وزارت اطلاعات ونشریات
آئی ایف ایف آئی 2026 میں کنڑ اور ٹولو سنیما کا جشن
گریش کسراؤلی کے 50 سالہ فلمی سفر کو نمایاں مقام دیا گیا
گوا، 17 نومبر 2026
گریش کسراؤلی کے سماجی شعور سے لبریز متوازی سنیما سے لے کر عصرِ حاضر کے خاندانی ڈراموں، لوک روایات پر مبنی رزمیہ داستانوں اور دستاویزی فلموں تک کا سفر ، 57واں بین الاقوامی فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) گوا میں کنڑ اور ٹولو سنیما کی مالامال روایات اور تنوع کو نمایاں طور پر پیش کر رہا ہے۔
کنڑ فلمیں:
کانتارا: اے لیجنڈ – چیپٹر1 کی ہدایت کاری رشب شیٹی نے کی ہے اور وہ خود اس فلم میں مرکزی کردار بھی ادا کر رہے ہیں۔ فلم کی کہانی کدمبا دور میں پیش آتی ہے۔ برمے نامی ایک نوجوان جنگل کا باشندہ پڑوسی سلطنت بانگرا میں داخل ہوجاتا ہے، جہاں وہ وہاں کے حکمرانوں کے ہاتھوں جنگل کی برادریوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے ظالمانہ سلوک کو دیکھتا ہے۔ جب شہزادہ کلا شیکھر قبائلی برادریوں پر حملہ کرکے ان کے متعدد افراد کو ہلاک کر دیتا ہے تو برمے انصاف اور دھرم کی خاطر ان کی جدوجہد میں شامل ہو جاتا ہے۔ یہ فلم لوک روایات، عقیدے اور جنگل کی برادریوں کے تحفظ کی جدوجہد کو یکجا کرتی ہے۔ اس فلم کو انڈین پینورما کے مین اسٹریم سنیما سیکشن اور بین الاقوامی مقابلے، دونوں زمروں میں شامل کیا گیا ہے۔
روبی- کیوب: روبی- کیوب کی ہدایت کاری پی شیشادری نے کی ہے۔ اس فلم میں ایک پہاڑی مقام پر مختصر تعطیلات کے دوران ایک خاندان کی تین نسلوں کی کہانی پیش کی گئی ہے۔ ماہرِ نفسیات روہنی اپنی بیٹی چترا کے ذریعے اپنے شوہر مورتی سے دوبارہ ملتی ہے، جن سے اس کے تعلقات منقطع ہو چکے تھے۔ چترا خود بھی اپنی ازدواجی زندگی میں مشکلات کا سامنا کر رہی ہے۔ جب خاندان کے افراد ایک ساتھ وقت گزارتے ہیں تو پرانی رنجشیں اور حل طلب جذبات پھر سے سامنے آنے لگتے ہیں۔ روبک کیوب رشتوں کی پیچیدگیوں کی علامت بن کر سامنے آتا ہے اور یہ دکھاتا ہے کہ صبر اور باہمی سمجھ بوجھ سے لوگ مسائل کا حل تلاش کرکے آگے بڑھ سکتے ہیں۔
دی ہگ آف ایمپٹینس: دی ہگ آف ایمپٹینس کی ہدایت کاری ڈاکٹر پردیپ کنچنورو (ڈاکٹر پردیپ کمار شیٹی کے) نے کی ہے۔ یہ فلم چندر شیکھر کی کہانی بیان کرتی ہے، جن کی جائیداد 2003 میں قرض کی ادائیگی نہ کر پانے کے باعث سلیا کوآپریٹیو بینک نے اپنے قبضے میں لے لی تھی۔ اس کارروائی کو غیر منصفانہ سمجھتے ہوئے وہ قانونی لڑائی شروع کرتے ہیں، جو دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک جاری رہتی ہے۔ مستقل رہائش نہ ہونے کے باعث وہ انصاف کے حصول کی جدوجہد جاری رکھتے ہوئے اپنی گاڑی میں زندگی بسر کرتے ہیں۔ یہ دستاویزی فلم ان کی طویل جدوجہد، تنہائی اور غیر یقینی مستقبل کے باوجود ان کے عزم و حوصلے کی عکاسی کرتی ہے۔
اولیدِدّو سمپیگے ماترا (صرف پھول باقی رہا): اولیدِدّو سمپیگے ماترا (صرف پھول باقی رہا) کی ہدایت کاری ابھیشیک نے کی ہے۔ اس فلم میں منجنا نامی ایک شخص کی کہانی پیش کی گئی ہے، جو اپنی محبوبہ کی یادوں کے سہارے تنہا زندگی گزار رہا ہے، جسے وہ کھو چکا ہے۔ جب اس کی محبوبہ کی تصویر خراب ہو جاتی ہے تو وہ ایک مصور سے رجوع کرتا ہے اور اس سے یادداشت کی بنیاد پر اس کا پورٹریٹ دوبارہ بنانے کی درخواست کرتا ہے۔ تصویر ملنے کے بعد منجنا کی ملاقات ایک پراسرار اجنبی سے ہوتی ہے۔ یہ غیر متوقع ملاقات ماضی کو دیکھنے کے اس کے انداز کو بدل دیتی ہے اور اسے ایک ایسے انجام کی جانب لے جاتی ہے جس کا اس نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔ یہ مختصر فلم محرومی، یادوں اور جذباتی تبدیلی کے موضوعات کو پیش کرتی ہے۔
ٹولو فلمیں:
پیلی چنے :پیلی چنے کی ہدایت کاری انوپما شاردھی نے کی ہے۔ اس فلم میں ایک قبائلی خاتون کی کہانی پیش کی گئی ہے، جو اپنی دادی سے روایتی جڑی بوٹیوں کے ذریعے علاج کا فن سیکھتی ہے۔ اس کی دادی اپنی وفات سے قبل اسے ایک مقدس پتھر دیتی ہے، جس کے بارے میں مانا جاتا ہے کہ اس میں جنگل کے شفابخش علم کا راز پوشیدہ ہے۔ پیلی چنے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی برادری کے لوگوں کی مدد کرتی ہے اور ان کا اعتماد حاصل کر لیتی ہے۔ جب گاؤں کا ایک لالچی ڈاکٹر اور مکھیا اس پتھر کو اپنے قبضے میں لینے کی کوشش کرتے ہیں تو وہ اسے دینے سے انکار کر دیتی ہے۔ یہ فلم روایتی دانش، بہادری اور آباؤ اجداد سے ملنے والے علم کے تحفظ کے موضوعات کو اجاگر کرتی ہے۔ اس فلم کا آئی ایف ایف آئی 2026 میں عالمی پریمیئر ہوگا۔
گریش کسراؤلی پر خصوصی اجلاس:
آئی ایف ایف آئی 2026 میں 21 نومبر کو ’’متوازی سنیما کی اخلاقی کائنات: گریش کسراؤلی کے 50 سال‘‘ کے عنوان سے ایک خصوصی مکالماتی اجلاس کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ اس اجلاس کی نظامت نمن رام چندرن کریں گے۔ اس میں کنڑ فلموں کے معروف ہدایت کار گریش کسراؤلی کے پانچ دہائیوں پر محیط فلمی سفر کا جائزہ لیا جائے گا۔ ان کی پہلی فلم ’گھٹ شردھا‘ سے لے کر ’تبارنا کتھے‘، ’تھائی صاحبہ‘ اور ’دویپ‘ جیسی فلموں تک، کسراؤلی کی فلموں میں سماجی ناانصافی، اخلاقی انتخاب اور سماج کے محروم طبقات کی زندگیوں کو موضوع بنایا گیا ہے۔ اس مکالمے میں ان کے اندازِ بیان اور سنیما و سماجی شعور کے باہمی تعلق کا جائزہ لیا جائے گا۔
***
ش ح۔ م م ع ۔ا ک م
7794:U-No
(ریلیز آئی ڈی: 2337575)
وزیٹر کاؤنٹر : 9