زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

عالمی خطہ جنوب میں زرعی تعاون اور معلومات کے تبادلے کو فروغ دینے کے لیے آئی سی اے آر اور آر آئی ایس کے درمیان مفاہمت  نامے پر دستخط


دکشِن کے ذریعے شراکت داری کا مقصد زرعی ٹیکنالوجیز، بہترین طور طریقوں، صلاحیت سازی اور باہمی تجربات سے سیکھنے کے عمل کو فروغ دینا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 17 NOV 2026 5:31PM by PIB Delhi

ہندوستانی زرعی تحقیقاتی کونسل (آئی سی اے آر) اور ترقی پذیر ممالک کے لیے تحقیقی و اطلاعاتی نظام (آر آئی ایس) نے عالمی خطہ جنوب کے ممالک کے درمیان زرعی تعاون اور معلومات کے تبادلے کو مضبوط بنانے کے لیے 17 نومبر 2026 کو نئی دہلی میں ایک مفاہمت نامے (ایم او یو) پر دستخط کیے۔ اس مفاہمت نامے  کا تبادلہ محکمہ برائے زرعی تحقیق و تعلیم (ڈی اے آر ای) کے سکریٹری اور آئی سی اے آر کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ایم ایل جٹ اور آر آئی ایس کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر سچن کمار شرما کے درمیان ہوا۔ دکشِن   –  گلوبل ساؤتھ سینٹر آف ایکسی لینس کے ذریعے سہولت فراہم کردہ اس شراکت داری کا مقصد زرعی ٹیکنالوجیز کے تبادلے، بہترین طور طریقوں کو دستاویزی شکل دینے، معلومات کے تبادلے اور صلاحیت سازی کو فروغ دینا ہے۔


https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261117173316_e26fa8.jpg

’’عالمی  خطہ جنوب: ایک نئی اسٹریٹجک شراکت داری کی جانب‘‘ کے موضوع پر اعلیٰ سطحی پالیسی مذاکرات کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے، حکومتِ ہندوستان کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ جناب کیرتی وردھن سنگھ نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی جنوب کو عالمی بیانیے کی تشکیل، اقتصادی لچک کو مضبوط بنانے اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، بالخصوص مصنوعی ذہانت (اے آئی) تک منصفانہ رسائی کو یقینی بنانے میں اپنی اجتماعی آواز کو مزید مضبوط کرنا چاہیے۔ انہوں نے ہندوستان اور افریقہ کے درمیان شراکت داری کو مستحکم بنانے، ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے اور علم کو بامعنی پالیسی نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے نوجوان محققین اور پالیسی سازوں کی فعال شمولیت پر زور دیا۔

نومبر 2023 میں عالمی خطہ جنوب کے دوسرے سربراہ اجلاس میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے پیش کردہ وژن کا حوالہ دیتے ہوئے، وزیر موصوف نے مشترکہ چیلنجوں کے بارے میں مشترکہ نقطۂ نظر تیار کرنے، اقتصادی لچک کو مضبوط بنانے اور سستے، وسیع پیمانے پر قابلِ نفاذ اور مقامی ضروریات سے ہم آہنگ ترقیاتی حل کو فروغ دینے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے روایتی ترقیا تی تعاون سے آگے بڑھ کر مشترکہ ترقی اور باہمی اشتراک سے حل تلاش کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261117173328_24bc63.jpg

محکمہ برائے زرعی تحقیق و تعلیم (ڈی اے آر ای) کے سکریٹری اور ہندوستانی زرعی تحقیقاتی کونسل (آئی سی اے آر) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ایم ایل جٹ نے زرعی تحقیق، تعلیم اور توسیع کے شعبوں میں ایک صدی قدیم اعلیٰ ترین ادارے کے طور پر آئی سی اے آر کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس ادارے کے تحت 114 تحقیقی ادارے، 152 علاقائی تحقیقی مراکز اور 731 کرشی وگیان کیندر (کے وی کے) کام کر رہے ہیں، جبکہ یہ تقریباً 80 زرعی یونیورسٹیوں کے ساتھ تال میل بھی رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آئی سی اے آر نے مختلف ممالک اور اداروں کے ساتھ 74 مفاہمت ناموں پر دستخط کیے ہیں، جن میں سے تقریباً 60 فیصد عالمی خطہ  جنوب کے اداروں کے ساتھ ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image003_20261117173336_c0e3cd.jpg

ڈاکٹر جٹ نے زور دیا کہ آر آئی ایس اور دکشِن کے ساتھ شراکت داری سے جنوب-جنوب تعاون کو مزید تقویت ملے گی، کیونکہ اس کے ذریعے مختلف ممالک میں دستیاب زرعی ٹیکنالوجیز، طور طریقوں، نظاموں، طریقہ ہائے کار اور آلات کے تبادلے اور ان کے استعمال کو فروغ دیا جا سکے گا۔ انہوں نے ممالک کو ایک دوسرے سے جوڑنے کے لیے موزوں زرعی آب و ہوا کے خطوں اور تحقیقی شعبوں کی نشاندہی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے اپریل 2027 کے وسط میں مجوزہ سائنس اینڈ پارٹنرشپ ویک کا ذکر کیا، جس میں عالمی  خطہ جنوب اور شمال کے شرکاء ہندوستان میں جمع ہوں گے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے عالمی خطہ  جنوب اور شمال کے رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی تجویز کا بھی ذکر کیا، تاکہ مانگ  پر مبنی شراکت داریوں کے ذریعے ان کی متعلقہ ضروریات اور دستیاب صلاحیتوں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image004_20261117173344_9e8bd7.jpg

آر آئی ایس کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر سچن کمار شرما نے عالمی خطہ  جنوب کے لیے زراعت کی اہمیت اور معلومات کے تبادلے، باہمی تجربات سے سیکھنے اور تعاون کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) میں زرعی امور سے متعلق مذاکرات کے اپنے تجربے کی روشنی میں انہوں نے کثیر فریقی مذاکرات اور عالمی سطح پر فیصلہ سازی کے عمل میں عالمی خطہ جنوب کے ممالک کی آواز اور ان کے خدشات کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آر آئی ایس کا عالمی جنوب کے ممالک میں ایک مضبوط نیٹ ورک ہے، جبکہ آئی سی اے آر کے پاس زرعی ٹیکنالوجیز، تحقیق اور بہترین طور طریقوں کا وسیع ذخیرہ موجود ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ شراکت داری ہندوستانی ٹیکنالوجیز اور طور طریقوں کو دوسرے ممالک، بالخصوص یکساں زرعی و آب و ہوائی کی صورت حال والے ممالک کے ساتھ بانٹنے میں مدد دے گی، جبکہ شراکت دار ممالک کے تجربات سے باہمی طور پر سیکھنے کے مواقع بھی فراہم کرے گی۔

ہندوستان میں جنوبی افریقہ کے ہائی کمشنر عزت مآب پروفیسر انیل سوکلل نے موجودہ عالمی غیر یقینی صورتِ حال کو عالمی  خطہ جنوب کے لیے ایک فیصلہ کن موقع قرار دیا، جس کے ذریعے وہ کثیر قطبی عالمی نظام کی تشکیل میں اپنی قیادت کا کردار منوا سکتا ہے۔ انہوں نے عالمی نظامِ حکمرانی میں اصلاحات، مضبوط تر کلیدی  شراکت داریوں اور عالمی  خطہ جنوب کے اندر سے علم اور پالیسی سے متعلق نقطۂ نظر کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

ہندوستان میں مملکت اریٹیریا کے سفیر اور ہندوستان میں سفارتی کور کے ڈین عزت مآب جناب الیم تسہائے وولڈیماریم نے ہندوستان اور افریقہ کے درمیان تاریخی یکجہتی کو اقتصادی تعاون، رابطہ کاری، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور نوجوانوں کی شمولیت کے ذریعے بامعنی شراکت داریوں میں تبدیل کرنے کی اہمیت اجاگر کی۔

گیٹس فاؤنڈیشن، ہندوستان کی کنٹری ڈائریکٹر محترمہ ارچنا ویاس نے ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے، صحت کے تحفظ، زراعت اور غذائی نظام، مصنوعی ذہانت اور ادارہ جاتی صلاحیت سازی کو ہندوستان اور افریقہ کے درمیان تعاون کے امید افزا شعبوں کے طور پر نشان زد کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ مؤثر شراکت داریوں کی بنیاد متعلقہ ملک کی اپنی ترجیحات، مشترکہ طور پر منصوبہ بندی اور باہمی تجربات سے سیکھنے کے عمل پر ہونی چاہیے، جبکہ توجہ ایسے حل پر مرکوز ہو جو کم لاگت والے  ہوں اور وسیع پیمانے پر قابلِ نفاذ ہوں۔

دکشِن – گلوبل ساؤتھ سینٹر آف ایکسی لینس کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر راجن سودیش رتنا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دکشِن ملکی ترجیحات، ادارہ جاتی تعاون اور صلاحیت سازی کے ذریعے بات چیت کو عملی شراکت داریوں میں تبدیل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image005_20261117173353_c2f215.jpg

مفاہمت نامے پر دستخط 17 اور 18 نومبر 2026 کو نئی دلی کے انڈیا ہیبی ٹیٹ سینٹر میں دکشِن ڈے 2026 کے موقع پر، حکومت ہند  کی وزارتِ خارجہ کے اشتراک سے آر آئی ایس–دکشِن کے زیرِ اہتمام دو روزہ اعلیٰ سطحی پالیسی مذاکرات کے دوران کیے گئے۔ ان مذاکرات میں سفارت کاروں، پالیسی سازوں، محققین، ترقیاتی شعبے سے وابستہ ماہرین اور تعلیمی و شراکت دار اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی، تاکہ جنوب-جنوب تعاون کو مضبوط بنانے، بالخصوص ہندوستان اور افریقہ کے درمیان فروغ پاتی ہوئی کلیدی  شراکت داری کے مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا جا سکے۔ آئی سی اے آر اور آر آئی ایس کے درمیان یہ اشتراک عالمی جنوب میں زرعی ٹیکنالوجیز، علم، بہترین طور طریقوں اور صلاحیت سازی کے مواقع کے تبادلے کو فروغ دینے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔

 

ش ح۔ ا ع خ۔ ق ر

U.No-7797

 


(ریلیز آئی ڈی: 2337573) وزیٹر کاؤنٹر : 12