لوک سبھا سکریٹریٹ
خواتین کی نمائندگی پنچایتوں سے لے کر پارلیمنٹ تک یقینی بنائی جانی چاہیے؛ ناری شکتی وندن ادھینیم کے نفاذ کے لیے پُرامید ہوں: لوک سبھا اسپیکر
خواتین کی پالیسی سازی اور قانون سازی میں زیادہ سے زیادہ شرکت سے جمہوریت مزید جواب دہ اور شفاف بنے گی: لوک سبھا اسپیکر
اے آئی اور ٹیکنالوجی جمہوری اداروں میں شفافیت، جواب دہی اور کارکردگی کو مضبوط بنا سکتی ہیں: لوک سبھا اسپیکر
خواتین عوامی نمائندوں کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانے اور ان کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے ادارہ جاتی نظام تیار کیا جائے گا: لوک سبھا اسپیکر
لوک سبھا اسپیکر نے بنگلورو میں دولتِ مشترکہ کی خواتین ارکانِ پارلیمنٹ (سی ڈبلیو پی) کی بھارتی خطے کی پہلی کانفرنس کا افتتاح کیا؛ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ اور دیگر معزز شخصیات نے تقریب کی رونق بڑھائی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
17 NOV 2026 3:32PM by PIB Delhi
لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے آج تمام جمہوری اداروں میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ نمائندگی کی ضرورت پر زور دیا۔ جناب برلا نے کہا کہ خواتین کو محض شریکِ کار کے طور پر ہی نہیں بلکہ قیادت، پالیسی سازی اور قانون سازی میں بھی مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ 2023 میں نافذ کیے گئے ناری شکتی وندن ادھینیم کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ لوک سبھا اور ریاستی قانون ساز اسمبلیوں میں خواتین کے لیے 33 فیصد نمائندگی کی گنجائش پر عمل درآمد کی سمت میں پیش رفت ہوگی، جس سے خواتین کی قیادت پنچایتوں سے لے کر پارلیمنٹ تک وسعت اختیار کر سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ کئی ریاستوں میں پنچایتوں اور بلدیاتی اداروں میں خواتین کے لیے پہلے ہی 50 فیصد نمائندگی کا انتظام کیا جا چکا ہے۔ قانون ساز اداروں اور فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شرکت سے ایک مضبوط، زیادہ حساس اور جواب دہ جمہوریت کی تعمیر میں مدد ملے گی۔ خواتین عوامی زندگی میں حساسیت، لگن اور ذمہ داری کا گہرا احساس لے کر آتی ہیں اور یہ خصوصیات معاشرے کی امنگوں اور چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے خاص طور پر اہم ہیں۔ جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے میں خواتین کے کلیدی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے جناب برلا نے کہا کہ پالیسی سازی، قانون سازی اور فیصلہ سازی میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شرکت سے جمہوریت مزید جواب دہ، جامع اور شفاف بنے گی۔ جناب برلا نے یہ باتیں بنگلورو میں دولتِ مشترکہ کی خواتین ارکانِ پارلیمنٹ (سی ڈبلیو پی) کے بھارتی خطے کی پہلی کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے کہیں۔
مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ٹیکنالوجی زندگی کے ہر شعبے میں تبدیلی لا رہی ہیں۔ جناب برلا نے کہا کہ ذمہ داری اور جواب دہی کے ساتھ ان کے استعمال سے حکمرانی کے نظام میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عوامی نمائندوں کو چاہیے کہ وہ شہریوں سے اپنے روابط مضبوط بنانے، ان کے مسائل کو سمجھنے اور ان کے بروقت اور مؤثر حل کو یقینی بنانے کے لیے ٹیکنالوجی اور ای گورننس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ ٹیکنالوجی شفاف، جواب دہ اور مؤثر نظامِ حکمرانی قائم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ پارلیمانی کمیٹیوں کو ’’چھوٹی پارلیمنٹ‘‘ قرار دیتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ ان کمیٹیوں نے خواتین کو درپیش سماجی و اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں اور حکومت کو اہم سفارشات پیش کی ہیں۔ اے آئی اور ٹیکنالوجی ان کمیٹیوں کے نگرانی اور جائزے کے کام کو مزید مضبوط بنا سکتی ہیں اور ان کی کارکردگی کو زیادہ مؤثر بنا سکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں خواتین ارکانِ پارلیمنٹ اور قانون سازوں کی سمجھ بوجھ اور صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے اے آئی اور ٹیکنالوجی پر ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
اسپیکر نے پنچایتوں، بلدیاتی اداروں، ریاستی قانون ساز اسمبلیوں اور پارلیمنٹ میں منتخب خواتین نمائندوں کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے ایک ادارہ جاتی نظام وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پہل کا مقصد پنچایتوں کی سرپنچوں اور بلدیاتی اداروں کی چیئرپرسن سمیت خواتین نمائندوں کو اس قابل بنانا ہونا چاہیے کہ وہ عوام سے رابطے، نگرانی اور حکمرانی میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے اے آئی، ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا مؤثر استعمال کر سکیں۔ جناب برلا نے زور دے کر کہا کہ عوامی نمائندوں کی ٹیکنالوجی کو مؤثر طریقے سے استعمال کرنے کی صلاحیت براہِ راست ان نتائج کے معیار پر اثر انداز ہوگی جو شہریوں، بالخصوص خواتین اور نچلی سطح پر رہنے والے لوگوں تک پہنچائے جاتے ہیں۔ انہوں نے ابھرتی ہوئی قیادت کی رہنمائی اور ان کی قانون سازی اور قائدانہ صلاحیتوں کو مضبوط کرنے کے لیے تجربہ کار خواتین قانون سازوں کی سرپرستی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
جناب برلا نے کہا کہ آزادی کی جدوجہد سے لے کر ملک کی تعمیر تک بھارت کے سفر میں خواتین نے نمایاں کردار ادا کیا ہے اور آج وہ تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی، تحقیق، صنعت و تجارت، کھیل، دفاع، خلائی شعبے اور سیاست سمیت تقریباً ہر میدان میں قیادت کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم خواتین کی معاشی خود انحصاری کے لیے نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں اور سماجی و سیاسی زندگی میں ان کی شرکت کو وسعت دے رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی خواتین کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانا اور ان کے لیے محفوظ ڈیجیٹل ماحول کو یقینی بنانا بھی اہم ترجیحات ہیں۔ کرناٹک کے شاندار جمہوری ورثے کو اجاگر کرتے ہوئے اسپیکر نے بارہویں صدی کے بھگوان بسویشور کے ’انوبھوا منٹپا‘ کا ذکر کیا، جو اس خطے کی جمہوری روایات کی ایک اہم علامت ہے۔ انہوں نے کِتور رانی چنّما کی جرأت اور بہادری کو بھی یاد کیا، جن کی وراثت آج بھی نسلوں کے لیے باعثِ تحریک ہے۔
جناب برلا نے امید ظاہر کی کہ دو روزہ کانفرنس دولتِ مشترکہ کے رکن ممالک کی خواتین ارکانِ پارلیمنٹ اور قانون سازوں کو اپنے تجربات، اختراعات اور بہترین طریقۂ کار کے تبادلے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اتفاقِ رائے اور اختلافِ رائے سمیت مختلف نقطۂ نظر کے تبادلے، مکالمہ اور بحث و مباحثہ جمہوریت کی اصل طاقت ہیں۔ مختلف قانون ساز اداروں کے کامیاب تجربات ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرنے سے جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور پنچایتوں سے پارلیمنٹ تک اختراعی طریقۂ کار کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ کانفرنس کے نتائج پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ خواتین کی قیادت ملک کو ایک زیادہ جامع، متوازن اور منصفانہ معاشرے کی جانب لے جانے میں مددگار ثابت ہوگی۔ اس سے جمہوری ادارے مزید مضبوط، جواب دہ اور نتائج پر مبنی بنیں گے اور معاشرے کے آخری فرد کی آواز بھی سنی جائے گی اور اس کے مسائل کا ازالہ کیا جائے گا۔
اس سے قبل اسپیکر نے کانفرنس میں شریک مندوبین کا خیرمقدم کیا اور دولتِ مشترکہ کی خواتین ارکانِ پارلیمنٹ کی بھارتی کانفرنس کی چیئرپرسن ڈاکٹر ڈی پورندیشوری، کرناٹک کے وزیر اعلیٰ اور کرناٹک قانون ساز اسمبلی اور قانون ساز کونسل کے پریزائیڈنگ افسران کا کانفرنس کے انعقاد کے لیے ان کی پہل اور کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔
سال2047 تک ترقی یافتہ بھارت کے خواب کی تعبیر کی جانب ملک کے سفر میں قوم کے مستقبل کی تشکیل میں خواتین کا کردار اہم ہے: محترمہ ڈی پورندیشوری
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے دولتِ مشترکہ کی خواتین ارکانِ پارلیمنٹ (سی ڈبلیو پی) کے بھارتی خطے کی چیئرپرسن ڈاکٹر دگوباٹی پورندیشوری نے کہا کہ جمہوریت میں خواتین کو بااختیار بنانے کا اندازہ صرف اس بات سے نہیں لگایا جا سکتا کہ کتنی خواتین عوامی عہدوں پر فائز ہیں۔ اس کا اظہار اس صلاحیت سے بھی ہونا چاہیے کہ خواتین قانون ساز مباحثوں میں بامعنی طور پر حصہ لے سکیں، پالیسی سے متعلق فیصلوں پر اثر انداز ہوں، قیادت کا کردار ادا کریں اور ملک کی حکمرانی اور ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں محض نمائندگی یقینی بنانے سے آگے بڑھ کر ایسا سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا، جہاں خواتین پوری خود اعتمادی اور مؤثر انداز میں اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔ ناری شکتی وندن ادھینیم، 2023 کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ قانون خواتین کی سیاسی نمائندگی کو مضبوط بنانے کی سمت ایک تاریخی قدم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون ساز اداروں میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شرکت سے عوامی پالیسیوں اور جمہوری مباحثوں میں وسیع تر نقطۂ نظر، تجربات اور خدشات کو جگہ ملے گی۔
کانفرنس کے موضوع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے دولتِ مشترکہ کی خواتین ارکانِ پارلیمنٹ کے بھارتی خطے کی چیئرپرسن نے کہا کہ کانفرنس میں ہونے والی بات چیت کے نتائج محض قراردادوں اور سفارشات تک محدود نہیں رہنے چاہئے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ صنفی حساسیت کے حامل پارلیمانی اداروں کو مضبوط بنانے اور خواتین عوامی نمائندوں کی قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے ایک ایسا لائحۂ عمل تیار کرنے کی کوشش کی جانی چاہیے جس پر عملی طور پر عمل درآمد کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کے تصور کو حقیقت میں بدلنے کی جانب ملک کے سفر میں قوم کے مستقبل کی تشکیل میں خواتین کا کردار فیصلہ کن ہوگا اور خواتین کی مساوی شرکت، قیادت اور تعاون کے بغیر ترقی یافتہ بھارت کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
کرناٹک کے وزیر اعلیٰ جناب ڈی کے شیوکمار نے کلیدی خطاب کیا۔ اس موقع پر راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین جناب ہری ونش، کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور اور کرناٹک قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر جناب جی ایس پاٹل نے بھی اجتماع سے خطاب کیا۔ کرناٹک قانون ساز کونسل کے چیئرمین جناب سلیم احمد نے استقبالیہ کلمات پیش کیے، جبکہ قانون ساز کونسل کی ڈپٹی چیئرپرسن ڈاکٹر اوما شری نے اظہارِ تشکر کیا۔
بھارت کی پارلیمنٹ اور ریاستی قانون ساز اداروں کی 135 خواتین ارکان اس دو روزہ کانفرنس میں شرکت کر رہی ہیں۔ کانفرنس کا موضوع ہے: ’’مضبوط بنیادیں، توانا آوازیں: شمولیتی سائبر اسپیس اور نئی خواتین قانون سازوں کی رہنمائی کے لیے سرپرستی کے راستے‘‘۔ کانفرنس کے دوران دو مکمل اجلاس منعقد کیے جائیں گے: (i) ’’خواتین کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانا: محفوظ سائبر اسپیس اور دانش مندانہ انتخاب‘‘ اور (ii) ’’خواتین قانون سازوں کی صلاحیت سازی اور سرپرستی‘‘۔ کانفرنس کے وسیع تر مباحثوں کے ساتھ ایک خصوصی پہل کے طور پر، یو این ویمن انڈیا 17 نومبر 2026 کو سنِ یاس (مینوپاز) کے موضوع پر ایک ضمنی اجلاس منعقد کرے گا۔ کانفرنس کا اختتام 18 نومبر 2026 کو کرناٹک کی گورنر ڈاکٹر سدھا یادو کے اختتامی خطاب کے ساتھ ہوگا۔
کانفرنس سے درج ذیل نتائج حاصل ہونے کی توقع ہے:
1. خواتین قانون سازوں کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانے اور ان کے لیے محفوظ اور شمولیتی سائبر اسپیس کی تشکیل سے متعلق تجربات، نقطۂ نظر اور بہترین طریقۂ کار کے تبادلے کو فروغ دینا۔
2. بالخصوص نئی منتخب ہونے والی خواتین قانون سازوں کی رہنمائی، صلاحیت سازی اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے مؤثر نظام اور لائحۂ عمل کی نشاندہی کرنا۔
3. پارلیمانی عمل میں خواتین کی بامعنی شرکت یقینی بنانے کے لیے ادارہ جاتی تحفظات اور طریقۂ کار کو مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لینا۔
4. پارلیمانی قیادت میں خواتین کے کردار کو آگے بڑھانے کے لیے قانون ساز اداروں کے درمیان تعاون اور اشتراک کو فروغ دینا۔
****
(ش ح ۔رک)
U. No.7784
(ریلیز آئی ڈی: 2337439)
وزیٹر کاؤنٹر : 17