کامرس اور صنعت کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

بھارت اور مصر نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا


مرکزی وزیر تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل نے مصر کا سرکاری دورہ مکمل کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 17 NOV 2026 10:05AM by PIB Delhi

مرکزی وزیر تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل نے 15 سے 16 نومبر 2026 تک مصر کا اپنا سرکاری دورہ مکمل کیا۔ یہ کسی افریقی ملک کا ان کا پہلا دوطرفہ دورہ تھا۔ اس دورے کے دوران وزیر موصوف نے اعلیٰ سطح کی کئی دوطرفہ ملاقاتیں کیں، بھارت-مصر مشترکہ تجارتی کمیٹی (جے ٹی سی) کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کی، کاروباری سرگرمیوں میں حصہ لیا اور بھارتی و مصری کاروباری برادریوں کے نمائندوں سے تبادلۂ خیال کیا۔

بھارت اور مصر کے درمیان تاریخی، تہذیبی اور عوامی روابط پر مبنی دیرینہ تعلقات ہیں، جو وقت کے ساتھ سیاسی، اقتصادی، سلامتی اور ثقافتی تعاون پر مشتمل ایک کثیرالجہتی شراکت داری کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں بھارت-مصر تعلقات کو نئی رفتار ملی ہے اور دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کا درجہ دیا گیا ہے۔ دونوں ملکوں نے سیاسی، سلامتی، توانائی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا ہے۔

اس دورے کے دوران بھارت-مصر مشترکہ تجارتی کمیٹی (جے ٹی سی) کا ساتواں اجلاس، بھارت-مصر مشترکہ کاروباری کونسل (جے بی سی) کی چھٹی میٹنگ اور کاروباری فورم، نیز بھارت-مصر اسٹارٹ اَپس فورم منعقد ہوئے۔ اس موقع پر جناب پیوش گوئل نے مصر کے وزیر اعظم ڈاکٹر مصطفیٰ مدبولی سے ملاقات کی، مصری وزرا کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کی اور مصر کے سرکردہ کاروباری نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔

اس دورے سے بھارت-مصر کی دیرینہ اقتصادی شراکت داری کو نئی رفتار ملی۔ دونوں ملکوں نے دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے، صنعتی تعاون کو مضبوط بنانے اور کاروباری اداروں کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں فریق اس بات پر متفق ہوئے کہ اشیا کی تجارت، خدمات اور سرمایہ کاری کے شعبوں کا احاطہ کرنے والے باہمی مفاد پر مبنی ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی اے)، آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) یا جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے (سی ای پی اے) کے لیے دونوں ملکوں کو حاصل ہونے والے فوائد کا جائزہ لینے کے بعد، اس معاہدے کے دائرۂ کار اور شرائط کے خاکے پر تبادلۂ خیال کرنے کے لیے ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا۔

بھارت-مصر مشترکہ تجارتی کمیٹی کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت مرکزی وزیر تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل اور مصر کے وزیر سرمایہ کاری و خارجہ تجارت ڈاکٹر محمد فرید صالح نے 15 نومبر 2026 کو کی۔ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی اور تجارتی روابط کی بڑھتی ہوئی اہمیت کے پیش نظر مشترکہ تجارتی کمیٹی کا درجہ بڑھا کر وزارتی سطح کا کر دیا گیا۔

دونوں فریقوں نے دوطرفہ تجارت میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور اس تجارت کو 12 ارب امریکی ڈالر تک پہنچانے کے ہدف کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے تجارتی اشیا کے دائرے کو متنوع بنانے، زیادہ قدر والی مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینے، منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے اور تجارت سے متعلق مسائل کو حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

اپریل سے ستمبر 2026 کے دوران دوطرفہ اشیا کی تجارت 5.04 ارب امریکی ڈالر رہی، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 64 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔ مالی سال 26-2025کے دوران مصر کو بھارت کی برآمدات 3.87 ارب امریکی ڈالر رہیں، جبکہ مصر سے درآمدات 2.60 ارب امریکی ڈالر تھیں (ماخذ: ڈی جی سی آئی ایس)۔

بات چیت میں زراعت اور حیوانات کے شعبے میں تعاون، ادویہ سازی اور صحت کی دیکھ بھال، انجینئرنگ کی اشیا، کیمیکلز اور پیٹروکیمیکلز، کھاد، ٹیکسٹائل، ایم ایس ایم ایز، کسٹم، خدمات، قابلِ تجدید توانائی، گرین ہائیڈروجن، غذائی تحفظ، نقل و حمل اور رسد سمیت مختلف شعبوں کا احاطہ کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے کاروباری وفود کے باقاعدہ تبادلوں، خریداروں کے وفود کے دوروں، تجارتی نمائشوں اور کاروباری روابط کے فروغ سے متعلق سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں فریقوں نے بھارتی سرامک ٹائل بنانے والی کمپنیوں کی جی او ای آئی سی میں رجسٹریشن، تجارتی ادائیگیوں کی زیرِ التوا رقوم، تجارتی تحفظ کے اقدامات اور مصر میں سرکاری خریداری کے ٹینڈروں میں بھارتی کمپنیوں کی شرکت سے متعلق مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔ اس کے علاوہ، معیار بندی اور مطابقت کے جائزے، زرعی مصنوعات کی منڈی تک رسائی، حیوانات سے متعلق خدمات اور بھارتی مصنوعات کی منظوری کے شعبوں میں تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔

دونوں فریقوں نے مصر میں، خاص طور پر سویز کینال اقتصادی زون (ایس سی زون) میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا۔ اس وقت تقریباً 70بھارتی کمپنیاں مصر میں کام کر رہی ہیں، جن کی مجموعی سرمایہ کاری تقریباً 5 ارب امریکی ڈالر ہے۔ مصری فریق نے آٹوموبائل اور اس کے پرزہ جات، ادویہ سازی، کیمیکلز، ٹیکسٹائل، غذائی اشیا کی تیاری، انجینئرنگ، قابلِ تجدید توانائی اور رسد جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے بھارتی کمپنیوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کا خیرمقدم کیا۔

دونوں فریقوں نے قابلِ تجدید توانائی، گرین ہائیڈروجن، ادویہ سازی، کھاد، ٹیکسٹائل، آٹوموبائل کے پرزہ جات اور ڈیجیٹل تبدیلی کے شعبوں میں صنعتی شراکت داری اور مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مالیاتی ٹیکنالوجی (فن ٹیک) کے شعبوں میں دونوں ملکوں نے بھارت کے یو پی آئی کو مصر کے انسٹا پے سے منسلک کرنے کے امکانات، برآمدات کو فروغ دینے میں مقامی کرنسیوں میں تجارت کے مثبت کردار اور مصر کی ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے بھارت کے ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر (ڈی پی آئی) سے فائدہ اٹھانے کے امکانات کو تسلیم کیا۔

بھارت-مصر مشترکہ تجارتی کمیٹی کے ساتویں اجلاس کے متفقہ کارروائی نامے پر دونوں وزرا نے دستخط کیے۔ مشترکہ تجارتی کمیٹی کا اگلا اجلاس 2028 میں یا اس سے قبل، دونوں فریقوں کی باہمی سہولت کے مطابق طے شدہ تاریخ پر نئی دہلی میں منعقد ہوگا۔

دورے کے پہلے دن، جناب پیوش گوئل نے مصر کے وزیر سرمایہ کاری و خارجہ تجارت ڈاکٹر محمد فرید صالح کے ساتھ چھٹی بھارت-مصر مشترکہ کاروباری کونسل کی میٹنگ اور بھارت-مصر بزنس فورم میں شرکت کی۔ مشترکہ کاروباری کونسل کی میٹنگ میں بھارت اور مصر کی کاروباری برادریوں کے 250 سے زائد نمائندے جمع ہوئے۔ اس میٹنگ کے ذریعے تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے کا موقع ملا۔

بات چیت میں کیمیکلز اور پیٹروکیمیکلز، ادویہ سازی اور صحت کی دیکھ بھال، غذائی اشیا کی تیاری اور زرعی کاروبار، قابلِ تجدید توانائی اور گرین ہائیڈروجن، بنیادی ڈھانچے، بندرگاہوں اور رسد، اطلاعاتی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز، ٹیکسٹائل اور آٹوموبائل کے شعبوں کا احاطہ کیا گیا۔ بھارت-مصر بزنس فورم کے ذریعے مختلف شعبوں میں دستیاب مواقع، سرمایہ کاری کے امکانات اور کاروباری شراکت داری پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ان سرگرمیوں سے اس بات کی اہمیت اجاگر ہوئی کہ دوطرفہ اقتصادی تعلقات کی صلاحیت کو ٹھوس کاروباری نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شرکت ضروری ہے۔

مرکزی وزیر تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل نے 16 نومبر 2026 کو مصر کے وزیر منصوبہ بندی و اقتصادی ترقی ڈاکٹر احمد رُستم کے ساتھ بھارت-مصر اسٹارٹ اَپس فورم میں شرکت کی۔ اس فورم میں دونوں ملکوں کے اسٹارٹ اَپس، انکیوبیٹرز، ایکسلریٹرز، وینچر سرمایہ کاروں اور متعلقہ سرکاری اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس فورم نے بھارت اور مصر کے تقریباً 50 اسٹارٹ اَپس کو اپنے اپنے اختراعی نظام پیش کرنے، تجربات کا تبادلہ کرنے اور متعین شعبوں میں باہمی تعاون کے امکانات تلاش کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔ فورم کے تحت جناب پیوش گوئل نے اسٹارٹ اَپس کے ایک گول میز اجلاس کا انعقاد کیا، جس میں انہوں نے مصر کے وزیر منصوبہ بندی و اقتصادی ترقی ڈاکٹر احمد رستم کے ساتھ بھارتی اور مصری اسٹارٹ اَپس کے نمائندوں سے تبادلۂ خیال کیا۔ بھارتی اسٹارٹ اَپس کے بانیوں نے مصری منڈی کے لیے اپنی مصنوعات اور خدمات پیش کیں اور اس سلسلے میں درکار تعاون کی وضاحت کی، جس میں تقسیم کار شراکت داروں کی تلاش، آزمائشی منصوبے، سرٹیفکیشن اور مقامی سطح پر تیاری شامل ہیں۔ انہوں نے متعلقہ شعبوں میں اپنے مصری ہم منصبوں کے ساتھ بھی تبادلۂ خیال کیا۔

اس دورے کے دوران مرکزی وزیر تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل نے عرب جمہوریہ مصر کے وزیر اعظم ڈاکٹر مصطفیٰ مدبولی سے ملاقات کی۔ انہوں نے مصر کے وزیر سرمایہ کاری و خارجہ تجارت ڈاکٹر محمد فرید صالح، وزیر صنعت انجینئر خالد ہاشم، وزیر خارجہ، بین الاقوامی تعاون اور بیرونِ ملک مقیم مصری شہریوں کے امور ڈاکٹر بدر عبدالعاطی، وزیر منصوبہ بندی و اقتصادی ترقی ڈاکٹر احمد رستم اور وزیر ٹرانسپورٹ لیفٹیننٹ جنرل انجینئر کامل وزیر کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔

بات چیت میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے، صنعتی تعاون کو فروغ دینے، کاروباری روابط کو آسان بنانے اور باہمی دلچسپی کے نئے شعبوں میں مواقع تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ان شعبوں میں بندرگاہوں کو جدید بنانا، جہاز سازی، نئے سرے سے اور موجودہ ہوائی اڈوں کی توسیع و ترقی، نیز کم لاگت والے معیاری میٹرو ریل نظام کی تعمیر شامل ہیں۔

وزیر موصوف نے مصر کے سرکردہ کاروباری رہنماؤں اور منتخب مصری کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران سے بھی تبادلۂ خیال کیا، تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری، شراکت داری اور کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے کے امکانات تلاش کیے جا سکیں۔

اس دورے کے تحت بھارتی کاروباری وفد نے افریقی ایکسپورٹ-امپورٹ بینک (افریکسِم بینک) کے نمائندوں کے ساتھ بھی تبادلۂ خیال کیا۔ بات چیت میں بینک کے اقدامات اور اس کے ساتھ تعاون کے ممکنہ شعبوں کا احاطہ کیا گیا، جن میں منصوبوں کی تیاری، منصوبوں کے لیے مالی اعانت، مشاورتی خدمات اور سرمایہ جاتی منڈیاں، برآمدات کا فروغ، صنعتی پارک اور افریقہ ٹریڈ گیٹ وے شامل ہیں۔ اس تبادلۂ خیال سے افریقی منڈیوں میں بھارتی کاروباری اداروں کی سرگرمیوں کو آسان بنانے اور بینک کے ساتھ تعاون کے ممکنہ شعبوں کی نشاندہی کرنے کے راستے تلاش کرنے کا موقع ملا۔

جناب پیوش گوئل نے مصری جونیئر بزنس مین ایسوسی ایشن (ای جے بی اے) کے ارکان، مصر میں کاروبار کرنے والی بھارتی کمپنیوں اور ان کے ساتھ آئے ہوئے بھارتی کاروباری وفد کے نمائندوں سے بھی تبادلۂ خیال کیا۔ مصری جونیئر بزنس مین ایسوسی ایشن میں مصر کے سرکردہ خاندانی کاروباری اداروں سے وابستہ دوسری اور تیسری نسل کے کاروباری افراد شامل ہیں۔ اس ملاقات میں کاروباری روابط کو مضبوط بنانے، شراکت داری کو فروغ دینے اور دوطرفہ کاروباری تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

اس دورے کے دوران وزیر موصوف نے 14 نومبر 2026 کو مصر میں انڈین کمیونٹی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب میں بھارتی برادری اور وہاں کی بھارتی کاروباری برادری کے ارکان سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے عوام اور کاروباری برادریوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے میں بھارتی برادری کے کردار کو سراہا۔

مصری رہنماؤں اور کاروباری برادری کے ارکان کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران جناب پیوش گوئل نے انہیں گاندھی نگر، گجرات میں منعقد ہونے والے وائبرنٹ گجرات سمٹ 2027 اور 4 سے 9 فروری 2027 تک نئی دہلی میں منعقد ہونے والے بھارت موبیلٹی 2027 میں شرکت کی دعوت دی۔

بھارت اور مصر کے درمیان دیرینہ تاریخی، تہذیبی اور سفارتی تعلقات ہیں۔ 2023 میں شروع کی گئی بھارت-مصر اسٹریٹجک شراکت داری نے تجارت، سرمایہ کاری، صنعت اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔ اس دورے سے دونوں ملکوں کے اس مشترکہ عزم کی توثیق ہوئی کہ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، صنعتی شراکت داری، اختراع اور کاروباری اداروں کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کیا جائے۔

 

****

 (ش ح ۔رک)

U. No.7761


(ریلیز آئی ڈی: 2337280) وزیٹر کاؤنٹر : 20