ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

 چیتے کا تحفظ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات  کی تخفیف کا مؤثر ذریعہ بن سکتا ہے: انطالیہ (ترکیہ) میں یو این ایف سی سی سی، کوپ 31 کے موقع پر مرکزی وزیر برائے ماحولیات کا اظہار خیال


ہندوستان کا ٹائیگر کنزرویشن ماڈل  سے یہ اجاگر ہے کہ جنگلی جانوروں کا تحفظ کاربن جذب کرنے والے قدرتی ذخائر، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی صلاحیت اور مقامی برادریوں کے ذریعہ معاش کو مضبوط بنا سکتا ہے: جناب بھوپیندر یادو

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 17 NOV 2026 1:04AM by PIB Delhi

انطالیہ (ترکیہ)،  16 نومبر 2026

مرکزی وزیر ماحولیات، جنگلات اور  ماحولیاتی تبدیلی جناب بھوپیندر یادو نے آج موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے اور ماحولیاتی نظام کی مضبوطی کو بڑھانے میں چیتے کے تحفظ کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے یہ بات اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ 31) کے موقع پر ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقدہ اعلیٰ سطحی وزارتی ضمنی تقریب بعنوان ’’چیتے: موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے میں معاون عوامل‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس  اجلاس کا مشترکہ اہتمام حکومتِ ہند کی وزارتِ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی (ایم او ای ایف سی سی) اور انٹرنیشنل بگ کیٹ الائنس (آئی بی سی اے) نے کیا تھا۔ اس اجلاس میں نیپال، وینزویلا، کمبوڈیا اور سری لنکا سمیت چیتے کے مسکن والے ممالک کے وزراء اور نمائندوں کے علاوہ رامسر کنونشن اور اقوام متحدہ کے کنونشن ٹو کامبیٹ ڈیزرٹیفیکیشن (یو این سی سی ڈی) جیسی بین الاقوامی تنظیموں اور کنونشن کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

اس اجتماع میں معزز شخصیات اور ماحولیاتی تحفظ کے ماہرین نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے، ماحولیاتی نظام کو مستحکم بنانے اور پائیدار ترقی کے فروغ میں چیتے کے تحفظ اور ان کے قدرتی مسکن کے کردار پر تبادلۂ خیال کیا۔ گفتگو کے دوران اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ دنیا میں پائے جانے والے چیتےکی سات اہم انواع اور ان کے قدرتی مسکن کا تحفظ، کاربن سے بھرپور ماحولیاتی نظام کو محفوظ رکھنے، ماحولیاتی خدمات کو مضبوط بنانے، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے اور عالمی موسمیاتی اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ اس موقع پر آئی بی سی اے کے ڈائریکٹر جنرل جناب ایس پی یادو نے انٹرنیشنل بگ کیٹ الائنس (آئی بی سی اے) اور اس کے رکن ممالک میں  چیتے کی موجودہ صورتِ حال پر ایک پریزنٹیشن بھی  دی۔ شرکاء نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں  چیتے کے تحفظ کے لیے ہندوستان کی کوششوں، بالخصوص چیتوں کو دوبارہ ہندوستان میں آباد کرنے کے اقدام  کی بھرپور ستائش کی۔

جناب بھوپیندریادو نے  اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انٹرنیشنل بگ کیٹ الائنس (آئی بی سی اے) کے کردار کو اجاگر کیا، جس کا تصور وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے پیش کیا تھا۔ یہ اتحاد دنیا بھر میں چیتے کے تحفظ کی کوششوں کو  فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلی حیات کی  بازآبادکاری کے سلسلے میں دنیا بھر میں درپیش چیلنجوں کے پیش نظر آئی بی سی اے ہندوستان کے کامیاب تحفظاتی  نمونے کو دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے، علم و تجربات کے تبادلے کو فروغ دینے، بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے اور دنیا بھر میں چیتے کی تمام سات انواع کی بحالی کے لیے صلاحیت سازی کا اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان میں شیروں کے تحفظ کا سفر اس بات کی مثال ہے کہ سیاسی عزم، مضبوط ادارے، مسلسل سرمایہ کاری اور مقامی برادریوں کی شمولیت کس طرح جنگلی حیات کے تحفظ کو ماحولیاتی سلامتی، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی صلاحیت اور پائیدار ترقی کا ذریعہ بنا سکتی ہے۔

مرکزی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ چیتے کا تحفظ کاربن سے بھرپور قدرتی علاقوں کو محفوظ رکھنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ چیتے براہِ راست کاربن جذب نہیں کرتے ، لیکن ان کا تحفظ جنگلات، سبز میدانوں، آبی علاقوں اور پہاڑی ماحولیاتی نظام کو محفوظ رکھنے میں مدد دیتا ہے، جہاں کاربن ذخیرہ ہوتا ہے۔ اس سے قدرتی مسکن کی تباہی کے باعث ہونے والے کاربن کے اخراج کو روکنے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مضبوط بنانے میں بھی مدد ملتی ہے۔ چیتےکلیدی انواع کے طور پر پورے ماحولیاتی نظام کے تحفظ کی کوششوں کو متحرک کرتی ہیں، جس سے ہزاروں دیگر انواع اور ان قدرتی علاقوں پر انحصار کرنے والی مقامی برادریوں کو بھی فائدہ پہنچتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جنگلی  جانوروں کا تحفظ فطرت پر مبنی موسمیاتی اقدامات کا لازمی حصہ ہونا چاہیے، جو کاربن کے اخراج میں کمی کی کوششوں کو تقویت دینے کے ساتھ  یہ حیاتیاتی تنوع، ماحولیاتی نظام اور لوگوں کے ذریعہ معاش کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو۔

جناب  بھوپیندریادو نے فطرت پر مبنی حل کی ایک مثال کے طور پر ہندوستان میں شیروں کے تحفظ کے اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کے تقریباً 85 ہزار مربع کلومیٹر رقبے پر پھیلے ہوئے 58 ٹائیگر ریزرو وسیع جنگلاتی ماحولیاتی نظام اور ان میں ذخیرہ کاربن کو محفوظ رکھتے ہیں۔ یہ قدرتی علاقے کاربن جذب کرنے، پانی کو صاف رکھنے، مٹی کے تحفظ اور زیرِ زمین پانی کی سطح کو دوبارہ بہتر بنانے سمیت کئی اہم ماحولیاتی خدمات فراہم کرتے ہیں۔ ان علاقوں  میں 600 سے زائد ندیاں  بہتی ہیں یا ان کے درمیان سے گزرتی ہیں، جو اہم آبی ذخائر کے طور پر شیروں کے مسکن کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہیں۔ مرکزی وزیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مقامی برادریوں کی شمولیت، ماحول  کے موافق ترقی اور پائیدار ذریعہ معاش سے متعلق اقدامات  سے شیروں کے تحفظ کو سب کے لیے مفید اور دیرپا بنایا  گیاہے۔

جناب  بھوپیندریادو نے شیروں کے تحفظ میں ہندوستان کی کامیابی کو اجاگر کرتے ہوئے اس کا سہرا مسلسل سیاسی عزم، مضبوط قانون سازی اور مستحکم ادارہ جاتی نظام کو دیا۔ انہوں نے کہا کہ وائلڈ لائف (پروٹیکشن) ایکٹ 1972 اور قانونی طور پر قائم ادارے نیشنل ٹائیگر کنزرویشن اتھارٹی (این ٹی سی اے) کی حمایت سے پروجیکٹ ٹائیگر نے ایک مضبوط انتظامی ڈھانچہ فراہم کیا ہے۔ سال 2022 میں ہندوستان میں چیتوں کی تعداد بڑھ کر 3,682 ہو گئی، جو دنیا میں جنگلی چیتوں کی مجموعی تعداد کا 70 فیصد سے زیادہ ہے۔ اس کامیابی میں مرکز اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے مسلسل بجٹ مختص کرنے، جنگلات کے محاذ پر تعینات خصوصی عملے، ٹیکنالوجی کی مدد سے نگرانی، سائنسی بنیاد پر انتظام اور مقامی برادریوں کے تعاون نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پروجیکٹ ٹائیگر کے ذریعے ہر سال تقریباً 60 لاکھ  بامعاوضہ ایام کے برابر روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں، جس سے  چیتوں کا تحفظ ماحول  کے موافق روزگار اور مقامی برادریوں کے ذریعہ معاش کے تحفظ کا ایک اہم ذریعہ بن گیا ہے۔

****

ش ح۔۔ م  ش ع۔ ش ب ن

U-7762


(ریلیز آئی ڈی: 2337282) وزیٹر کاؤنٹر : 15