ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
بھارت اور سویڈن نے کم کاربن اخراج والی صنعتی تبدیلی کو تیز کرنے کے لیے کوپ 31 میں لیڈ آئی ٹی 3.0 کا آغاز کیا؛ برازیل لیڈ آئی ٹی کا نیا رکن ملک بنا
لیڈ آئی ٹی 3.0 میں 2027 سے 2030 کے دوران صنعتی منصوبوں کو وسعت دینے، سرمایہ جمع کرنے اور ٹھوس نتائج حاصل کرنے پر توجہ دی جائے گی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
17 NOV 2026 12:59PM by PIB Delhi
ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے مرکزی وزیر جناب بھوپیندر یادو نے آج ترکیہ کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ 31) کے دوران صنعتی رہنماؤں کی گول میز کانفرنس میں لیڈرشپ گروپ فار انڈسٹری ٹرانزیشن (لیڈ آئی ٹی 3.0) کے تیسرے مرحلے کے آغاز کا اعلان کیا۔ اس گول میز کانفرنس کی مشترکہ صدارت جناب یادو اور سویڈن کی وزارتِ موسمیات و کاروبار کی سکریٹری آف اسٹیٹ محترمہ ہیلینا ڈیرسن نے کی۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے موسمیاتی اقدام کے خصوصی مشیر اور اسسٹنٹ سکریٹری جنرل جناب سیلوِن ہارٹ بھی موجود تھے۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جناب یادو نے کہا کہ جغرافیائی و سیاسی تنازعات، توانائی کی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ اور ترقیاتی ترجیحات کے درمیان مسابقت کے باعث بین الاقوامی تعاون کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے، خاص طور پر ان صنعتی شعبوں میں جہاں کاربن کے اخراج میں کمی لانا مشکل ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ غربت کے خاتمے، توانائی تک رسائی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی سے متعلق بھارت کی ترجیحات کو پائیدار اور کم کاربن اخراج والے مستقبل کی جانب پیش رفت کے ساتھ ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔
بھارت کی موسمیاتی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے بتایا کہ ملک نے 2005 سے 2022 کے درمیان اخراج کی شدت میں 37.38 فیصد کمی حاصل کی ہے اور بجلی کی نصب شدہ صلاحیت میں غیر فوسل ایندھن پر مبنی ذرائع کا حصہ 50 فیصد تک پہنچا دیا ہے، جو مقررہ ہدف سے پانچ سال پہلے حاصل کیا گیا ہے۔بھارت کا اضافی جنگلاتی کاربن ذخیرہ بھی بڑھ کر تقریباً 2.44 ارب ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے مساوی ہو گیا ہے۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں بھارت کی ان کامیابیوں کو حاضرین نے تالیوں کی گونج میں سراہا اور موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جدوجہد میں ملک کے عزم کو دیگر ممالک کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔ جناب ہارٹ اور یوروپی یونین نے ان صنعتی شعبوں سے کاربن کے اخراج میں کمی لانے کے لیے بھارت کی کوششوں کو بھی سراہا جہاں اخراج میں کمی مشکل ہے۔
جناب یادو نے 2019 میں بھارت اور سویڈن کی جانب سے لیڈ آئی ٹی کے آغاز کے بعد سے اس کی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے دوسرے مرحلے کے تحت بھارت-سویڈن صنعتی تبدیلی شراکت داری کے تحت اسٹیل اور سیمنٹ کے شعبوں میں 11 ابتدائی آزمائشی منصوبوں کو سہولت فراہم کی گئی۔ اس کے علاوہ کم کاربن اخراج والی بھاری گاڑیوں کی نقل و حمل کے شعبے میں بھی تعاون کو وسعت دی گئی۔ ان منصوبوں میں ہائیڈروجن کے ذریعے لوہا تیار کرنا، صنعتی حرارت کے لیے بجلی کا استعمال، کاربن کو جمع کرنا اور دوبارہ استعمال میں لانا، سیمنٹ کی تیاری میں کلنکر کی جگہ متبادل مواد کا استعمال، صنعتوں میں وسائل کا گردشی استعمال اور سیمنٹ کی طلب کم کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لیڈ آئی ٹی نے کلائمیٹ انویسٹمنٹ فنڈز کے تحت جنوبی افریقہ کے سرمایہ کاری منصوبے اور کم کاربن اخراج والے سیمنٹ کے سلسلے میں ایتھوپیا کی کوششوں میں بھی تعاون کیا ہے۔

وزیر موصوف نے بتایا کہ لیڈ آئی ٹی کے ارکان کی تعداد بڑھ کر 20 ممالک اور 33 کمپنیوں تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے برازیل کا اس گروپ کے نئے رکن ملک کے طور پر خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس سے عالمی جنوب کی آواز کو مزید تقویت ملے گی اور جنوب-جنوب تعاون کے امکانات بڑھیں گے۔
سال2027 سے 2030 تک جاری رہنے والے لیڈ آئی ٹی 3.0 کے تحت توجہ کا مرکز شراکت داریاں قائم کرنے سے بدل کر صنعتی منصوبوں کو وسعت دینے، سرمایہ جمع کرنے اور ٹھوس نتائج حاصل کرنے پر مرکوز ہو جائے گا۔ اس کے تین اہم ترجیحی شعبے ہوں گے: صنعتی منصوبوں کے ذریعے ٹیکنالوجی کی ترقی اور اسے عام استعمال میں لانا؛ منصوبوں کو مالی اعانت سے جوڑنے کے لیے سرمایہ جمع کرنا اور سرمایہ کاری کے خطرات کم کرنا؛ اور صلاحیت سازی اور پالیسی کی معاونت، جس میں کاربن کی منڈیوں اور افرادی قوت کی منتقلی سے متعلق اقدامات بھی شامل ہوں گے۔ اسٹیل، سیمنٹ اور نقل و حمل اس گروپ کے بنیادی شعبے برقرار رہیں گے، تاہم یہ پلیٹ فارم نئے شعبوں اور ٹیکنالوجیز کے لیے بھی کھلا رہے گا۔
امکانات کے جائزے سے آگے بڑھتے ہوئے آزمائشی منصوبوں، عملی مظاہروں اور کامیاب تجربات کو دوسری جگہوں پر بھی دہرانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے جناب یادو نے ممالک اور کمپنیوں سے اس پہل میں شامل ہونے اور صنعتی تبدیلی سے متعلق اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ لیڈ آئی ٹی 3.0 کا آغاز کوپ 31 کے موقع پر کیا جا رہا ہے، جسے کانفرنس کی صدارت نے ’’عمل درآمد کی کوپ‘‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تبدیلی کے عمل سے محنت کشوں، مقامی برادریوں اور ترقی پذیر معیشتوں کے لیے بھی نئے مواقع پیدا ہونے چاہئے۔ اپنی تقریر کے اختتام پر وزیر موصوف نے عالمی سطح پر صنعتی تبدیلی کو آگے بڑھانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
****
(ش ح ۔رک)
U. No.7773
(ریلیز آئی ڈی: 2337350)
وزیٹر کاؤنٹر : 16