کامرس اور صنعت کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

وزیر مملکت برائے تجارت و صنعت جناب جتن پرسادکا دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مستحکم کرنے کے لیے پولینڈ کا دورہ


جناب جتن پرسادنے پولینڈ میں اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں، مصنوعی ذہانت، سیمی کنڈکٹرز اور اہم معدنیات کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا

جناب جتن پرساد نے  ہندوستان اور پولینڈ کے درمیان کاروباری شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا،  ہندوستان اور یوروپی یونین کے آزاد تجارتی معاہدہ کے تحت دستیاب مواقع کو اجاگر کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 04 NOV 2026 10:20AM by PIB Delhi

تجارت و صنعت اور الیکٹرانکس و اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے وزیر مملکت جناب جتن پرساد نے 2 اور 3 نومبر-  2026 کو پولینڈ کا دورہ کیا۔ اس دورے میں بارہ (12)  ہندوستانی کمپنیوں پر مشتمل ایک کاروباری وفد بھی ان کے ہمراہ تھا۔ یہ دورہ گزشتہ ماہ پولینڈ کے وزیر اعظم جناب ڈونالڈ ٹسک کے حالیہ دورۂ  ہندوستان کے بعد عمل میں آیا اور دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ روابط کی عکاسی کرتا ہے۔ 2026 میں اعلیٰ سطح پر سیاسی تبادلوں کا مسلسل سلسلہ  ہندوستان اور پولینڈ کے درمیان اس اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کا عکاس ہے، جس کی بنیاد 2024 میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے تاریخی دورۂ پولینڈ کے دوران رکھی گئی تھی۔

دورے کے دوران جناب جتن پرساد نے پولینڈ کے نائب وزیر اعظم اور وزیر برائے ڈجیٹل امور جناب کرِزِشٹوف گاؤکووسکی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مصنوعی ذہانت (اے آئی)، سیمی کنڈکٹرز، ڈیٹا سینٹرز اور سائبر سکیورٹی سمیت ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پولینڈ کی وزارت خارجہ میں سکریٹری آف اسٹیٹ جناب اگناسی نیمچیتسکی کے ساتھ ملاقات میں جناب پرساد نے  ہندوستان اور یوروپی یونین کے آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) سے پیدا ہونے والے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ یہ معاہدہ آئندہ چند ماہ میں نافذ العمل ہوگا۔ جناب پرساد نے زرعی ٹیکنالوجی اور غذائی اشیا کی تیاری و ڈبہ بندی کے شعبوں میں زیادہ تعاون کے امکانات کو اجاگر کیا اور چھوٹی و درمیانی درجے کی صنعتوں کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے پر زور دیا۔

جناب پرساد نے پولینڈ کے نائب وزیر برائے اقتصادی ترقی اور ٹیکنالوجی جناب میخال بارانووسکی سے بھی ملاقات کی۔ دونوں وزراء نے اہم معدنیات، سیمی کنڈکٹرز اور نئے کاروباری اداروں کے درمیان شراکت داری کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر مملکت نے میک اِن انڈیا پہل کے تحت دستیاب مواقع کو اجاگر کیا اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے تعاون سے مشترکہ طور پر ٹیکنالوجی تیار کرنے اور مصنوعات کی تیاری کی اہمیت پر زور دیا۔

مورخہ 3 نومبر کو جناب جتن پرسادنے وارسا میں پولینڈ کے قومی چیمبر آف کامرس (کے آئی جی) میں منعقدہ  ہندوستان-پولینڈ بزنس فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔ کاروباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے ہندوستانی اور پولش کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ کاروبار کے نئے مواقع، مضبوط شراکت داری اور اقتصادی تعاون کو فروغ دیکر دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے بھرپور امکانات سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے  ہندوستان-یوروپی یونین آزاد تجارتی معاہدے کے نتیجے میں پیدا ہونے والے متوقع مواقع کو بھی اجاگر کیا اور دونوں ملکوں کے کاروباری اداروں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ منڈیوں تک رسائی بڑھانے، تجارتی و سرمایہ کاری روابط کو مستحکم کرنے اور تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے کے لیے اس معاہدے سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

دورے کے دوران وزیر موصوف نے پولینڈ میں ہندوستانی کاروباری برادری کے رہنماؤں سے بھی تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے میں ان کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے پولینڈ کے ممکنہ سرمایہ کاروں سے بھی بات چیت کی تاکہ  ہندوستان میں مزید سرمایہ کاری راغب کرنے کے مواقع تلاش کیے جا سکیں۔

صنعتی شعبہ سے متعلق اپنی مصروفیات کے تحت جناب پرساد نے پولینڈ کی آئی ٹی اور سافٹ ویئر انجینئرنگ کمپنی میسرز ٹرانزیشن ٹیکنالوجیز اور پولینڈ کی دفاعی کمپنی میسرز ڈبلیو بی الیکٹرانکس کا دورہ کیا۔ ان دونوں کمپنیوں کے ہندوستان میں کاروباری مفادات ہیں۔

اس دورے سے پولینڈ کے ساتھ اپنی اقتصادی شراکت داری کو مستحکم کرنے کے  ہندوستان کے عزم کی توثیق ہوئی۔  ہندوستان مضبوط اور لچک دار عالمی سپلائی چین کی تشکیل کے لیے پولینڈ کی حکومت اور کاروباری اداروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس دورے سے  ہندوستان اور یوروپی یونین کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے میں بھی مدد ملی۔

*****

ش ح-ظ الف-  ع ن

UR No. 7196


(ریلیز آئی ڈی: 2332377) وزیٹر کاؤنٹر : 21