نیتی آیوگ
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے سربراہِ حکومت کے طور پر 25 سال مکمل ہونے پر نیتی آیوگ نے ’’قیادت بطور مشن‘‘ کے موضوع پر پہلی قومی ورکشاپ کا انعقاد کیا


وزیر اعظم کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر پی کے مشرا نے نئی دلی کے بھارت منڈپم میں افتتاحی کلیدی خطاب کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 17 NOV 2026 2:46PM by PIB Delhi

نیتی آیوگ نے آج نئی دلی کے بھارت منڈپم میں ’’قیادت بطور مشن‘‘ کے موضوع پر قومی ورکشاپ کا انعقاد کیا، جس کا مقصد وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے سربراہِ حکومت کے طور پر 25 سالہ دورِ کار کے تجربات اور اس سے حاصل ہونے والے اسباق سے استفادہ کرنا تھا۔ وزیر اعظم نے اکتوبر 2001 میں گجرات کے وزیر اعلیٰ اور مئی 2014 میں ہندوستان کے وزیر اعظم کے طور پر عہدہ سنبھالا تھا اور اس کے بعد سے وہ مسلسل ریاستی اور مرکزی دونوں سطحوں پر حکومت کی قیادت کر رہے ہیں۔ اس پورے عرصے میں انہوں نے عوامی عہدے کو خدمت کے مشن کے طور پر انجام دیا ہے۔ خود کو ’’پردھان سیوک‘‘ یعنی عوام کا سب سے بڑا خادم قرار دینے کا ان کا تصور حکومت کے ہر عہدے اور ہر ادارے کے مرکز میں شہریوں کو رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، انتودیہ، جن بھاگیداری اور ’’سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس، سب کا پریاس‘‘ کے اصولوں نے دونوں سطحوں پر حکمرانی کی سمت متعین کرنے میں رہنمائی کی ہے۔

یہ ورکشاپ پانچ قومی ورکشاپس کے سلسلے کی پہلی کڑی ہے۔ اس سلسلے کے دوران ہونے والی بات چیت اور شرکاء کے براہِ راست تجربات کو کیس اسٹڈیز اور مطالعاتی مواد کی شکل دی جائے گی، تاکہ سول سروسز کے تربیتی اداروں، تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں میں ان سے استفادہ کیا جا سکے۔ اس سلسلے کے دوران گزشتہ 25 برسوں کے تجربات اور ان سے حاصل ہونے والے اسباق کو تحقیق اور تدریسی مواد کے ذریعے بھی آگے بڑھایا جائے گا، جس میں ترقی وکست بھارت  2047 کے ہدف تک پہنچنے کے لیے آنے والے برسوں میں پالیسی سازی اور انتظامیہ کی رہنمائی کرنے والے طریقوں اور سمتوں کو واضح کیا جائے گا۔

اس ورکشاپ میں 900 سے زیادہ افراد نے شرکت کی، جن میں سے 250 نے براہِ راست تبادلۂ خیال میں حصہ لیا۔ شرکاء میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے سکریٹریز اور سینئر افسران، امنگوں والے اضلاع کے ضلع کلکٹرز، تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ، نیز قومی اہمیت کی حامل اہم اسکیموں سے وابستہ کمیونٹی پارٹنرز اور مستفیدین شامل تھے۔ اس پروگرام کی کارروائی آئی جی او ٹی کرم یوگی پلیٹ فارم کے ساتھ ساتھ مرکزی اور ریاستی انتظامی تربیتی اداروں میں بھی براہِ راست نشر کی جا رہی ہے، تاکہ ملک بھر کے افسران اس پروگرام میں شرکت کر سکیں۔

ورکشاپ کا آغاز قومی گیت اور  قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد نیتی آیوگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب انوراگ جین نے استقبالیہ خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ورکشاپ کا مقصد وزیر اعظم کی 25 سالہ قیادت کے تجربات اور اس سے حاصل ہونے والے اسباق کو دستاویزی شکل دینا اور انہیں مستقبل کے لیے ادارہ جاتی علم میں تبدیل کرنا ہے۔

انہوں نے قیادت کے اس سفر سے حاصل ہونے والے چار اہم اسباق کا ذکر کیا۔ پہلا سبق یہ ہے کہ عہدے اور مرتبے کے مقابلے میں مقصد کو زیادہ اہمیت دی جانی چاہیے، تاکہ توجہ انفرادی قیادت کے بجائے مشترکہ اجتماعی مشن پر مرکوز ہو۔ دوسرا یہ کہ حکم چلانے کے بجائے خدمت کو ترجیح دی جانی چاہیے اور حکمرانی کا محور  ہرکسی تک سہولت  اور خدمات پہنچنا ہونا چاہیے۔ تیسرا یہ کہ اندرونی یقین اور پختہ عزم انسان کو مشکلات کا مقابلہ کرنے کی قوت فراہم کرتے ہیں اور نامساعد حالات کو سماجی تبدیلی کے مواقع میں بدلنے میں مدد دیتے ہیں۔ چوتھا یہ کہ حقیقی بااختیار بنانے کا عمل کسی ایک فرد کی قیادت تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ اسے مضبوط اداروں، اہل ٹیموں اور پائیدار نظاموں کے ذریعے مستقل بنیادوں پر جاری رہنا چاہیے۔

نیتی آیوگ کے وائس چیئرمین جناب اشوک کمار لاہڑی نے افتتاحی کلمات پیش کیے۔ انہوں نے کہا  کہ ’’ہندوستان کی ترقی کے سفر کو آگے بڑھانے میں مضبوط سیاسی اور انتظامی قیادت کا کردار نہایت اہم ہے۔ ہمارے معزز وزیر اعظم کا تبدیلی لانے والا وژن 2047 تک ہندوستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کے قومی عزم میں ایک اہم تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ اس بات کا مظہر ہے کہ ملک کس طرح ایک ترقی یافتہ، خوشحال اور عالمی سطح پر مسابقت کی صلاحیت رکھنے والی قوم بننے کی جانب گامزن ہے۔‘‘

انہوں نے 2047 تک 30 سے 40 ٹریلین امریکی ڈالر کی معیشت تشکیل دینے اور فی کس آمدنی 15,000 سے 18,000 امریکی ڈالر تک پہنچانے کے لیے نیتی آیوگ کے مربوط لائحہ عمل کو بھی اجاگر کیا۔ اس مقصد کے حصول کے لیے مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) میں سالانہ 7 سے 10 فیصد کی حقیقی شرح سے مسلسل ترقی کو اہم قرار دیا گیا ہے۔

افتتاحی کلیدی خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر پی کے مشرا نے کہا  کہ ’’ہندوستان میں حکمرانی کا سفر کئی ایسے اہم سنگ میل سے عبارت ہے،  جو فیصلہ کن قیادت کی قوت اور وژن کو عملی شکل دینے کی صلاحیت کو ظاہر کرتے ہیں۔ 2001 کے کچھ زلزلے کے بعد فوری امدادی کارروائیوں سے لے کر کووڈ-19 عالمی وبا کے دوران ملک کے مربوط ردعمل تک، عالمی خلائی معیشت میں ہندوستان کے بڑھتے ہوئے کردار سے لے کر لکھ پتی دیدی پہل کے تبدیلی لانے والے اثرات تک، یہ تمام اقدامات ظاہر کرتے ہیں کہ مضبوط سیاسی عزم، عوام کے تئیں جواب دہ انتظامیہ اور مشن پر مبنی حکمرانی کس طرح لوگوں کی زندگیوں میں بامعنی تبدیلی لا سکتی ہے۔‘‘

کوٹک مہندرا بینک کے بانی جناب ادے کوٹک نے کہا کہ ’’گجرات کے وزیر اعلیٰ اور بعد ازاں ہندوستان کے وزیر اعظم کی حیثیت سے جناب نریندر مودی کی قیادت نے مسلسل اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ صنعت کاری معاشی ترقی اور ملک کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ معاون نظاموں کو ادارہ جاتی شکل دینا، مالیاتی اور کاروباری نظام کو مضبوط بنانا اور اسٹارٹ اَپ کے ایک متحرک ماحول کا فروغ اسی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔‘‘

نیتی آیوگ کے رکن ڈاکٹر آر بالاسبرامنیم نے ورکشاپ کے خاکے اور اس کی ترتیب کی وضاحت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس ورکشاپ میں قیادت کو ان فیصلوں اور اقدامات کے ذریعے سمجھنے کی کوشش کی گئی ہے،  جن سے اس کا عملی اظہار ہوتا ہے۔ آج کی کارروائی کو اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ شرکاء اپنے تجربات سے سیکھنے کے بعد ان کا تجزیہ کریں اور پھر حاصل شدہ اسباق کو عملی طور پر بروئے کار لائیں۔ ورکشاپ کی کارروائی پانچ مراحل پر مشتمل تھی: سیکھنا، تجزیہ کرنا، غور و فکر کرنا، اطلاق کرنا اور عہد کرنا۔ ان مراحل کے تحت شرکاء نے اہم فیصلوں سے متعلق براہِ راست تجربات اور واقعات سے سیکھا، حکومت، تعلیمی شعبے اور شہریوں کی شرکت سے ہونے والے تبادلۂ خیال کے ذریعے ان فیصلوں کا تجزیہ کیا، عوامی قیادت کے دیرپا طور وطریقوں پر غور کیا، اپنے کام کے شعبوں میں درپیش چیلنجوں کے حل کے لیے حاصل شدہ اسباق کو بروئے کار لا ئے  اور اپنی قیادت کے طریقۂ کار میں مخصوص تبدیلیاں لانے کا عہد کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ورکشاپ کا مقصد عوامی قیادت کے حوالے سے ہندوستانی فیصلوں اور اداروں کے تجربات کی بنیاد پر ایک مستند ہندوستانی علمی ذخیرہ تیار کرنا ہے، جو وکست بھارت  2047 کی جانب پیش قدمی کے دوران سرکاری ملازمین کی تربیت اور ان کے قیادت کرنے کے طریقۂ کار کی رہنمائی کرے گا۔

’’قیادت کے اہم لمحات‘‘ کے اجلاس کے دوران چار مقررین نے اہم مواقع سے متعلق اپنے براہِ راست تجربات بیان کیے اور ان سے حاصل ہونے والے قیادت کے اسباق پر روشنی ڈالی۔

گجرات حکومت کے صحت اور خاندانی بہبود کے محکمے کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اور پرنسپل سکریٹری جناب راجیو ٹوپنو نے 2001 کے زلزلے کے بعد کچھ علاقے کی ازسرنو تعمیر کے بارے میں اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ میں 2001  کا زلزلہ محض معمولاتِ زندگی بحال کرنے کی کہانی نہیں تھا، بلکہ عوامی شراکت داری (جن بھاگیداری)، اداروں کی مضبوطی اور اجتماعی عزم کے ذریعے ایک نئی طرزِ زندگی قائم کرنے کی مثال تھا۔ اس تجربے سے مؤثر حکمرانی کے چار اہم ستونوں کی نشاندہی ہوئی: واضح وژن اور فیصلہ کرنے کی صلاحیت، یکجہتی اور عزم، حکومتی تعاون کے ساتھ عوام کی شمولیت اور مضبوط اداروں کی تشکیل ۔

سابق مرکزی سکریٹری صحت، یو پی ایس سی کی سابق چیئرپرسن اور وبائی امراض سے نمٹنے کی تیاری اور ردعمل سے متعلق آزاد پینل کی سابق رکن محترمہ پریتی سودان  نے اس بات پر زور دیا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان کا کووڈ-19 سے نمٹنے کا طریقہ کار پورے حکومتی نظام کی مشترکہ کوشش سے آگے بڑھ کر پورے معاشرے کی ایک اجتماعی تحریک بن گیا۔ ڈاکٹروں، نرسوں اور اگلے محاذ پر کام کرنے والے اہلکاروں کی حفاظت کو ترجیح دی گئی، ٹیکنالوجی کو اس کی بنیاد بنایا گیا اور عوامی شراکت داری کے لیے جن آندولن کے ذریعے لوگوں کو متحرک کیا گیا، جس کے نتیجے میں ہندوستان نے وبا سے نمٹنے کے لیے ایک مربوط کوشش کی۔ ویکسین میتری کے ذریعے ملک نے عالمی یکجہتی کے تئیں اپنے عزم کو مزید آگے بڑھایا اور 100 سے زیادہ ممالک کو تقریباً 30 کروڑ ویکسین کی خوراکیں فراہم کیں۔

حکومت ہند کی دیہی ترقی کی وزارت کے سابق سکریٹری جناب شیلش کمار سنگھ نے کہا کہ ’’لکھ پتی دیدی پہل اس بات کی مثال ہے کہ کس طرح ایک وژن کو غیر معمولی پیمانے پر عملی شکل دی جا سکتی ہے۔ وزیر اعظم نے دیہی خواتین کو کاروباری افراد، پیداوار  کرنے والوں اور خدمات فراہم کرنے والوں کے طور پر تسلیم کیا اور اس پہل کے لیے ایک واضح اور بلند حوصلہ ہدف مقرر کیا۔ لکھ پتی دیدی پہل صرف آمدنی بڑھانے تک محدود نہیں ہے، بلکہ اس کا مقصد خواتین میں معاشی خودمختاری پیدا کرنا، انہیں وقار دلانا اور خاندان اور معاشرے میں ان کی شناخت کو تسلیم کرنا بھی ہے۔ میرے نزدیک اس پہل کا وسیع تر مقصد یہی ہے۔‘‘

اسرو کے سابق چیئرمین اور حکومت ہند کے محکمۂ خلائی امور کے سابق سکریٹری ڈاکٹر ایس سومناتھ  نے بتایا کہ براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کے ضوابط میں نرمی سے نجی شعبے کی شمولیت کے نئے راستے کھلے ہیں، جس سے خلائی شعبہ معیشت میں اہم کردار ادا کرنے کے قابل ہوا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسرو اپنی مہارت، بنیادی ڈھانچے اور سہولتوں کو نجی شعبے کے اداروں کے لیے فراہم کرکے اس تبدیلی کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ مستقبل کے پیش نظر، ہندوستان کا خلائی وژن 2047 ہماری سائنسی صلاحیتوں کو مزید فروغ دے گا اور عالمی خلائی طاقت کے طور پر ہندوستان کی پوزیشن کو مضبوط بنائے گا۔

اس اجلاس کے بعد شرکاء نے کیس کلینک میں حصہ لیا، جہاں ہر گروپ نے اسے تفویض کردہ واقعے سے متعلق ایک مخصوص فیصلے کا جائزہ لیا۔ ہر گروپ میں سرکاری افسران، کمیونٹی پارٹنرز اور طلبہ شامل تھے، جن کی رہنمائی ایک ایسے کیس رائٹر نے کی جسے کیپیسٹی بلڈنگ کمیشن کے امرت گیان کوش اقدام کے تحت تربیت دی گئی تھی۔ گروپوں میں ہونے والی بات چیت اور مقررین کے بیان کردہ براہِ راست تجربات کو کیپیسٹی بلڈنگ کمیشن کیس اسٹڈیز کی شکل دے گا۔ یہ مطالعاتی مواد آئی جی او ٹی کرم یوگی پلیٹ فارم پر دستیاب کرایا جائے گا، تاکہ سرکاری ملازمین، تربیتی ادارے اور یونیورسٹیاں اس سے استفادہ کر سکیں۔

دن کے آخر میں ’’ترقی یا فتہ ہندوستان کے لیے قیادت‘‘ کے موضوع پر ایک پینل مباحثہ منعقد کیا جائے گا اور سرکاری افسران عملی اطلاق سے متعلق کلینک میں حصہ لیں گے۔ کابینہ سکریٹری ڈاکٹر ٹی وی سومناتھن کرم یوگی سنکلپ کا آغاز کریں گے اور اختتامی کلمات پیش کریں گے۔

*****

ش ح۔ ا ع خ۔ ق ر

U.no-7778


(ریلیز آئی ڈی: 2337412) وزیٹر کاؤنٹر : 28