ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستان مزاحم  دار ساحلی علاقوں اور سمندروں کے لیے ترقی پذیر چھوٹی جزیرہ ریاستوں کے ساتھ شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے: انطالیہ (ترکیہ) میں سی او پی 31  کے موقع پر جناب بھوپیندر یادو


ہندوستان اور ترقی پذیر چھوٹی جزیرہ ریاستوں کے درمیان تعاون کے لیے چار ترجیحی شعبوں کی نشاندہی: ساحلی خطرات کا جائزہ، ماحولیاتی نظام کی بحالی، قابلِ تجدید توانائی اور صلاحیت سازی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 17 NOV 2026 4:29PM by PIB Delhi

ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے مرکزی وزیر جناب بھوپیندر یادو نے آج علم کے تبادلے، ٹیکنالوجی کے شعبے میں شراکت داری اور عملی تعاون کے ذریعے مضبوط ساحلی علاقوں اور سمندروں کی تعمیر کے لیے ترقی پذیر چھوٹی جزیرہ ریاستوں (ایس آئی ڈی ایس) کے ساتھ ہندوستان کی شراکت داری کو مستحکم بنانے پر زور دیا۔ ترکیہ کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی کے فریم ورک کنونشن (یو این ایف سی سی سی) کے کوپ 31 کے دوران ’’مضبوط ساحلی علاقوں اور سمندروں کے لیے ہندوستان اور ترقی پذیر چھوٹی جزیرہ ریاستوں کی شراکت داری: علم، ٹیکنالوجی اور حل کا تبادلہ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ اعلیٰ سطحی وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے اس بات پر زور دیا کہ صحت مند سمندر اور مضبوط ساحلی علاقے معاشی تحفظ، ماحولیاتی استحکام اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ اس تقریب کا انعقاد دی انرجی اینڈ ریسورسز انسٹی ٹیوٹ (ٹیری) اور حکومتِ ہند کی ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت نے بین الاقوامی شمسی اتحاد (آئی ایس اے) کے اشتراک سے کیا۔ اس میں جزیرہ جاتی ممالک ماریشس، کریباتی اور مارشل جزائر کی وزارتی سطح پر شرکت کے علاوہ حکومتِ فجی، ٹیری اور آئی ایس اے کے سینئر عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

سمندر کی سطح میں اضافے، ساحلی کٹاؤ، سمندروں کے درجۂ حرارت میں اضافے، مرجانی چٹانوں کے سفید پڑنے، شدید طوفانوں اور سمندری آلودگی کے بڑھتے ہوئے چیلنجوں کو اجاگر کرتے ہوئے جناب یادو نے کہا کہ یہ جزیرہ جاتی ممالک کے لیے فوری تشویش کے مسائل ہیں، جو گھروں، بنیادی ڈھانچے، ذرائع معاش اور بعض صورتوں میں ان کے علاقوں میں طویل مدت تک انسانی آبادی کے قیام کی صلاحیت کو متاثر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے وژن اور ’’وسودھیو کٹمبکم‘‘ کے اصول سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے ہندوستان کا ماننا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ اور ترقی کو ساتھ ساتھ آگے بڑھنا چاہیے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت کو عوام، ذرائع معاش اور ماحولیاتی نظام پر مرکوز ہونا چاہیے۔ ساحلی علاقوں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ بنانے کے سلسلے میں ہندوستان کے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے ملک کی تقریباً 11,099 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی اور سائنسی جائزے، ماحولیاتی نظام کے تحفظ، ساحلی پٹی کے انتظام اور آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ساحلی مساکن اور ٹھوس آمدنی کے لیے مینگروو پہل (مشٹی) کا بھی ذکر کیا، جو ساحلی ذرائع معاش کو سہارا دینے کے ساتھ مینگروو کے تحفظ اور ان کی بحالی کو فروغ دیتی ہے۔

وزیر موصوف نے سائنسی بنیادوں پر ساحلی جائزوں، سمندری پیش گوئی اور پیشگی انتباہی نظام کے شعبوں میں ہندوستان کے تجربات کو بھی اجاگر کیا، خصوصاً اڈیشہ اور آندھرا پردیش کی ریاستوں میں حاصل ہونے والے تجربات کو ترقی پذیر چھوٹی جزیرہ ریاستوں کے ساتھ علم کے تبادلے کے لیے اہم قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی شمسی اتحاد (آئی ایس اے)، آفات سے محفوظ بنیادی ڈھانچے کے اتحاد (سی ڈی آر آئی)، مضبوط جزیرہ جاتی ریاستوں کے لیے بنیادی ڈھانچے کے اقدام (آئی آر آئی ایس) اور ہندوستان۔بحرالکاہل جزائر تعاون فورم (ایف آئی پی آئی سی) کے ذریعے ہندوستان قابلِ تجدید توانائی، آفات سے نمٹنے کی تیاری، مضبوط بنیادی ڈھانچے اور مقامی ضروریات کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ہونے کے حل کے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ہندوستان اور ترقی پذیر چھوٹی جزیرہ ریاستوں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے چار ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کرتے ہوئے جناب یادو نے ساحلی خطرات کے جائزے، ساحلی پٹی کی نگرانی اور پیشگی انتباہی نظام کے شعبوں میں اشتراک پر زور دیا۔ ان ترجیحی شعبوں میں ماحولیاتی نظام پر مبنی طریقۂ کار بھی شامل ہیں، جن کے تحت مینگروو کے تحفظ، مرجانی چٹانوں اور سمندری گھاس کے تحفظ، آبی علاقوں کی بحالی اور ساحلی و سمندری وسائل کے پائیدار انتظام پر توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ جزیرہ جاتی حالات کے مطابق ٹیکنالوجی کے شعبے میں شراکت داری، جس کا محور شمسی توانائی سے چلنے والے حل، غیر مرکزی قابلِ تجدید توانائی، آبی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ بنیادی ڈھانچہ ہوگا؛ نیز مشترکہ منصوبوں کی تیاری اور ملکوں کی قیادت میں آزمائشی اقدامات کی معاونت کے لیے ادارہ جاتی شراکت داری اور صلاحیت سازی بھی ان ترجیحی شعبوں میں شامل ہیں۔

وزیر موصوف نے اس بات پر زور دیا کہ تعاون کی رہنمائی ہر ملک کی ترجیحات اور قومی حالات کے مطابق ہونی چاہیے اور حل ان کے جغرافیائی حالات، ماحولیاتی نظام اور ادارہ جاتی صلاحیتوں کے مطابق تیار کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے باہمی سیکھنے سکھانے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ ترقی پذیر چھوٹی جزیرہ ریاستیں غیر معمولی سمندری حیاتیاتی تنوع اور روایتی علم کی نگراں ہونے کے ناطے سمندروں کے بدلتے ہوئے حالات سے ہم آہنگ ہونے کا قیمتی تجربہ رکھتی ہیں۔ جناب یادو نے اعتماد ظاہر کیا کہ اس مکالمے سے تعاون کے ٹھوس مواقع کی نشاندہی کرنے اور اجلاس کے اختتام کے بعد بھی جاری رہنے والی شراکت داریاں قائم کرنے میں مدد ملے گی۔ چھوٹی جزیرہ ترقی پذیر ریاستوں کی ترجیحات اور علم سے سیکھنے کے ساتھ ساتھ اپنے تجربات اور تکنیکی صلاحیتوں کے تبادلے کے لیے ہندوستان کی آمادگی کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے مشترکہ چیلنجوں سے مشترکہ حل کی جانب اور مکالمے سے عملی اقدامات کی طرف بڑھنے کی اپیل کی، تاکہ سمندروں کا تحفظ کیا جا سکے، ساحلی برادریوں کو مضبوط بنایا جا سکے اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور مضبوط مستقبل یقینی بنایا جا سکے۔

*********

 (ش ح ۔ ض ر ۔ت ا )

U. No. 7793


(ریلیز آئی ڈی: 2337542) وزیٹر کاؤنٹر : 11
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil