وزارت ثقافت
نمسائی کے گولڈن پیگوڈا میں پہلے دو دنوں کے دوران 12 ہزار سے زائد عقیدت مندوں نے شاکیہ منی بدھ کی مقدس باقیات کی زیارت کی
اروناچل پردیش میں مقدس باقیات کی نمائش میں آنے والے عقیدت مندوں کی مجموعی تعداد 78 ہزار سے تجاوز
عوام کے لیے زیارت کا سلسلہ 20 نومبر 2026 تک صبح 6 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گا
عوام کی سہولت کی خاطر ضلعی انتظامیہ نے مختلف علاقوں کے لیے زیارت کا نظام الاوقات جاری کیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
17 NOV 2026 8:16AM by PIB Delhi
اروناچل پردیش کے نمسائی میں واقع گولڈن پیگوڈا (کونگمو کھام) میں شاکیہ منی بدھ کی مقدس باقیات کی نمائش کو عقیدت مندوں میں زبردست پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ 14 اور 15 نومبر 2026 کو نمائش کے پہلے دو دنوں کے دوران 12 ہزار سے زائد عقیدت مندوں نے یہاں پہنچ کر زیارت کی۔ انہوں نے پوجا کی، مقدس باقیات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور مہاتما بدھ کا آشیرواد حاصل کیا۔
توانگ کی نمائش میں 31 ہزار سے زائد اور بومڈیلا کی نمائش میں 35 ہزار سے زیادہ عقیدت مندوں کی آمد کے ساتھ، 15 نومبر 2026 کے اختتام تک تینوں مقامات پر آنے والے عقیدت مندوں کی مجموعی تعداد 78 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
نمائش کے آغاز سے ہی ضلع نمسائی اور اس کے آس پاس کے علاقوں سے بڑی تعداد میں عقیدت مند گولڈن پیگوڈا پہنچ رہے ہیں۔ عقیدت مندوں کی طویل قطاریں مقدس با قیات کے تئیں ان کی گہری عقیدت اور احترام کی عکاسی کرتی ہیں۔ بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد سے اس خطے میں بدھ مت کی تعلیمات اور روایات کے دیرپا اثرات بھی اجا گر ہوتے ہیں۔

ضلع نمسائی میں منعقدہ یہ نمائش اروناچل پردیش میں مقدس تبرکات کی نمائش کا تیسرا اور آخری مرحلہ ہے، جو 31 اکتوبر سے 21 نومبر 2026 تک جاری ہے۔
اس نمائش کا آغاز 31 اکتوبر 2026 کو تاریخی گادن نامگیال لہاتسے (توانگ مانسٹری) میں ہوا تھا۔ افتتاحی تقریب میں مرکزی وزیر ثقافت و سیاحت جناب گجیندر سنگھ شیخاوت اور اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب پیما کھانڈو نے شرکت کی۔ اس موقع پر معزز بدھ راہبین اور دیگر ممتاز مہمانان بھی موجود تھے۔
مورخہ7 نومبر کو توانگ میں نمائش کے اختتام کے بعد مقدس باقیات کو تھبچگ گاتسیل لنگ (ٹی جی ایل) مانسٹری منتقل کیا گیا، جو لوئر گومپا کے نام سے بھی معروف ہے۔ بومڈیلا میں یہ چھ روزہ نمائش 8 سے 13 نومبر 2026 تک منعقد ہوئی۔
مقدس باقیات 14 نومبر 2026 کو نمسائی پہنچے، جہاں ان کا روایتی طریقے سے استقبال کیا گیا اور گولڈن پیگوڈا میں انہیں محفوظ طریقے سے رکھا گیا۔ اروناچل پردیش کے گورنر لیفٹیننٹ جنرل کیولیہ ترویکرم پرنائک (ریٹائرڈ) نے نائب وزیر اعلیٰ جناب چونا مین اور انٹرنیشنل بدھسٹ کنفیڈریشن (آئی بی سی) کے ڈائریکٹر جنرل جناب راگھو پرساد بھٹناگر کی موجودگی میں نمائش کا افتتاح کیا۔ اس تقریب میں ریاستی وزراء، عوامی نمائندوں، بدھ راہبوں اور دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔
توانگ، بومڈیلا اور نمسائی میں منعقدہ نمائش کے ذریعے اروناچل پردیش کے مختلف علاقوں کے عقیدت مندوں کو مقدس تبرکات کی زیارت کا موقع ملا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس نمائش سے مشترکہ عقیدت اور آستھا کے جذبے کے تحت بدھ مت کی مختلف روایات سے وابستہ لوگوں کو بھی ایک جگہ جمع کیا گیاہے۔
گولڈن پیگوڈا، جو کونگمو کھام کے نام سے بھی معروف ہے، مشرقی اروناچل پردیش میں تھیرواد بدھ مت کے عقیدے اور وراثت کا ایک اہم مرکز ہے۔ اس خطے میں آباد تائی کھامتی، سنگفو اور دیگر برادریوں نے نسل در نسل اپنی بھر پور بدھ مت کی روایات کو محفوظ رکھا ہے۔ ان کی عبادت گاہیں، تہوار، فنون اور مذہبی رسومات ہندوستان کے بدھ مت کے ورثے کا ایک اہم حصہ ہیں۔
توانگ اور بومڈیلا میں مہایان اور وجرایان بدھ مت کی روایات معروف ہیں، جبکہ نمسائی تھیرواد بدھ مت کی وراثت کے لیے مشہور ہے۔ ان تینوں مقامات پر منعقدہ نمائش اروناچل پردیش میں بدھ مت کی مختلف روایات کے تنوع کی عکاسی کرتی ہے۔
نمسائی میں منعقدہ یہ نمائش مشرقی اروناچل پردیش، آسام اور شمال مشرقی خطے کی دیگر ریاستوں کے عقیدت مندوں کو مقدس باقیات کوعقیدت پیش کرنے کا ایک خصوصی موقع فراہم کرتی ہے۔ اس کے ذریعے انہیں مہاتما بدھ کی زندگی اور تعلیمات سے قریب سے واقف ہونے کا موقع بھی ملتا ہے۔

عقیدت مندوں کی منظم شرکت کو یقینی بنانے کے واسطے ضلعی انتظامیہ نے ضروری انتظامات کیے ہیں۔ مقدس باقیات کی زیارت میں سہولت فراہم کرنے کی خاطرمختلف علاقوں کے لحاظ سے علیحدہ نظام الاوقات تیار کیا گیا ہے۔
عوام کے لیے زیارت کا نظام الاوقات حسب ذیل ہے:
|
تاریخ
|
متعینہ علاقوں کے عقیدت مند
|
|
16 نومبر 2026
|
لتھاو حلقہ اور نمسائی حلقہ
|
|
17 نومبر 2026
|
پیونگ حلقہ اور لیکانگ حلقہ
|
|
18 نومبر 2026
|
چانگ لانگ، جیرام پور، بورڈومسا، میاؤ، دیون، تیراپ اور لونگڈنگ
|
|
19 نومبر 2026
|
میچوکا، ٹیوٹنگ، گیلنگ، ٹیزو، انجاو (میئر)، لوئر دیبانگ ویلی اور دفاعی عملہ
|
|
20 نومبر 2026
|
آسام اور دیگر تمام شمال مشرقی ریاستوں کے ساتھ وہ عقیدت مند جو پچھلے دنوں زیارت سے محروم رہ گئے
|
عقیدت مندوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقررہ نظام الاوقات کی پابندی کریں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ ان انتظامات سے لوگوں کی آمد و رفت کو منظم رکھنے اور عوام کے لیے آسانی سے زیارت کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
اروناچل پردیش میں جن مقدس باقیات کی نمائش کی جا رہی ہے، انہیں نئی دہلی کے نیشنل میوزیم میں محفوظ رکھا گیا ہے۔ ان کا تعلق اتر پردیش کے سدھارتھ نگر ضلع میں واقع پپرہوا سے ہے۔ یہ مقام قدیم کپل وستو اور بھگوان بدھ کی شاکیہ روایت سے وابستہ ہے۔ یہ تبرکات تاریخی، آثارِ قدیمہ اور روحانی اعتبار سے غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں۔ ان کا شمار ہندوستان کے بدھ مت کی وراثت کے بیش قیمت نوادرات میں ہوتا ہے۔
مہاتما بدھ کے مہاپری نروان کے بعد ان کے مقدس تبرکات کی تعظیم و تکریم کی روایت شروع ہوئی۔ ان تبرکات کو اسٹوپ میں محفوظ کیا گیا، جو بعد میں بدھ مت کے پیروکاروں کے لیے زیارت اور عقیدت کے اہم مراکز بن گئے۔
مقدس باقیات 13 سال کے وقفے کے بعد دوبارہ اروناچل پردیش لائی گئی ہیں۔ ان کی نمائش سے ریاست بھر کے عقیدت مندوں کو مہاتما بدھ کو عقیدت پیش کرنے اور اپنے روحانی ورثے سے دوبارہ جڑنے کا ایک یادگار موقع فراہم ہوا ہے۔
گولڈن پیگوڈا کے میڈیٔشن سینٹر میں دو خصوصی نمائشوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ان کا انعقاد نئی دہلی کے نیشنل میوزیم اور انٹرنیشنل بدھسٹ کنفیڈریشن نے کیا ہے۔ انٹرنیشنل بدھسٹ کنفیڈریشن کی جانب سے منعقدہ نمائش بعنوان ’’مقدس پپرہوا کی بازیافت: مہاتما بدھ کے مقدس تبرکات اور ان کی دریافت کی داستان‘‘ میں پپرہوا کے تبرکات کی تاریخ اور اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اس میں اتر پردیش کے پپرہوا میں ان تبرکات کی دریافت اور اس کے بعد ہونے والی آثارِ قدیمہ کی کھدائیوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بدھ مت میں مقدس تبرکات کی تعظیم کی روایت اور ان کی روحانی اہمیت کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔
اس نمائش میں پپرہوا کے بیش قیمت نوادرات کے ذخیرے کے غیر معمولی سفر کو بھی پیش کیا گیا ہے۔ یہ قیمتی نوادرات ایک صدی سے زائد عرصے کے بعد 2025 میں ہندوستان واپس لائے گئے۔ ان کی واپسی ہندوستان کے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور بازیابی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
دوسری نمائش بعنوان ’’دھمّ کے سنگم: کلاسیکی وراثت، زندہ فنون اور بشریاتی زاویے‘‘ نئی دہلی کے نیشنل میوزیم نے ترتیب دی ہے۔ اس میں بدھ مت کے مالا مال فنّی اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی فن، ثقافت اور زندہ روایات پر بدھ مت کی تعلیمات کے اثرات کو بھی اجاگرکیا گیا ہے۔
دونوں نمائشیں زائرین کو مہاتما بدھ کی زندگی اور تعلیمات کے بارے میں مزید جاننے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی یہ آنے والی نسلوں کے لیے ہندوستان کے بدھ مت کے ورثے کے تحفظ اور اسے محفوظ رکھنے کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے میں بھی مددگار ہیں۔

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومتِ ہند نے ہندوستان کے بدھ مت کے ورثے کے تحفظ، اسے محفوظ رکھنے اور فروغ دینے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔
بدھ مت کے اہم زیارتی مقامات پر بنیادی ڈھانچے، آمد و رفت کے رابطوں اور سہولتوں کو بہتر بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ حکومت نے بدھ مت کے علوم و تحقیقات، بین الاقوامی کانفرنسوں اور ثقافتی تبادلوں کو بھی فروغ دیا ہے۔
سال2024 میں پالی زبان کو کلاسیکی زبان کا درجہ دیا جانا، بدھ مت کے علمی اور ادبی ورثے کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اسی طرح 2025 میں پپرہوا کے بیش قیمت نوادرات کے ذخیرے کی ہندوستان واپسی، ملک کے بدھ مت کے ورثے کے تحفظ میں ایک اہم کامیابی ہے۔
حالیہ برسوں میں ہندوستان نے منگولیہ، تھائی لینڈ، ویتنام، روس، بھوٹان اور سری لنکا میں بدھ مت کے مقدس تبرکات کی نمائشوں کا اہتمام کیا ہے اور ان کی سرپرستی بھی کی ہے۔ ان نمائشوں کے ذریعے لاکھوں عقیدت مندوں کو مقدس باقیات کوعقیدت پیش کرنے کا موقع ملا ہے۔ اس کے علاوہ دنیا بھر میں بدھ مت کی پیروکار برادریوں کے ساتھ ہندوستان کے ثقافتی اور روحانی تعلقات بھی مضبوط ہوئے ہیں۔
اسی سال کے اوائل میں لداخ میں مہاتما بدھ کے مقدس تبرکات کی نمائش کے ذریعے ہمالیائی خطے کے عقیدت مندوں کو اجتماعی طور پر عقیدت پیش کرنے کا ایک خصوصی موقع فراہم کیا گیا تھا۔
اروناچل پردیش میں جاری نمائش ان کوششوں کو آگے بڑھاتی ہے۔ یہ شمال مشرقی ہمالیائی خطے کے بھرپور بدھ مت کے ورثے اور اس کی روایات کے تحفظ میں یہاں کی برادریوں کے اہم کردار کو اجاگر کرتی ہے۔
شاکیہ منی بدھ کے مقدس تبرکات کی نمائش روحانی اور ثقافتی اعتبار سے غیر معمولی اہمیت کا حامل موقع ہے۔ ہزاروں عقیدت مندوں کی شرکت مہاتما بدھ اور ان کی تعلیمات پر لوگوں کے پختہ آستھا کی عکاسی کرتی ہے۔
دو ہزار سال سے زائد عرصے سے بھگوان بدھ کی تعلیمات انسانیت کو امن، ہمدردی، دانش مندی اور عدم تشدد کا راستہ دکھاتی رہی ہیں۔ آج کی دنیا میں بھی ان اقدار کی اہمیت برقرار ہے۔
اس نمائش کا اہتمام حکومتِ ہند کی وزارتِ ثقافت نے حکومتِ اروناچل پردیش، نئی دہلی کے نیشنل میوزیم اور نئی دہلی کی انٹرنیشنل بدھسٹ کنفیڈریشن (آئی بی سی) کے اشتراک سے کیا ہے۔
نمسائی کے گولڈن پیگوڈا میں مقدس تبرکات کی عوامی زیارت 20 نومبر 2026 تک جاری رہے گی۔ نمائش کے اختتام کے بعد مقدس تبرکات کو 21 نومبر 2026 کو نئی دہلی کے نیشنل میوزیم واپس لے جانے کا پروگرام ہے۔
***
ش ح۔م ش ع۔ ش ب ن
U-7763
(ریلیز آئی ڈی: 2337275)
وزیٹر کاؤنٹر : 18