شمال مشرقی ریاستوں کی ترقی کی وزارت
خصوصی مہم 6
شمال مشرقی خطے کی ترقی کی وزارت نے کام کی جگہوں کی بہتر صفائی ستھرائی اور بہتر انتظامی کارکردگی کے لیے مہم تیز کر دی ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
30 SEP 2026 6:05PM by PIB Delhi
شمال مشرقی خطے کی ترقی کی وزارت (ایم ڈی او این ای آر ) اور اس کے ماتحت ادارے انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات کے محکمے (ڈی اے آر پی جی) کی جانب سے جاری رہنما خطوط کے مطابق خصوصی مہم 6 چلا رہے ہیں۔ 5 سے 15 اکتوبر ، 2026 ء تک جاری رہنے والی اس مہم کا مقصد سووچھتا کو مستقل انتظامی اقدامات میں تبدیل کرنا ہے۔ اس کے تحت کام کی جگہوں پر صفائی ستھرائی کو فروغ دینے، دستیاب جگہ کے بہتر استعمال، زیر التوا معاملات میں کمی لانے اور ریکارڈ، فائلوں اور غیر ضروری مواد کے مؤثر انتظام کے لیے نظام کو مزید مستحکم کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ وزارت اور اس کے ماتحت اداروں کے افسران اور ملازمین کو مہم میں فعال طور پر حصہ لینے اور صاف ستھری، منظم اور مؤثر کام کی جگہیں بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔
31 اکتوبر ، 2025 ء کو اختتام پذیر ہونے والی خصوصی مہم 5.0 کی حصولیابیوں کو آگے بڑھاتے ہوئے، ایم ڈی او این ای آر اور اس کے ماتحت ادارے صفائی ستھرائی اور انتظامی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مہم کے دوران صفائی کی 36 مہمات چلائی گئیں، دفاتر میں 3,664 مربع فٹ جگہ خالی کرائی گئی، عوامی شکایات کے 46 معاملات اور 3 وی آئی پی حوالہ جات کو نمٹایا گیا، 217 کاغذی فائلوں اور 32 ای-فائلوں کا جائزہ لے کر غیر ضروری فائلوں کو الگ کیا گیا، جب کہ ناکارہ اور ناقابل استعمال اشیاء کو ٹھکانے لگانے سے 7,82,814 روپے کی آمدنی حاصل ہوئی۔
خصوصی مہم 6 کے تحت ، ان کوششوں کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ اس کے تحت دفتری احاطے، راہداریوں، مشترکہ مقامات، سیڑھیوں اور اردگرد کی جگہوں میں صفائی مہم چلائی جائے گی۔ اس کے علاوہ ‘ کلین ڈیسک مہم ’ ، پرانی کاغذی فائلوں اور ریکارڈ کی نشاندہی اور جائزہ، قابلِ تصفیہ ای-فائلوں کا جائزہ لے کر انہیں نمٹانا، پرانے اور خراب فرنیچر، آلات اور کباڑ کی نشاندہی، مقررہ طریقۂ کار کے مطابق ای-کچرے اور دیگر کباڑ کو تلف کرنے کے لیے الگ کرنا نیز زیر التوا حوالہ جات اور معاملات کا جائزہ لے کر انہیں مقررہ مدت میں نمٹانے جیسے اقدامات کیے جائیں گے۔
توقع ہے کہ اس مہم کے نتیجے میں ، وزارت اور اس کے ماتحت اداروں میں نمایاں اور خاطر خواہ بہتری آئے گی۔ صفائی ستھرائی کو منظم انتظامی اصلاحات کے ساتھ مربوط کرتے ہوئے، خصوصی مہم 6 کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ سووچھتا محض ایک وقتی عمل تک محدود نہ رہے بلکہ روزمرہ کے دفتری انتظام کا لازمی حصہ بن جائے۔ ایم ڈی او این ای آر اور اس کے ماتحت ادارے مہم کے ذریعے حاصل ہونے والی بہتری کو برقرار رکھنے اور صاف ستھری، زیادہ مؤثر، منظم اور ماحول کے تئیں ذمہ دارانہ کام کی جگہ کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔
*****
(ش ح ۔ ش ب ۔ ع ا)
U.No. 4379
(ریلیز آئی ڈی: 2317225)
وزیٹر کاؤنٹر : 10