سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
’سماویشی نیتی سنکلپ‘ کے لیے تیاریاں مکمل: سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت دو روزہ محکمہ جاتی سربراہی اجلاس میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے نمائندوں کے استقبال کے لیے تیار
قومی راجدھانی میں 18 اور 19 نومبر کو ہونے والے اجلاس کے لیے وسیع پیمانے پر تیاریاں مکمل
جامع سماجی و معاشی ترقی کے لیے مرکز اور ریاستوں کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے پر توجہ
وزیراعظم نریندر مودی اختتامی اجلاس میں شرکت کریں گے
پالیسی سے متعلق تبادلۂ خیال اور زمینی سطح پر عمل درآمد کو مستحکم بنانے کے لیے 450 سے زائد اضلاع سے 13,500 سے زیادہ آرا حاصل
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
17 NOV 2026 6:06PM by PIB Delhi
سماجی انصاف و جامع ترقی کے موضوع پر قومی سطح پر اہم تبادلۂ خیال کے لیے ماحول سازگار ہونے اور تیاریوں کی تکمیل کے ساتھ ہی سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت دو روزہ محکمہ جاتی سربراہی اجلاس ’سماویشی نیتی سنکلپ‘ میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے نمائندوں، سینئر عہدیداروں اور مندوبین کے استقبال کے لیے تیار ہے۔ یہ اجلاس کل قومی راجدھانی کے سشما سوراج بھون میں شروع ہوگا۔
وزارت نے اس اجلاس کے لیے ضروری تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ اس میں مرکزی حکومت، ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حکومتوں کے نمائندے ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع ہوں گے، جہاں اہم پالیسی ترجیحات پر تبادلۂ خیال، ادارہ جاتی تال میل کو مضبوط بنانے اور فلاحی پروگراموں کے زیادہ مؤثر نفاذ کے لیے غور و خوض کیا جائے گا۔
اجلاس میں مرکز اور ریاستوں کے درمیان مضبوط شراکت داری اور جامع ترقی کے مشترکہ عزم کے ذریعے ’وکست بھارت@2047‘ کے وژن کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
وزیراعظم نریندر مودی پروگرام کے اختتامی اجلاس میں شرکت کریں گے، جہاں تبادلۂ خیال کے نتیجے میں سامنے آنے والے اہم نکات اور مقررہ مدت کے اندر عمل درآمد کے منصوبے پیش کیے جائیں گے۔
سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت کے سکریٹری سدھانش پنت نے کہا کہ یہ محکمہ جاتی سربراہی اجلاس اس نوعیت کے اجلاسوں کے مرحلوں کا تیسرا اجلاس ہے۔ وزیراعظم کے تصور کردہ ان اجلاسوں کا مقصد قومی ترجیحات کے تئیں اجتماعی ذمہ داری کے احساس کو فروغ دینا، تجربات کے تبادلے کو ممکن بنانا اور مرکز و ریاستوں کے درمیان مربوط کوششوں کے ذریعے ترقیاتی نتائج کو تیز کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس کی تیاریوں کے سلسلے میں وزارت نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی انتظامیہ، زمینی سطح پر کام کرنے والے اہلکاروں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ وسیع پیمانے پر مشاورت کی ہے، تاکہ پالیسی سے متعلق تبادلۂ خیال میں عملی تجربات اور نفاذ سے متعلق معلومات کو شامل کیا جا سکے۔
سکریٹری نے کہا کہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنسوں کا ایک سلسلہ منعقد کیا گیا، جبکہ حکومت کے اندر اور باہر کے متعلقہ فریقوں سے چار متعین موضوعاتی شعبوں پر آرا بھی طلب کی گئیں۔
سدھانش پنت نے بتایا کہ اس مشاورتی عمل کو حوصلہ افزا ردعمل ملا اور ملک بھر کے 450 سے زائد اضلاع سے 13,500 سے زیادہ آرا موصول ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ ان قیمتی تجاویز کو اجلاس کے لیے تیار کردہ پس منظر کے نوٹس میں شامل کیا گیا ہے، تاکہ باخبر، مرکوز اور نتائج پر مبنی تبادلۂ خیال کو ممکن بنایا جا سکے۔
سدھانش پنت نے کہا کہ محکمہ جاتی سربراہی اجلاس مرکز اور ریاستوں کو ایک ساتھ آنے، کامیاب طریقۂ کار اور تجربات کا تبادلہ کرنے، نفاذ میں درپیش چیلنجوں کی نشاندہی کرنے اور فلاحی اقدامات کی فراہمی کو مضبوط بنانے کے لیے اختراعی طریقے تلاش کرنے کا ایک اہم ادارہ جاتی پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد تبادلۂ خیال کو قابل عمل حکمت عملیوں میں تبدیل کرنا ہے، جن کے لیے واضح مدت اور مشترکہ ذمہ داریاں متعین ہوں، تاکہ سرکاری پروگراموں کے فوائد ان کے اصل مستفیدین تک مؤثر انداز میں پہنچ سکیں۔
سدھانش پنت نے مزید بتایا کہ دو روزہ اجلاس میں چار اہم موضوعاتی شعبوں پر غور و خوض کیا جائے گا۔ ان میں ’نشہ سے پاک ہندوستان کے لیے منشیات کی روک تھام اور منشیات کی طلب میں کمی کی حکمت عملی پر ازسرنو غور‘، ’ایک ملک، ایک اسکالرشپ پورٹل – قابل رسائی وظائف‘، ’بااختیار طلبہ، ابتدائی مداخلت اور معذوری کے بوجھ میں کمی‘ اور ’وکست بھارت کے لیے سوگمیہ بھارت‘ شامل ہیں۔
سکریٹری نے کہا کہ یہ موضوعات سماجی شمولیت کو مضبوط بنانے، فلاحی اقدامات تک رسائی بڑھانے، ادارہ جاتی نظام کو بہتر بنانے اور معاشرے کے محروم و پسماندہ طبقات کو بااختیار بنانے پر وزارت کی مسلسل توجہ کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں چار علیحدہ موضوعاتی نشستوں اور دو مکمل اجلاسوں کے ذریعے تبادلۂ خیال کیا جائے گا، جس سے متعین موضوعات پر جامع بحث کے مواقع فراہم ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو موضوعاتی نشستوں کے دوران اپنی پیشکشیں پیش کرنے اور مکمل اجلاسوں میں اپنے خیالات اور تجاویز کا اظہار کرنے کے لیے مخصوص مواقع اور وقت دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دو ماہرین بین الاقوامی سطح پر اختیار کیے جانے والے بہترین طریقۂ کار سے متعلق اپنے تجربات اور معلومات بھی پیش کریں گے، جس سے تبادلۂ خیال کو مزید تقویت ملے گی اور پروگراموں کے نفاذ کے لیے اختراعی طریقوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
سدھانش پنت نے کہا کہ اجلاس کی ایک اہم خصوصیت ایک ڈیجیٹل نمائش ہوگی، جس میں وزارت کے اہم اقدامات، نمایاں پروگراموں اور ٹیکنالوجی پر مبنی مداخلتوں کو پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مندوبین کو ’سماویش‘ اور ’ای انودان‘ جیسے مربوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم، زمینی سطح پر کام کاج کے لیے تیار کی گئی موبائل ایپلی کیشنز اور مختلف اسکیموں و پروگراموں کے اثرات کو ظاہر کرنے والی کامیابی کی کہانیوں کا جائزہ لینے کا موقع ملے گا۔
سکریٹری نے کہا کہ اس نمائش میں یہ اجاگر کیا جائے گا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم، تکنیکی مداخلتیں اور زمینی سطح پر اختیار کی جانے والی اختراعات خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے، ادارہ جاتی نظام کو مضبوط کرنے اور فلاحی اقدامات کے زیادہ مؤثر نفاذ میں کس طرح معاون ثابت ہو رہی ہیں۔
سکریٹری نے کہا کہ وزارت کو امید ہے کہ یہ اجلاس شریک ریاستوں کے درمیان خیالات کے بامعنی تبادلے، قابل عمل حکمت عملیوں کی تشکیل اور ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے درمیان باہمی سیکھنے کے عمل کو فروغ دے گا، تاکہ ایک جامع، مساوی اور بااختیار معاشرے کے وژن کو حاصل کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس کے اہم نتائج اور عمل درآمد کے منصوبے، ان کے لیے مقررہ مدت کے ساتھ، وزیراعظم نریندر مودی کے سامنے اختتامی اجلاس میں پیش کیے جائیں گے۔
سکریٹری نے کہا کہ وزیراعظم کی رہنمائی سے مرکز اور ریاستوں کے اجتماعی عزم کو نئی تقویت ملنے اور طے شدہ نتائج کے حصول کے ساتھ ساتھ ’وکست بھارت@2047‘ کے وژن کو آگے بڑھانے کے لیے فیصلہ کن، مربوط اور مقررہ مدت کے اندر کارروائی کو مضبوط بنانے کی توقع ہے۔
سدھانش پنت نے کہا کہ تیاریاں مکمل ہونے کے بعد وزارت تعمیری تبادلۂ خیال، مشترکہ تجربات سے سیکھنے اور زیادہ جامع و بااختیار ہندوستان کے لیے اجتماعی عزم کے دو روزہ اجلاس میں ملک بھر سے نمائندوں کے استقبال کی منتظر ہے۔
***
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 7799 )
(ریلیز آئی ڈی: 2337621)
وزیٹر کاؤنٹر : 9