سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

قبائلی برادریاں حیاتیاتی تنوع کی محافظ رہی ہیں:ڈاکٹر جتیندر سنگھ


ڈاکٹر جتیندر سنگھ کا سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت کے زیر اہتمام ‘جن جاتیہ گورو دوس’ پروگرام سے خطاب

قبائلی علم اور سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (ایس ٹی ای ایم) کی تربیت ہندوستان کی سائنسی ترقی کی سمت متعین کر سکتی ہے: ڈاکٹر جتیندر سنگھ

سستی اور مقامی ضروریات کے مطابق ٹیکنالوجیز قبائلی معیشتوں کو مضبوط بنا سکتی ہیں: مرکزی وزیر

ٹیکنالوجی کا مجموعہ اور قبائلیوں کو بااختیار بنانے کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع (ایس ٹی آئی) سے متعلق کتابچہ جاری کیا گیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 17 NOV 2026 4:52PM by PIB Delhi

سائنس اور ٹیکنالوجی اور ارضیاتی علوم کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) نیز وزیر اعظم کے دفتر، وزارت عملہ، عوامی شکایات اور پنشن، محکمہ جوہری توانائی اور محکمہ خلائی امور کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج اس بات پر زور دیا کہ قبائلی برادریوں کو ہندوستان کے سائنسی اور اختراعی سفر میں شراکت دار اور قائدانہ کردار ادا کرنے والا بنایا جانا چاہیے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ بھگوان برسا منڈا کے یوم پیدائش کی یاد میں منائے جانے والے ‘جن جاتیہ گورو دوس’ کے موقع پر منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس پروگرام کا اہتمام سائنس اور ٹیکنالوجی کے محکمہ (ڈی ایس ٹی) کے سیڈ ڈویژن اور نارتھ ایسٹ سینٹر فار ٹیکنالوجی ایپلی کیشن اینڈ ریچ (نیکٹر) نے کیا تھا۔ اس موقع پر ٹیکنالوجی سے متعلق ایک مجموعہ اور قبائلی برادریوں کو بااختیار بنانے کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع سے متعلق ایک کتابچہ جاری کیا گیا۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ بھگوان برسا منڈا ہندوستان کی جدوجہدآزادی کی عظیم ترین شخصیات میں سے ایک اور قبائلی برادریوں کی جرأت، خودداری اور امنگوں کی علامت ہیں۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ان کی زندگی اور خدمات آج بھی سماجی انصاف، مساوات اور جامع ترقی کی کوششوں کے لیے تحریک کا ذریعہ ہیں۔

وزیر موصوف نے قبائلی برادریوں کو حیاتیاتی تنوع کا محافظ قرار دیا، جو جنگلات، دریاؤں اور پہاڑوں کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ زندگی بسر کرتی ہیں۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ قبائلی علم اور روایات جدید سائنس کے لیے مسلسل تحریک کا ذریعہ بن رہی ہیں، جبکہ ڈجیٹل تعلیم اور سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (ایس ٹی ای ایم) کی تربیت قبائلی نوجوانوں کو ہندوستان کے سائنسی سفر کی قیادت کرنے کے قابل بنا سکتی ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ہنرمندی، رہنمائی، مالی وسائل اور منڈیوں سے روابط کے ذریعے ٹیکنالوجی پر مبنی کاروباری اداروں کو فروغ دیا جانا چاہیے تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور مقامی معیشتیں مضبوط ہوں، بالخصوص شمال مشرقی خطے میں۔

وزیر موصوف نے کہا کہ قبائلی برادریوں کو بااختیار بنانا، خاص طور پر دور دراز اور جغرافیائی اعتبار سے دشوار گزار علاقوں میں رہنے والی برادریوں کو، ‘وکست بھارت @2047’کے ویژن کی تکمیل کے لیے نہایت ضروری ہے۔

مرکزی وزیر نے مقامی حالات کے مطابق ایسی سستی اور قابل رسائی ٹیکنالوجیز کی ضرورت پر زور دیا، جنہیں چلانا اور ان کی دیکھ بھال کرنا آسان ہو۔ سیل انیمیا کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے سی ایس آئی آر-آئی جی آئی بی، ایمس نئی دہلی، سی ایس آئی آر-آئی آئی سی ٹی حیدرآباد، این آئی آئی ممبئی اور دیگر اداروں کی شراکت سے جین تھراپی کے لیے جاری کثیر ادارہ جاتی سی آر آئی ایس پی آر-کیس 9 (سی آری آئی ایس پی آر- سی ایس اے-9 ) کوشش کا حوالہ دیا۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ پروفیسر امیش وی واگھمرے اور سائنس و ٹیکنالوجی کے محکمے نے گزشتہ چند برسوں کے دوران درج فہرست قبائل کی برادریوں کی مدد کے لیے قابلِ ذکر کام کیا ہے۔ انہوں نے 124 نئے پروجیکٹوں کا ذکر کیا، جن سے 75 ہزار سے زائد افراد کو فائدہ پہنچا، جن میں خاص طور پر انتہائی کمزور قبائلی گروپوں (پی وی ٹی جیز) کے ارکان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع (ایس ٹی آئی) کے 25 مخصوص مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ مختلف ریاستوں میں درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے لیے 11 سیل بھی قائم کیے گئے ہیں۔ قدرتی وسائل کے انتظام سے متعلق پروگراموں سے درج فہرست قبائل کی برادریوں کے 20 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوئے ہیں۔

مرکزی وزیر نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے محکمے نے درج فہرست قبائل کی برادری سے تعلق رکھنے والے کم از کم ایک بانی کے ساتھ اسٹارٹ اپس کو فروغ دینے کے لیے ندھی ٹیکنالوجی بزنس انکیوبیٹر (ٹی بی آئی) مراکز قائم کرنے کی غرض سے تجاویز بھی طلب کی ہیں۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ ان برادریوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، جنہیں ابھرنے کے مواقع کا انتظار ہے۔ یہ برادریاں خیرات نہیں بلکہ مواقع میں اپنا جائز حصہ چاہتی ہیں۔ انہوں نے انسپا ئر-مانک پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس میں چھٹی سے بارہویں جماعت تک کے درج فہرست قبائل سے تعلق رکھنے والے (اکیس ہزار ستاسی)21,087 طلبہ نے حصہ لیا، جو مجموعی طور پر ایوارڈ حاصل کرنے والوں کی ایک بڑی تعداد ہے۔

سائنس اور ٹیکنالوجی کے محکمے کے سکریٹری پروفیسر امیش وی واگھمرے نے کہا کہ ‘جن جاتیہ گورو دوس’ ہندوستان کی جدوجہدآزادی اور قومی ترقی میں تعاون دینے والے دیگر قبائلی رہنماؤں کو یاد کرنے اور قبائلی برادریوں کی خدمات کا اعتراف کرنے کا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی برادریوں کے ساتھ مل کر کام کرنا اور سماج کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنا ملک کی پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

حکومت ہند کے پرنسپل سائنسی مشیر پروفیسر اجے سود نے ہندوستان کے مضبوط تحقیقی نظام اور اس کی ٹیکنالوجیز کو بڑے پیمانے پر عوام تک پہنچانے کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔ روٹیگ(آر یو ٹی اے جی) اور رورل اسمارٹ ولیج سینٹرز کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قبائلی برادریاں، خواتین اور مقامی کاروباری افراد ٹیکنالوجی پر مبنی ایسے کاروباری اداروں کی قیادت کر سکتے ہیں، جو روزگار کے ذرائع اور مقامی معیشتوں کو مضبوط بنائیں۔

پروگرام کے ساتھ منعقدہ نمائش میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے محکمے اور نیکٹر کی معاونت سے چلائے جانے والے منصوبوں کے تحت قبائلی برادریوں کے فائدے کے لیے تیار کی گئی اختراعی ٹیکنالوجیز اور اقدامات پیش کیے گئے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے محکمے اور اس پروگرام سے وابستہ تمام اداروں اور متعلقہ فریقوں کو مبارک باد دی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہندوستان کی سائنسی اور تکنیکی ترقی کے ثمرات ملک کے ہر کونے اور سماج کے ہر طبقے تک پہنچانے کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261117165349_92fa03.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261117165358_534d10.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image003_20261117165407_f52b15.jpg

*****

ش ح-ظ الف- ت ع

UR No. 7796


(ریلیز آئی ڈی: 2337556) وزیٹر کاؤنٹر : 14
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil