کامرس اور صنعت کی وزارت
مالی سال 2026-27 کے اپریل سے ستمبر کے دوران ہندوستان سے الیکٹرانک اشیا کی برآمدات میں44 فیصد اضافہ، مالیت31.97 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی
اسمارٹ فون کی برآمدات میں35.8 فیصد اضافہ، مالیت18.17 ارب امریکی ڈالر رہی
مالی سال 2026-27 کے اپریل سے ستمبر کے دوران غیر اسمارٹ فون الیکٹرانک اشیا کی برآمدات میں 56.5 فیصد اضافہ، مالیت 13.79 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
17 NOV 2026 3:26PM by PIB Delhi
مالی سال 2026-27 کے اپریل سے ستمبر کے دوران ہندوستان سے الیکٹرانک اشیا کی برآمدات میں44.0 فیصد کا نمایاں اضافہ درج کیا گیا۔ اس مدت میں برآمدات مالی سال 2025-26 کے اسی عرصے کے 22.20 ارب امریکی ڈالر سے بڑھ کر 31.97 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اگرچہ اسمارٹ فون اب بھی الیکٹرانک اشیا کی برآمدات میں سب سے بڑا حصہ رکھتے ہیں، تاہم غیر اسمارٹ فون الیکٹرانک اشیا کی برآمدات میں نسبتاً کہیں زیادہ تیز رفتار اضافہ درج کیا گیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہندوستان کی الیکٹرانک اشیا کی برآمدات کا دائرہ وسیع ہو رہا ہے اور اس میں مختلف اقسام کی اشیا شامل ہو رہی ہیں، جن میں پرزے، پرنٹیڈ سرکٹ بورڈز، مواصلاتی آلات، میموری مصنوعات اور ڈیٹا محفوظ کرنے والے آلات شامل ہیں۔
اسمارٹ فونز (ایچ ایس-85171300) کی برآمدات میں35.8 فیصد اضافہ درج کیا گیا۔ یہ برآمدات مالی سال 2025-26 کے اپریل سے ستمبر کے دوران 13.38 ارب امریکی ڈالر تھیں جو مالی سال 2026-27 کی اسی مدت میں بڑھ کر 18.17 ارب امریکی ڈالر ہو گئیں۔ اسمارٹ فون ہندوستان کی الیکٹرانک اشیا کی برآمدات کا سب سے بڑا حصہ برقرار رہے۔ تاہم، دیگر الیکٹرانک شعبوں میں زیادہ تیز رفتار ترقی کے باعث مجموعی الیکٹرانک اشیا کی برآمدات میں اسمارٹ فونز کا حصہ 60.3 فیصد سے کم ہو کر 56.8 فیصد رہ گیا۔
اسی مدت کے دوران غیر اسمارٹ فون الیکٹرانک اشیا کی برآمدات میں56.5 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا اور یہ8.81 ارب امریکی ڈالر سے بڑھ کر 13.79 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اس کے نتیجے میں مجموعی الیکٹرانک اشیا کی برآمدات میں غیر اسمارٹ فون الیکٹرانک اشیا کا حصہ 39.7 فیصد سے بڑھ کر 43.2 فیصد ہو گیا، جو ہندوستان کی الیکٹرانک اشیا کی برآمدات کے دائرے میں وسعت کی عکاسی کرتا ہے۔
پرزوں اور لوازمات، جن میں نصب شدہ پرنٹیڈ سرکٹ بورڈز (ایچ ایس-84733030) شامل ہیں، کی برآمدات 63.3 ملین امریکی ڈالر سے بڑھ کر 2.10 ارب امریکی ڈالر ہو گئیں، جو 3,219 فیصد کا اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔ سنگاپور ان برآمدات کی سب سے بڑی منزل رہا، جہاں 1.87 ارب امریکی ڈالر کی اشیا برآمد کی گئیں، جبکہ چین کو 111.5 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات کی گئیں۔
اسی طرح، مکمل طور پر تیار اور اجزا سے آراستہ پرنٹیڈ سرکٹ بورڈز (ایچ ایس-85177910) کی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ درج کیا گیا اور یہ 304 فیصد بڑھ کر 213.7 ملین امریکی ڈالر سے 864.1 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں۔ چین ان برآمدات کی سب سے بڑی منزل رہا، جہاں 789.2 ملین امریکی ڈالر کے پرنٹیڈ سرکٹ بورڈز برآمد کیے گئے، جبکہ ہانگ کانگ کو برآمدات 5.9 ملین امریکی ڈالر سے بڑھ کر 25.3 ملین امریکی ڈالر ہو گئیں۔
نیٹ ورک ٹرانسمیشن اور روٹنگ آلات (ایچ ایس-85176290) کی برآمدات تقریباً دوگنی ہو گئیں اور ان میں98 فیصد اضافہ درج کیا گیا۔ یہ برآمدات 732.9 ملین امریکی ڈالر سے بڑھ کر 1.45 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں۔ ہانگ کانگ ان برآمدات میں اضافہ کے حوالہ سے سرفہرست رہا، جہاں برآمدات 264.7 ملین امریکی ڈالر سے بڑھ کر 857.7 ملین امریکی ڈالر ہو گئیں۔ امریکہ اور نیدرلینڈز بھی ان آلات کی اہم برآمداتی منڈیاں رہے، جہاں بالترتیب 130.9 ملین اور 124.4 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات کی گئیں۔
میموری انٹیگریٹڈ سرکٹس (ایچ ایس-85423200) کی برآمدات میں 2,333 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا اور یہ23.1 ملین امریکی ڈالر سے بڑھ کر 562.4 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں۔ ملیشیا 390.8 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات کے ساتھ سب سے بڑی منزل بن کر ابھرا، جبکہ سنگاپور کو 102.4 ملین امریکی ڈالر اور ہانگ کانگ کو 25.2 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات کی گئیں۔
اسی طرح، سالڈ اسٹیٹ نان وولیٹائل اسٹوریج ڈیوائسز (ایچ ایس-85235100) کی برآمدات میں1,680 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا اور یہ 14.6 ملین امریکی ڈالر سے بڑھ کر 260.5 ملین امریکی ڈالر ہو گئیں۔ چین 108.6 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات کے ساتھ سرفہرست منزل رہا، اس کے بعد سنگاپور کو 76.8 ملین امریکی ڈالر، ہانگ کانگ کو 22.3 ملین امریکی ڈالر اور امریکہ کو 20.7 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات کی گئیں۔
ہندوستان کی الیکٹرانک اشیا کی برآمدات میں یہ اضافہ برآمداتی اشیا کے دائرے میں بڑھتے ہوئے تنوع کی عکاسی کرتا ہے۔ غیر اسمارٹ فون الیکٹرانک اشیا کی برآمدات میں زیادہ تیز رفتار اضافہ درج کیا گیا اور مجموعی برآمدات میں ان کا حصہ بھی بڑھا ہے۔ اسمارٹ فون بدستور برآمدات کا سب سے بڑا جزو رہے اور ان کی برآمدات 18.17 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں، تاہم غیر اسمارٹ فون اشیا کے شعبے میں زیادہ مضبوط ترقی درج کی گئی، جس کے نتیجے میں مجموعی الیکٹرانک اشیا کی برآمدات میں اس کا حصہ بڑھ گیا۔
پرنٹیڈ سرکٹ بورڈز، مواصلاتی آلات، میموری انٹیگریٹیڈ سرکٹس اور سالڈ اسٹیٹ اسٹوریج ڈیوائسز کی برآمدات میں توسیع کے ساتھ ساتھ سنگاپور، چین، ہانگ کانگ اور ملیشیا جیسی منڈیوں کو برآمدات میں اضافے سے ہندوستان کی الیکٹرانک اشیا کی برآمدات میں ان شعبوں کے بڑھتے ہوئے تعاون کی عکاسی ہوتی ہے۔
*****
ش ح-ظ الف- ت ع
UR No. 7783
(ریلیز آئی ڈی: 2337429)
وزیٹر کاؤنٹر : 14