وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

آسیان-ہندوستان 23ویں سربراہ اجلاس میں وزیر اعظم کے ابتدائی خطاب کا متن

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 17 NOV 2026 12:16PM by PIB Delhi

عزت مآب صدر مارکوس،

عالی مرتبت ،

معززین گرامی،

نمسکار ۔

اپنے آسیان خاندان کے ساتھ ایک بار پھر مل کر مجھے بے حد مسرت ہو رہی ہے۔ آسیان کی کامیاب صدارت اور ہندوستان کے کنٹری کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے اہم کردار ادا کرنے پر، میں صدر مارکوس کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں اور ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

آج اس طرزِ عمل کے تحت آسیان رہنماؤں کے ساتھ یہ میرا تیرہواں تبادلۂ خیال ہے۔ گزشتہ برسوں کے دوران ہماری ایکٹ ایسٹ پالیسی نے ہندوستان اور آسیان کے تعلقات کو نئی رفتار اور مزید گہرائی عطا کی ہے۔ ہماری شراکت داری اب مشترکہ ثقافت اور ورثے سے آگے بڑھ کر ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، دفاع اور خلائی شعبوں میں بھی نئے امکانات سے ہمکنار ہو رہی ہے۔

سال 2014 سے اب تک، ہم نے عوام کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کے لیے 100 سے زیادہ اقدامات کیے ہیں، تقریباً 250 فوری اثرات کے حامل منصوبے شروع کیے ہیں اور ہنرمندی کے فروغ کے لیے 10 ہزار سے زیادہ وظائف فراہم کیے ہیں۔

آج ہندوستان اور آسیان کے نو رکن ممالک کے درمیان براہِ راست فضائی رابطے اور سیاحت میں مسلسل اضافہ بھی ہمارے باہمی روابط اور قربت کا ثبوت ہیں۔

دوستو،

گزشتہ چند برسوں کے دوران دنیا کو یکے بعد دیگرے کئی بحرانوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ آج دنیا کو سب سے زیادہ ضرورت امن، استحکام اور حالات کے بارے میں یقین و اعتماد کی ہے۔ اس تناظر میں، اس سال کا ہمارا موضوع ’’اپنے مستقبل کی راہ مل کر متعین کرنا‘‘ خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔

ہندوستان اور آسیان مل کر دنیا کی تقریباً ایک چوتھائی آبادی کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اسی لیے یہ یقینی بنانا ضروری ہے کہ ہمارا مستقبل مسابقت کے بجائے باہمی تعاون کی بنیاد پر طے ہو۔ ہمارے پاس صلاحیت بھی ہے اور عزم بھی۔ ہم مل کر اس خطے کو امن اور استحکام کی علامت بنا سکتے ہیں۔

دوستو،

 

اس سال آسیان ممالک کا یہ میرا تیسرا دورہ ہے۔ یہ ہندوستان کے لیے آسیان کی خصوصی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ ہمارا پختہ یقین ہے کہ ہندوستان کی ترقی اور آسیان کی خوشحالی ایک دوسرے سے گہرا تعلق رکھتی ہیں۔

آنے والے برسوں میں آسیان کمیونٹی وژن 2045 اور ترقی یافتہ ہندوستان 2047 ہماری مشترکہ امنگوں کو حقیقت کا روپ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

گزشتہ بارہ برسوں کے دوران ہم نے اپنی شراکت داری کو نئی رفتار عطا کی ہے۔ اب ہمیں مل کر اپنے خطے کے مستقبل کو نئی سمت دینی ہے۔ اس شراکت داری میں آسیان کے اتحاد اور مرکزی حیثیت کے تئیں ہندوستان کا عزم غیر متزلزل ہے اور ہمیشہ قائم رہے گا۔

مجھے یقین ہے کہ آج کی یہ میٹنگ ہماری جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچائے گی اور ایک محفوظ، جامع اور خوشحال ہند-بحرالکاہل خطے کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

میں آپ سب کے خیالات اور تجاویز سننے کا منتظر ہوں۔

آپ سب کا بہت بہت شکریہ۔

 

***

ش ح۔ع و۔ م ش

U N-7771


(ریلیز آئی ڈی: 2337326) وزیٹر کاؤنٹر : 13