صرف انہی کی ترغیب اور نظریات کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ جناب مودی نے کہا، "لہٰذا، یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم سکھ روایات اور سکھ ورثے کو ایک مشعلِ راہ کے طور پر آگے بڑھائیں۔"

اس بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہ حکومت نے گزشتہ 12 سالوں میں کس طرح مکمل عقیدت کے ساتھ اس ذمہ داری کو نبھایا ہے، وزیر اعظم نے بھارت اور بیرونِ ملک گرو گوبند سنگھ جی کے 350 ویں اور گرو نانک دیو جی کے 550 ویں 'پرکاش پورب' (یومِ پیدائش) کی تقریبات کا حوالہ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر یادگاری سکے اور ڈاک ٹکٹ جاری کیے گئے، خصوصی ٹرینیں چلائی گئیں، ملک بھر میں گربانی کے پروگرام منعقد کیے گئے، اور گرو تیغ بہادر جی کے 400 ویں پرکاش پورب کے موقع پر لال قلعے میں ایک قومی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، "اسی جذبے کے ساتھ، ہم اس وقت گرو تیغ بہادر جی کا 350 واں یومِ شہادت بھی منا رہے ہیں۔"

یہ بتاتے ہوئے کہ قوم 26 دسمبر کو اگلا 'ویر بال دیوس' منائے گی، وزیر اعظم نے وضاحت کی کہ اس قومی دن کو منانے کا آغاز اس لیے کیا گیا تاکہ بہادر صاحبزادوں کی شہادت اور ماتا گوجری کے عزم کی لازوال داستان نئی نسل تک پہنچائی جا سکے۔ جناب مودی نے کہا، "جب ہمارے بچے اس دور کے حالات کے بارے میں جانیں گے—کہ کس طرح صاحبزادوں اور گروؤں نے شہادت پائی اور کس طرح ہمارا عقیدہ محفوظ رہا—تو یہ علم اور ترغیب ایسے نوجوانوں کو تیار کرے گی جو قوم کے لیے وقف ہوں گے۔"

اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ گروؤں کی عظمت کو اجاگر کرنے کی کوششیں بھارت کی سرحدوں سے بھی آگے تک پھیلی ہوئی ہیں، وزیر اعظم نے فلپائن میں واقع سب سے قدیم گردوارے 'خالصہ دیوان' کے اپنے حالیہ دورے کا ذکر کیا، جہاں حکومتِ ہند اس کی تعمیرِ نو میں تعاون کر رہی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، "ہماری کوشش ہے کہ ہمارے گروؤں کا نور ہر فرد تک پہنچے، اور ان کے آشیرواد سے بھارت بلندیوں کی نئی منازل طے کرے۔" ارداس کی دعا ’نانک نام چڑھدی کلا، تیرے بھانے سربت دا بھلا‘ کا حوالہ دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ گربانی سب کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے کی آفاقی تعلیم دیتی ہے۔ جناب مودی نے کہا، ”سب کی بہتری چاہنے کا جذبہ ذہن میں تبھی بیدار ہوتا ہے جب ہم ہر کسی کو اپنا سمجھنے لگتے ہیں۔“

دنیا بھر میں جاری تنازعات کا ذکر کرتے ہوئے، جہاں بے گناہ لوگ اور خاندان تشدد اور بدامنی کا سامنا کر رہے ہیں، وزیر اعظم نے امن، ہر خاندان کے تحفظ اور ہر فرد کے لیے باعزت زندگی کی عالمی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، ”ایسے وقت میں ’سربت دا بھلا‘ (سب کی بھلائی) کا جذبہ اور بھی زیادہ اہم ہو جاتا ہے۔“

یہ بات اجاگر کرتے ہوئے کہ گرو صاحب کی سکھائی ہوئی اقدار کا اصل امتحان روزمرہ کی زندگی میں ہوتا ہے، وزیر اعظم نے منشیات کے سماجی چیلنج کی جانب توجہ دلائی۔ جناب مودی نے کہا، ”جب کوئی نوجوان نشے کی لت میں گرفتار ہو جاتا ہے، تو اس کے ساتھ ساتھ پورے خاندان کے خواب بھی چکنا چور ہو جاتے ہیں۔“

وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کے تمام نوجوانوں کو نشے کی لعنت سے آزاد ہونا چاہیے تاکہ وہ اچھی تعلیم حاصل کر سکیں، اپنے خواب پورے کر سکیں اور اپنے خاندانوں اور ملک کا نام روشن کر سکیں۔ انہوں نے نوجوانوں کی صحیح سمت میں رہنمائی کرنے کے لیے خاندانوں، سنگت، گردواروں اور سماجی اداروں کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ اپنی بات ختم کرتے ہوئے انہوں نے پرکاش پورب کی مبارکباد دی اور روایتی سکھ انداز میں سلام پیش کیا۔ وزیر اعظم مودی نے یقین ظاہر کیا، ”مجھے پورا یقین ہے کہ گرو صاحب کی کرپا اور معاشرے کی اجتماعی کوششوں سے ہم اپنی نئی نسل کو ایک محفوظ اور روشن مستقبل فراہم کر سکیں گے۔“

***

ش ح ۔ ال ۔ع ر

UR-8168

 


(ریلیز آئی ڈی: 2340664) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English , Marathi , Punjabi , Gujarati